یادگارِ سکندراعظم اور تحقیقی مرکز

سکندر مقدونوی بمقابلہ پنجابی راجہ پورس

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

تحریر و تصویر/ ڈاکٹر محمد کاشف علی:

سکندر مقدونوی، یونانی دنیا کے عظیم جرنیلوں اور جنگجوؤں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اس نے قبل مسیح میں مغرب سے مشرق تک متعدد جنگیں لڑیں۔ کچھ آسان معرکے تھے اور کچھ بہت جان لیوا۔ اس کی ایک سخت ترین جنگ 326 قبل مسیح میں دریائے جہلم کنارے لڑی گئی۔ یونانی مورخین نے جہلم کو اپنی نگارشات میں دریا ہائیڈا سپس کا نام دیا ہے۔

یہ جنگ پنجاب کے سپوت راجہ پوروا (جس کو یونانی پورس لکھتے ہیں) کے خلاف لڑی گئی۔ پنجاب کا راجہ پورس اگرچہ جنگ ہار گیا لیکن یونانی فوجیوں کے لئے خوف کا پہاڑ کھڑا کر گیا کہ آگے پنجاب کے میدانوں میں شائد اور مشکل مقامات آنے والے ہیں۔ یونانی مورخ جنگ کے بعد پورس کا سکندر سے مکالمہ اپنی کتاب (دی الیگزینڈر کیمپینز) میں تحریر کرتا ہے، جو کچھ یوں تھا:

سکندر: آپ کیا چاہتے ہیں کہ میں آپ کے ساتھ کیسا سلوک کروں؟

پورس: میرے ساتھ بادشاہ کی طرح سلوک کرو۔

سکندر: (خوش ہو کر) آپ کی درخواست منظور ہوگی لیکن کیا ایسی کوئی چیز نہیں ہے جس کی آپ اپنے لئے خواہش کریں؟

پورس: ’سب کچھ ،‘ اس ایک درخواست میں شامل ہے۔

اس مکالمے سے راجہ پورس کی ہمت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ میدانِ جنگ کے قریب سکندر نے جنگ کے بعد دو شہر قائم کئے تھے؛ ایک فتح کی یاد میں اور ایک اپنے گھوڑے کی یاد میں جو باعثِ ضعف اس علاقے میں جان ہار گیا تھا۔

جہلم دریا کے مغربی کنارے جلال پور شریف (ضلع جہلم) کے پاس سکندر نے اپنا جنگی کیمپ قائم کیا تھا جب کہ غالب خیال یہ کیا جاتا ہے کہ دریا کے مشرقی کنارے مونگ (ضلع منڈی بہاؤالدین) کے میدان میں راجہ پورس و سکندر مقدونوی کی فوجیں شمشیر بے نیام ہوئی تھیں۔

یادگارِ سکندراعظم اور تحقیقی مرکز

تحریر کے ساتھ منسلک تصویر ضلع جہلم کی یونین کونسل پنڈ دادنخان کے گاؤں ہیلاں میں قائم ’’یادگارِ سکندراعظم اور تحقیقی مرکز‘‘ کی ہے۔ اس یادگار کا سنگ بنیاد بیسویں صدی کے اخیر میں یونانی معاونت کے ساتھ رکھا گیا تھا۔

کیا ہی اچھا ہوتا کہ سکندر کی یادگار کی بجائے راجہ پورس کی یادگار قائم کی جاتی کہ وہ اپنی دھرتی کا دفاع کر رہا تھا یا کم از کم دونوں کی یادگاریں قائم کی جاتیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں