"لاڈلے نے کھیلنے کو چاند مانگا، سارا ملک دیدیاگیا”، بلاول زرداری کا دلچسپ خطاب

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان ایسا لاڈلا ہےجوچوری کرتاہے اور سینہ زوری بھی کرتاہے یہ وہ لاڈلا ہے جس نے کھیلنے کو چاند مانگا اور اس کو ملک دے دیا گیا۔

سکھر میں پیپلزپارٹی کے 51ویں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملکی تاریخ میں موجودہ حکومت کا گراف اتنی تیزی سے نیچے آیا کہ 100 دنوں میں لوگوں کا اعتماد اٹھ گیا، عمران خان نے 100 دنوں میں یوٹرن لینے کے سوا کچھ نہیں کیا، عمران خان نے ہر بات پر یوٹرن لیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے احتساب کے نام پر انتقام کا بازار گرم کیا، احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کو بدنام کیا گیا اور خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن ختم کردیا، اس حکومت نے مقدمات کا سامنا کرنے والوں کو وزیر بنا دیا اور ایک اور نااہل سزا یافتہ شخص وزیراعظم کے اختیارات استعمال کررہا ہے جس نے لوگوں کو لوٹا اور زمینیں چھینیں اسے تجاوزات کے خلاف کارروائی کا اختیار دے دیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ تحریک انصاف نے اداروں کو غیر سیاسی کرنے کی بات کی لیکن گائے کے مقدمے میں آئی جی اسلام آباد کو گھر بھیج دیا جب آ پ سیاسی مداخلت میں مصروف تھےاس وقت ایس پی شہید طاہر داوڑ کو اسلام آباد سے اغوا کرلیا گیا اور ان کی مسخ شدہ لاش افغانستان سے ملی۔

بلاول زردار نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جنوبی پنجاب صوبے بنانے کے معاملے پر بھی یوٹرن لیا،100دنوں میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لیے کچھ نہیں کیاگیا، صوبے کا وعدہ جھوٹ نکلا تاہم پیپلزپارٹی اس خواب کی تعبیر تک جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ملک کو ون یونٹ بنانا چاہتے ہیں، پہلے بھی ون یونٹ سے ملک کو نقصان ہوا اور اب پھر وفاق اور اٹھارویں ترمیم پر حملہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اگر فیڈریشن اور اٹھارویں ترمیم کو ضرب لگانے کی کوشش کی گئی تو اسے ناکام بنادیں گے۔

بلاول زرداری نے لاپتہ افراد کی بازیابی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے اب تک کتنے بلوچ بھائیوں کو بازیاب کرایاگیا ،اختر مینگل کے چھ نکات کا کیا ہوا جب اخترمینگل جانتے ہیں کہ عمران خان لاپتہ بلوچوں کی بازیابی کے لیے یوٹرن لیں گے تو وہ اب تک اس حکومت کے اتحادی کیوں ہیں؟

کراچی کے موجودہ حالات پر بلاول زرداری نے کہا کہ کہاں گیا کراچی پیکیج؟ کہاں گیا کراچی کاپانی ؟ تجاوزات کے نام پر لاکھوں لوگوں کو بے روزگار اور بے گھر کردیا پھر بھی کراچی میں پتنگ اور بلا بھائی بھائی ہیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں