Robot arrested after elderly woman startled and sent to hospital in Macau

ہیومنائیڈ روبوٹ نے بزرگ خاتون کو ڈرا دیا، ’روبوٹ گرفتار‘

·

مکاؤ میں ایک بزرگ خاتون کو اس وقت اسپتال منتقل کرنا پڑ گیا جب وہ ایک ہیومنائیڈ روبوٹ کو اچانک اپنے پیچھے دیکھ کر خوفزدہ ہو گئیں۔ بعد ازاں پولیس نے روبوٹ کو وہاں سے ہٹا دیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے مذاقاً کہا کہ روبوٹ کو ’گرفتار‘ کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ جمعرات کو پاتانے کے علاقے میں واقع لوک یونگ فا یوئن رہائشی کمپلیکس کے قریب پیش آیا۔ خاتون اس وقت اپنے موبائل فون میں مصروف تھیں کہ اچانک انہوں نے اپنے پیچھے روبوٹ کو دیکھا اور ڈر گئیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون غصے میں روبوٹ کا سامنا کرتی ہیں، اسی دوران دو پولیس اہلکار موقع پر پہنچتے ہیں۔ ایک اہلکار روبوٹ کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر اسے وہاں سے لے جاتا ہے۔

اگرچہ خاتون کو کوئی جسمانی چوٹ نہیں آئی، تاہم خوف کے باعث انہیں احتیاطی طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں انہیں فارغ کر دیا گیا اور انہوں نے اس معاملے پر مزید کارروائی نہیں کی۔

رپورٹس کے مطابق یہ روبوٹ مکاؤ کے ایک تعلیمی مرکز کی ملکیت تھا، جو اسے تشہیری سرگرمیوں کے لیے استعمال کر رہا تھا۔ پولیس نے روبوٹ کو اس کے آپریٹر، جو مقامی طور پر پچاس سالہ شخص ہے، کے حوالے کر دیا اور اسے احتیاط برتنے کی ہدایت کی۔

یہ روبوٹ چینی کمپنی ’یونٹری روبوٹکس‘ کا تیار کردہ ایک جدید دو ٹانگوں والا ماڈل ہے، جس میں لچکدار حرکت، رکاوٹوں سے بچاؤ کی صلاحیت اور جدید کیمرہ سسٹم جیسی خصوصیات شامل ہیں۔

تعلیمی مرکز کے ذمہ دار شخص کے مطابق روبوٹ اس وقت پروگرامنگ اور ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا جا رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ ایک تنگ فٹ پاتھ پر پیش آیا، جہاں خاتون رک کر اپنا فون دیکھ رہی تھیں اور روبوٹ ان کے پیچھے کھڑا تھا۔ اچانک مڑنے پر روبوٹ کی روشنیوں نے انہیں خوفزدہ کر دیا۔

مرکز کے ذمہ دار نے اس واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران اسی روبوٹ کے ساتھ مختلف مقامات پر تشہیری سرگرمیاں کی جا چکی ہیں، تاہم آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے مزید احتیاط برتی جائے گی۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں