ایک بوڑھا لیکن مضبوط درخت

مردوں کا عالمی دن، زندگی کے سائبان اور محافظ ہستیاں


19 نومبر مردوں کا عالمی دن ہے اور اسی لیے خاص ہے۔

جب مجھے یہ بات معلوم نہیں تھی، تو دل میں اکثر یہ خیال آتا تھا کہ اگر ہر سال 8 مارچ کو ’خواتین کا عالمی دن‘ بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے، تو پھر مردوں کا کوئی عالمی دن کیوں نہیں ہے؟

کیا وہ اس اعزاز کے مستحق نہیں؟

یہ سوال اکثر ذہن میں ہلچل مچاتا تھا۔ پھر چند سال قبل معلوم ہوا کہ یہ میری غلط فہمی تھی۔ مردوں کا عالمی دن بھی بالکل منایا جاتا ہے، اور ہر سال منایا جاتا ہے۔ یہ میرے لیے بڑی خوش گوار حیرت کی بات تھی۔

میں خوش قسمت ہوں کہ میری زندگی میں ایسے محرم مرد شامل ہیں جو باوقار اور مہربان ہیں جن کی وجہ سے میری دنیا روشن اور آسان ہے۔ الحمدللہ۔

1. میرے والد صاحب بہترین باپ تھے۔ انہوں نے اولاد کی پرورش اور تربیت کی ذمہ داریاں جس خوش اسلوبی اور محبت سے نبھائیں، ہم سب کو معاشرے اور امت مسلمہ کے لیے حسب توفیق نافع بنانے کی کوشش کی، وہ آج بھی ہمارے لیے ایک بہترین مثال ہے۔

2. میرے میاں، میرے بہترین رفیق حیات اور قابلِ ستائش شوہر ہیں۔ وہ اپنی ازدواجی اور خاندانی ذمہ داریاں جس احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں، وہ قابلِ فخر ہے۔

3. میرے بھائی، مہربان بھی ہیں اور خیال رکھنے والے بھی۔ ان کا وجود ایک طاقت اور سہارا ہے۔

4. میرے بیٹے، جو مجھ سے محبت کرنے والے، میرا احساس کرنے والے، اور میری رائے کو اہمیت دے کر چلنے والے ہیں۔ ان کی فرمانبرداری اور الفت میری سب سے بڑی دولت ہے۔

ان کے علاوہ، میرے چچا اور ماموں ہمارے بزرگ ہیں۔

بھانجے اور بھتیجے بھی میرے محرم ہیں، جو ہمیشہ محبت اور عزت کا رویہ رکھتے ہیں۔ ان سب کا وجود میری زندگی کا ایک قیمتی حصہ ہے۔

یہ دن میرے لیے ان ہستیوں کا شکریہ ادا کرنے کا ہے جو میری زندگی میں محبت، تحفظ اور سکون کا سائبان ہیں۔ اور نہ صرف آج بلکہ ہمیشہ میں ان کی لیے شکر گزار ہوں۔

یہ دن ان تمام مردوں کے نام ہے:

* جو اپنی ذمہ داریاں خلوص نیت سے نبھانے والے ہیں۔

* جو رشتوں کی عزت و قدر کرنے والے ہیں۔

* جو محنتی، ذمہ دار اور اپنے فرائض بہترین طریقے سے سر انجام دے رہے ہیں۔

* جو نہ صرف اپنے گھروں کے لیے بلکہ معاشرے کے لیے بھی ایک مضبوط ستون کی مانند کھڑے ہیں۔

دنیا کو ایسے ہی محرم، مہربان اور ذمہ دار مردوں کی ضرورت ہے جو شفقت و محبت اور عزت و احترام کا ماحول قائم رکھیں۔

اللہ تعالیٰ تمام بہنوں، بیٹیوں کو ایسے ہی مہربان اور شفیق محرم مردوں کا سایہ نصیب فرمائے جن کے دم سے ان کی زندگیوں میں رونقیں اور آسانیاں ہوں۔

یا الہیٰ! میری زندگی کے ان تمام قیمتی مردوں کو سدا سلامت رکھ، انہیں صحت و عافیت عطا کر اور ان کی ہر شر سے حفاظت فرما۔ آمین۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں