فیس بک استعمال کنندگان

جتنے منہ اتنی آئی ڈیز

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

آصفہ عنبرین قاضی

فیس بک پر مختلف مزاج اور طبع کے لوگوں سے واسطہ رہتا ہے۔ جس طرح گفتگو سے خاندان کا پتا چلتا ہے اسی طرح پوسٹ سے مزاج کا۔ یہاں ہر کسی کا انداز الگ ہے۔ ایک وقت تھا جب بے تکی اور بےسروپا پوسٹ کسی طور ہضم نہیں ہوتی تھیں اور میں چپکے سے ایسے افراد کو فیس بک نکالا دے دیتی تھی لیکن اب قوت برداشت بڑھ گئی ہے تو خاموشی سے ایسی پوسٹیں بھی سہہ جاتی ہوں جن کا سر ہوتا ہے نہ پیر۔۔

کچھ لوگوں کا مزاج ان کی پوسٹ سے عیاں ہوتا ہے ، آئیے ! دیکھتے ہیں فرینڈ لسٹ میں عموماً کیسے لوگ پائے جاتے ہیں۔ کیا آپ کا کبھی ان سے واسطہ پڑا؟

1بھلکڑ ۔۔۔۔ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جوریکویسٹ تو بھیج دیتے ہیں لیکن اس کے بعد مجال ہے جو کبھی نظر آ جائیں کیوں کہ ان کو اپنی آئی ڈی کا پاس ورڈ ہی بھول جاتا ہے اور ہم ایک لاوارث آئی ڈی کو اپنی فرینڈ لسٹ میں بھٹو کی طرح زندہ سمجھ رہے ہوتے ہیں۔ آپ کو ان کی ٹائم لائن پر پانچ سال پرانی پروفائل فوٹو کے علاوہ کچھ نظر نہ آئے تو لاش ٹھکانے لگا دیں کیوں کہ اب وہ مرحوم ہیں۔

2۔خاموش تماشائی: ان کا شجرہ نسب صدر ممنون حسین سے ملتا ہے، فیس بک پر چاہے قیامت گزر جائے یہ چوں نہ کریں گے لیکن ہر پوسٹ ضرور دیکھیں گے ، اکثر شکوہ کریں گے کہ وقت ہی نہیں ملتا لیکن آئن لائن کی گرین بتی ان کے سارے من گھڑت جواز گل کر دیتی ہے، یہ بہت میسنے اور سست ترین مخلوق ہونے کی وجہ سے صرف سکرولنگ کرتے رہتے ہیں ۔

3۔ بی جمالو : یہ اخیر فسادی طبیعت کے مالک ہوتے ہیں ، ان کی کسی پوسٹ میں خیر کا عنصر نہیں پایا جاتا ، ہاتھ میں تیلی اور پیٹرول لے کر پھرتے ہیں ، ان باکس میں گھس کر بھی لگائی بجھائی کرتے ہیں، کمنٹس میں لڑائی ہو تو ان کی عید ہو جاتی ہے ، گالیوں والے کمینٹس پر سب سے زیادہ 👍 ان کے نظر آتے ہیں۔ یہ لوگ چلتے پھرتے بم ہوتے ہیں کسی کی بھی پوسٹ پر جا کر پھٹ جاتے ہیں۔

4۔ سرقہ باز : ان کی دیدہ دلیری کو اکیس توپوں کی سلامی ۔ ہمیشہ اسی تاک میں رہیں گے کہ کسی کی اچھی پوسٹ نظر آئے اور یہ چرا کر بھاگ جائیں ، لائک کرنے کی بجائے کاپی پیسٹ میں دل چسپی رکھتے ہیں۔ بڑی بے شرمی سے پوسٹ ایڈٹ کر کے رائٹر کا نام سب سے پہلے غائب کریں گے ، پھر فخر سے سرقه شدہ پوسٹ پر واہ واہ وصولتے پھریں گے، اتنے لائک تخلیق کار کو نہیں ملتے جتنے لٹیرے کو مل جاتے ہیں۔( شاباش یہ تحریر بھی اٹھا لیں)

5۔ دکھی دنیا : سارے جہاں کا درد ان کی وال پر ہوتا ہے ، ٹرکوں کے پیچھے لکھے ہوئے بے وفائی کے سارے اشعار ان کو ازبر ہوتے ہیں ، پوسٹ کے ساتھ ایک خون و خون دل اور سرخ آنکھیں چپکانا کبھی نہیں بھولتے . دسمبر آتے ہی انھیں باقاعدہ دورے پڑنا شروع ہو جاتے ہیں ۔

6۔ ٹھرکی سرکار: یہ پوسٹ پر بعد میں آتے ہیں سب سے پہلے ان باکس میں نحوست پھیلاتے ہیں، شناختی کارڈ نمبر کے علاوہ آپ سے سب کچھ اگلوانے کے درپے ہو جاتے ہیں ، جانتے بوجھتے کہ ڈی پی پر مایا علی ہے، پوچھیں گے ضرور ” یہ آپ ہیں ناں ؟ ” گڈ مارننگ کے گلدستے کبھی نہیں بھولیں گے۔ پوسٹ پڑھ کر ان باکس میں صدقے واری جائیں گے ۔ آپ کے سونے جاگنے کے اوقات بھی انھیں یاد ہوتے ہیں ، ٹھرک ان کی گھٹی میں ہوتا ہے۔ لعنت پھٹکار والی ایموجی صرف ان کی خاطر بنائی گئی ہے 🖐

7۔وی آئی پی: ان کی آنکھیں ماتھے پر ہوتی ہیں اور نظر لائکس پر ۔۔۔ ایسی حقارت سے دوسروں کو دیکھیں گے جیسے فیس بک کے ملک ریاض ہوں۔ کسی کی پوسٹ خود تو لائک نہیں کریں گے لیکن معصوم عوام سے بھتے کی طرح وصولیں گے۔ ان فرینڈ کرنے کی دھمکیاں سب سے زیادہ ان کی وال پر ملیں گی۔ ( صرف دھمکیاں)

8 اخیر تعلیم یافتہ: یہ لوگ رہتے تو کوٹلی ستیاں میں ہیں لیکن بیکن ہاؤس اور سٹی سکول کے پڑھے ہوتے ہیں، اکسفرڈ سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد کنگ ایڈورڈ سے FCPS بھی کرتے ہیں ، ان کی پروفائل پر ہر سال یونیورسٹی تبدیل ہو جاتی ہے۔ کون سی ڈگری ہے جو ان کے پاس نہیں ہوتی۔ لیکن شیف کو جب چیف پڑھتے ہیں تو پتا چل جاتا ہے کہ میٹرک فیل ہیں۔

9 .فارغ لوگ: ان کی تعداد لاکھوں میں ہے، تھوک کے حساب سے پوسٹتے ہیں، ان کی اسٹیٹس دیکھ دیکھ کے دل اوب جاتا ہے . مجال ہے جو ایک بھی عقل و شعور کی بات ان کی وال پر نظر آئے ، ٹھنڈی جگتیں اور چولیں مارنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، کوئی اعتراض کرے تو فیاض الحسن چوہان بن جاتے ہیں۔

10.معتدل مزاج : یہ لوگ معتدل مزاج ہوتے ہیں، اپنی رائے دوسروں پر مسلط نہیں کرتے ، چھچھور پنے. سے کوسوں دور ہوتے ہیں ، سو باتوں کی ایک بات کریں گے۔ ان کی پوسٹ سے ہمیشہ سیکھنے کو ملے گا، یہ اپنے انداز تحریر سے پہچانے جاتے ہیں۔ محبت کرتے ہیں اور محبت بانٹتے ہیں۔ بلا کے بہادر ہوتے ہیں ، ان کے اندر ایک جاوید چودھری ضرور ہوتا ہے اس لیے ہر بات کو افسانوی رنگ دے دیتے ہیں۔۔۔ خود کو صاف گو سمجھتے ہیں لیکن ہوتے منہ پھٹ ہیں۔۔۔۔۔ میرے اور آپ جیسے😎🙊

نوٹ: یہ پوسٹ ازراہ تفنن لکھی، کسی کی دل آزاری کے لیے نہیں ، پڑھ کر مسکرا دیجئے آپ کی فیس بک ویلیو بڑھے گی۔ 😊💓


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں