انامیکا شکلا، سائنس ٹیچر، بھارت

ایک ٹیچر جو بیک وقت 25 سکولوں میں پڑھاتی، 1 کروڑ کماتی رہی

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

بھارت میں ایک اسکول ٹیچر کے بیک وقت 25 اسکولوں میں پڑھانے کا انکشاف ہوا ہے جس سے تنخواہ کی مد میں وہ ایک کروڑ روپے کما چکی ہے۔

سرکاری ٹیچر نے ایک ہی وقت میں 25 مختلف اسکولوں سے تنخواہ کی مد میں 1 سال کے دوران ایک کڑور روپے کما لیے جبکہ اسکول ٹیچر کے اس اقدام کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

بھارتی ویب سائٹ ’ انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک سرکاری اسکول کی ٹیچر انامیکا شکلا ایک ہی وقت میں 25 اسکولوں میں بھی نوکری کررہی تھی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق انامیکا شکلا کے ایک ہی وقت میں کئی اسکولوں میں نوکری کا انکشا ف اس وقت سامنے آیا جب تمام سرکاری تدریسی عملے کا ڈیجیٹل ڈیٹا بیس اکٹھا کیا جا رہا تھا۔

محکمہ تعلیم کے مطابق ڈیجیٹل ڈیٹا بیس کے دوران معلوم ہوا کے اتر پردیش کے ایک ضلع میں مختلف ناموں سے 25 اسکولوں میں بحیثیت ٹیچر فرائض انجام دینے والی ایک ہی خاتون ہے۔

اس انکشاف کے بعد انامیکا شکلا کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے اُن کی تنخواہ فوری طور پر روک دی گئی اور اس بات کا پتہ لگایا جا رہا ہے کہ وہ 25 اسکولوں کی تنخواہ وصول کرنے کے لیے ایک ہی بینک اکاؤ نٹ کا استعمال کر رہی تھی یا ایک سے زائد۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انامیکا شکلا ضلع مینی پور کی رہائشی ہے جسے قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا ہے مگر تا حال اُن کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہو ا ہے۔

اتر پردیش کے وزیر برائے بنیادی تعلیم ڈاکٹر ستیش دویدی کا میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ ’ بنیادی محکمہ تعلیم کی جانب سے انامیکاشکلا پر لگے الزامات پر ثبوت ملنے کے بعد سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تعلیمی محکمے سے کرپشن ختم کرنے کے لیے ڈیجیٹل ڈیٹا بیس پر مزید کام جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس میں محکمہ کے آفیسرز بھی ملوث پائے گئے تو اُن کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ، فی الحال محکمہ کی جانب سے انامیکا شکلا کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں ۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں