انسانوں کا ہجوم

دنیا کی آبادی آٹھ ارب سے بڑھ گئی

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اقوام متحدہ ۔ 15نومبر ( اے پی پی ، بادبان ) : دنیا کی آبادی آٹھ ارب سے بھی بڑھ گئی ہے۔منگل کی شب دس بجے دنیا کی آبادی آٹھ ارب اڑسٹھ ہزار سے تجاوز کرچکی تھی۔ اس میں تیزی سے مزید اضافہ ہورہا تھا۔ اس سے قبل آج پندرہ نومبر بروز منگل کو دنیا کی آبادی آٹھ ارب ہونے کی خبر جاری کی گئی۔ جبکہ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق اقوام متحدہ نے عالمی یوم آبادی کی مناسبت سے سالانہ آبادی کی رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2030 میں دنیا کی آبادی بڑھ کر ساڑھے 8 ارب، 2050 میں 9.7 ارب اور 2100 میں 10.4 ارب ہوجائے گی۔

رپورٹ میں دنیا کی آبادی 8 ارب پہنچ جانے کو انسانی ترقی کی راہ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔تاہم یہ بھی کہا گیا کہ 1950کے بعد سے عالمی آبادی اب تک کی اپنی سست ترین شرح سے آگے بڑھ رہی ہے، حتی کہ 2020 میں آبادی کی رفتارمیں ایک فیصد کمی آ گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی آبادی کو 7 ارب سے بڑھ کر 8ارب ہونے میں 12 برس لگے اور اس کے9ارب پہنچنے میں تقریباً 15 برس لگیں گے۔ یعنی 2037 تک دنیا کی آبادی 9ارب ہو گی، جو کہ عالمی آبادی میں سست رفتاری سے آگے بڑھنے کی علامت ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2022 میں دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے 2ممالک ایشیا کے تھے۔ رپورٹ کے مطابق 2022 میں 1426ملین آبادی کے ساتھ چین دنیا کی سب سے بڑی آبادی والا ملک جبکہ بھارت کی آبادی اس سے صرف تھوڑی سے کم 1412 ملین تھی۔

اقوام متحدہ نے پیشنگوئی کی ہے کہ سن 2050 تک عالمی آبادی میں ہونے والی مجموعی اضافے کا نصف سے زیادہ صرف 8ممالک تک رہے گاجن میں پاکستان، بھارت، کانگو، مصر، ایتھوپیا، نائجیریا، فلپائن اور تنزانیہ شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق سب سے زیادہ آبادی کے لحاظ سے چین بھارت کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ بھارت 2023 میں دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں