کورونا وائرس کے لئے قہوہ

کورونا وائرس کا موثر، مجرب روحانی اور طبی علاج

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

محمد عامرخاکوانی:
کورونا وائرس کے حوالے سے تمام تر حفاظتی تدابیرضرور کرنی چاہئیں، اب تو ہر ایک کو وہ احتیاطیں ازبر ہوگئی ہوں گی، بہترین دفاع گھر پر رہنا ، سوشل ڈسٹینس پیدا کرنا اور اپنی قوت مدافعت بہتر رکھنا ہے۔
انہی احتیاطی تدابیر میں اضافہ کلام اللہ کی تلاوت کا بھی کرنا چاہیے، زیادہ سے زیادہ قرآن پاک پڑھا جائے، تلاوت سنی جائے، دعائیں مانگی جائیں۔

قبلہ سرفراز شاہ صاحب کی جانب سے ایک مشورہ آج بعض دوستوں کے توسط سے ملا، ہم قبلہ شاہ صاحب کے ہر مشورے اور رائے کو بہت اہمیت دیتے ، اسے مقدم سمجھتے ہیں، اس لئے فیس بک فرینڈز سے بھی شیئر کر رہا ہوں۔

شاہ صاحب کا فرمانا ہے کہ سورہ تغابُن (پارہ اٹھائیس، رکوع چونسٹھ )کی تلاوت نماز عشا کے بعد کی جائے اور پھر اپنے آپ پر، چاروں طرف پھونک مارلی جائے۔ ان شااللہ نفع بخش ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

دو سال مجھے شدید قسم کی الرجک کھانسی ہوئی، ایسی کہ کھانستے کھانستے بے دم ہوجاتا،ڈاکٹروں کو دکھاتے رہے، مگر معاملہ طویل ہوگیا، انہی دنوں اتفاق سے پنڈی جانا پڑا، وہاں ایک عزیز نے پنڈی صدر کے ایک مشہور حکیم شمیم احمد خان کا بتایا۔ ان کے پاس گیا ، کمال کے نباض لگے، انہوں نے بہت اچھی تشخیص کی، دوائی دی جس سے دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا۔ اس کے بعد ایک آدھ بار پھر مسئلہ ہوا تو حکیم شمیم کی دوائی تیربہدف ثابت ہوئی۔ پھر انہوں نے مجھے ایک قہوہ بتایا، اسے پیتے رہنے سے میرا سانس کا مسئلہ حل ہوا اور الرجی والی کھانسی سے بھی جان چھٹی رہی۔

سادہ سا نسخہ ہے،’’ چٹکی سونف، چٹکی جتنا دارچینی کا ٹکڑا،، ادرک، پودینہ(تازہ یا خشک جو دستیاب ہو) اور تین لونگ‘‘ ۔ انہیں براہ راست چولہے پر گرم پانی میں ڈال کر نہیں ابالنا بلکہ گرم ابلے پانی میں الگ سے دو منٹ ڈال کر دم کرنا ہے، یعنی کسی مگ وغیرہ میں گرم پانی ڈال کر ان چیزوں کو اس میں ڈال کر اوپر سے ڈھانپ دیں، دو منٹ کے بعد ڈھکن اتار کرکسی دوسرے مگ میں چھان کر پی لیں۔ مجھے تو یہ قہوہ بہت مفید لگا۔

ابھی اسی عزیز نے حکیم شمیم احمد خان کا ایک وائس میسج شیئر کیا ہے، انہوں نے حالیہ بحران کے حوالے سے قہوہ کا وہی نسخہ شیئر کیا ہے، صرف اس میں سبز الائچی کا اضافہ کیا ہے۔ جس دوست کو دلچسپی ہو، وہ یہ قہوہ ٹرائی کرے۔ یہ قہوہ تین چار بار استعمال کیا جا سکتا ہے۔ حکیم شمیم کے مشورے کے مطابق دن میں تین بار کھانے کے بعد ایک یا تین کھجوریں بھی استعمال کریں۔ اللہ نے چاہا تو نفع ہوگا۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں