نوجوان مسلمان خاتون فری لانسر

فری لانسنگ کیسے اور کہاں سے شروع کی جائے؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

ربیعہ فاطمہ بخاری

فری لانسنگ کیسے اور کہاں سے شروع کی جائے؟؟ اردو کونٹینٹ لکھنے والوں کا کوئی scope ہے یا نہیں؟ اگر ہے تو ہم کہاں سے کام لیں؟

دو تین ماہ پہلے میرے لئے بھی یہ سب لاینحل قسم کے سوالات تھے۔ ایسا لگتا تھا کہ فری لانسرز اور ان سے خدمات لینے والے کسی دوسرے سیّارے پہ بستے ہیں ، جہاں کی کوئی خبر، کوئی حوالہ ہم تک نہیں پہنچ پاتا، نہ ہی ہم ان تک پہنچ سکتے ہیں۔

گزرے تقریباً دو ماہ میں فری لانسنگ کی دنیا میں بہت ابتدائی سطح پہ ہی سہی، لیکن قدم رکھ دیا ہے الحمدللّٰہ۔ جو کچھ میں نے یہاں گزرے اس مختصر عرصے میں سیکھا، سوچا آپ سب کے ساتھ بھی شئیر کیا جائے۔

لکھنے والے اور فری لانسرز کی مارکیٹ میں صرف اور صرف لاعلمی اور خوف کا فاصلہ ہے جس دن یہ خوف، یہ بیرئیر آپ نے توڑ لیا، یوں سمجھیں کہ آپ نے آن لائن کمائی کے میدان میں اسی دن پہلاقدم رکھ لیا لیکن یہ کوئی بھی مت تصوّر کر کے اس دنیا میں قدم رکھّے کہ آپ کے ارادہ کرتے ہی آپ پہ ہُن برسنے لگے گا، یا جو بھی فری لانسر ہے، وہ لاکھوں میں کما رہا ہے یا ہر کوئی بےتحاشا کما سکتا ہے، ایسا ہرگز نہیں ہے لیکن یہ ضرور یقین رکھّیں کہ آپ کے نصیب کا رزق آپ کو پہنچ ہی جائے گا ان شاءاللّٰہ۔

انگلش پہ عبور رکھنے والوں کیلئے بہت پیسہ ہے لیکن اس کے ساتھ اگر کمپیوٹر سافٹ وئیر پہ مہارت ہو تب ۔ میں انگریزی پہ مکمّل عبور رکھنے کے باوجود سافٹ وئیر سے نابلد ہونے کی وجہ سے ابھی تک اس میدان میں کچھ بھی نہیں کر پا رہی ۔ بالکل کچھ بھی نہیں۔۔!!

اردو کونٹینٹ رائیٹنگ کا بھی مارکیٹ میں بہت زیادہ کام ہو رہا ہے ۔ یہ الگ بات ہے کہ ہم تک کون پہنچ پاتا ہے یا ہم کس تک پہنچ پاتے ہیں۔ یہ نصیبوں کی بات ہے۔

وہ لوگ جو واقعتاً اردو لکھنے پہ عبور رکھتے ہیں ، ” عبور رکھنا ” کو ذہن میں رکھّیں ۔۔۔ سب سے پہلے تو اپنے آپ کو ذہنی طور پہ تیّار کریں کہ آپ نے آن لائن کام کرنا ہے ۔ اگر اپنی وال پہ ایکٹو ہیں، چند ہزار لوگ آپ کو فالو کرتے ہیں تو ابتداء اپنی وال سے کریں . باقاعدہ اعلان کریں کہ آپ پیڈ کونٹینٹ رائیٹنگ کی طرف جا رہے ہیں/ رہی ہیں۔

اس سے اگلا قدم ، جو سب سے اہم ہے ، وہ ہے فری لانسنگ کے حوالے سے مختلف گروپس جوائن کرنا۔ یہاں فیس بک پہ بہت سارے گروپ ایسے ہیں جہاں فری لانسرز اور ان کی خدمات لینے والے ہر طرح کے لوگ ایڈ ہوتے ہیں ۔ وہاں اپنا تعارف کروائیں ۔ میں چونکہ فی الحال کونٹینٹ رائیٹنگ کی بات کر رہی ہوں تو اسی پہ رہوں گی ۔ باقی سکلز پہ بھی لکھّوں گی ان شاءاللّٰہ۔

صرف ایک بار تعارف کروانا کافی نہیں۔ گروپس کو روز وزٹ کریں ۔ وہاں بہت سے لوگ سروسز لینے کیلئے اشتہار دیتے ہیں. اپنی سکل سے متعلقّہ اشتہار پہ اپنی خدمات پیش کریں ۔ آپ کو شاید ایک بھی جگہ سے کام نہ ملے لیکن یہ پریکٹس جاری رکھیں ۔ اس سے آپ کی گروپ میں پہچان بنتی ہے۔

ہر چند دنوں بعد اپنی سکلز کے تعارف کے ساتھ گروپس میں پوسٹ لگائیں ۔ کوئی نہ کوئی آپ سے ضرور رابطہ کرے گا۔ آج یہیں بات ختم کرتی ہوں۔ زیادہ طویل ہو جائے گا۔ آج کچھ گروپس کے نام دینے لگی ہوں۔ جنہیں آپ جوائن کر کے اپناسفر شروع کر سکتے ہیں ۔ کام آن لائن، Techno X, Online skills, Free lancing with Hisham Sarwar, یہ چند ایک مفید گروپس کے نام ہیں۔ جب آپ ان گروپس کو تلاش کریں گے تو ان جیسے بےشمار گروپس آپ کے سامنے آ جائیں گے۔ ( جاری ہے )


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں