آدھے دھڑ کا حامل قطری نوجوان غانم المفتاح اور امریکی اداکار مورگن فری مین

فیفا ورلڈ کپ 2022 : قطر نے کیسے اسلامی تہذیب کو اجاگر کیا ؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

نگہت سلطانہ

گزشتہ تین چار صدیوں سے ابنِ آدم کے ہزار ٹکڑے کرنے والی مغربی تہذیب سازش و جوڑ توڑ کے "کارنامہ” تک رہتی تو شاید بگاڑ محدود ہی رہتا لیکن شومئی قسمت کہ اس تہذیب نے پینترا بدلا ، چہرے پر ” انسانی حقوق ” کا دلفریب نقاب چڑھایا اور اتری میدان میں ۔۔۔

سب سے پہلے اس نے عورت ذات کے وقار اور لباس کو تار تار کیا "فیشن” اور "جدت” کے نام پر ، ” ترقی و خوش حالی ” کے نام پر ۔۔۔ اس سارے سلسلہ کے دوران میں اس کا واحد مدِّ مقابل اسلامی تہذیب کا نمائندہ علم و تحقیق ، جہاد و اجتہاد اور خدمتِ انسانیت سے دست کش ہوچکا تھا ۔۔۔

اور آج یہ واحد مدِّ مقابل جب ارضِ حجاز پر غلامانہ ذہنیت کے مناظر دکھاتا ہے اور وطنِ عزیز میں سمندر پار آقاؤں کے احکام لے کر سمندر کے اِس طرف نافذ کرتا ہے ، افریقی عرب کے صحراؤں میں مغربی ثقافت کے کانٹے بوتا ہے تو ہمارا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔ مستقبل کے ممکنہ اندھیاروں کے خدشہ سے دل سہم سا جاتا ہے ۔۔۔۔

ہاں مگر ۔۔۔ جب بات کی جائے خلیج فارس کی ۔۔۔ تو اپنے حجم و اثر پذیری کے اعتبار سے بہت بڑا نہ سہی مگر بہرحال ” امید کی کرن "۔۔۔ امتِ مسلمہ کے ماتھے کا جھومر بن کے ابھرا ہے ایک چھوٹا سا خلیجی ملک ۔۔۔ شاباش قطر…
تُو نے ہمیں سر بلند کیا ۔۔۔
تُو نے خدشات کو امید میں بدلا
ہمیں یقین ہوگیا کہ

ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی

ہماری روح جھوم اٹھی ہے اور امت کے بقیہ حصے کو پیغام دیتی ہے کہ

اپنی ملت پر قیاس اقوامِ مغرب سے نہ کر
خاص ہے ترکیب میں قومِ رسولِ ہاشمی

سنو تہذیبِ مغرب کے علم بردارو !!

یاس و نومیدی تمھارے عقائد کا حصہ ہے ۔ تم انسانی روح کو ماں کے پیٹ میں ہی ضائع کرنے کا طبی فتوٰی صادر کرتے ہو جبکہ امید Hope ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ہمارا ایمان ہے کہ جس روح کو رب نے شکمِ مادر میں ٹھہرا دیا، اس کا مالک وہی ہے۔

غانم المفتاح کے والدین کو بھی قبل از پیدائش ڈاکٹرز نے مشورہ دیا کہ بچے کو ضائع کردیا جائے کیونکہ وہ آدھے دھڑ سے محروم ہے۔ لیکن مسلمان تھے والدین ۔۔۔ انھوں نے اللہ پر توکل کیا ، بچے کو ضائع نہیں کیا ۔ آج غانم المفتاح نے اسی نامکمل وجود کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ 2022کی افتتاحی تقریب میں انسانیت کو مکمل فلاح کا پیغام دے دیا۔

تم نے دیکھا نا۔۔۔ امریکی اداکار کے سوال کے جواب میں غانم المفتاح نے نسخہء کیمیا سے حل نکالا اور دنیا کے سامنے رکھ دیا!
تمھارے تھنک ٹینکس انسانیت کو ایل جی بی ٹی پلس +LGBT کی شکل میں ایک اور خوفناک تحفہ دے رہے ہیں جبکہ قطر فیفا ورلڈ کپ 2022 کے چیف سیکیوریٹی آفیسر نے بھرپور اعتماد کے ساتھ اس گند سے ورلڈ کپ ایونٹ کے ماحول کو پاک رکھنے کا اعلان کیا۔۔۔

تمھارے فلاسفرز ، تمھارے دانش ور ایک آنکھ سے دیکھتے ہیں ۔ مدمقابل کا وجود تمھیں گوارا نہیں ، ڈائیلاگ کا تمھارے ہاں رواج ہی نہیں ۔۔۔ جبکہ فیفاورلڈ کپ کے موقع پہ تم نے دیکھا کہ کیسے عالمِ اسلام کے مایہ ناز اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ساتھ عیسائی ، ہندو وغیرہ سبھی کھل کے بحث و مباحثہ کر رہے ہیں اور پھر پانچ سو سے زیادہ افراد روشنی کے سفر میں پہلا قدم بھی رکھ چکے۔

تمھاری تہذیب ماں ، بہن ، بیٹی کو سرمایہ اکٹھا کرنے کا ذریعہ سمجھتی ہے ، لہٰذا ایسے مواقع پر عورت کا جو روپ دنیا دیکھتی ہے کہ لباس سے بالکل عاری ، ایک شوپیس ، شائقین کی نگاہوں کو گرم اور دل کو تسکین دینے کا سامان ۔۔۔۔
مگر اسلامی تہذیب کی شان دیکھو ۔۔۔ دل اور روح کو مسرور کرنے والے مناظر دیکھو ۔۔۔ شائقین کے لئے لگائی گئی کرسیاں گفٹ پیکس سے سجادی گئیں ۔ اسٹیڈیم کے اندر ربِ ذوالجلال کی کبریائی کے اعلان کا روح پرور منظر اور پھر اس کے بندوں کا تمام امتیازات بالائے طاق رکھ کر ایک ہی صف میں زمین پر سجدہ ریز ہو جانا دیکھو ۔۔۔!!

کھیل کے میدان میں معصوم بچوں کے ہاتھوں میں ٹافیوں کی ٹوکریاں ۔۔۔ کیا ان ٹافیوں میں خاص کیمیکل بھرے گئے ہیں؟ جن کا منافع بالواسطہ دنیا کے بڑے ساہوکاروں کی جیب میں جاتا ہے ۔۔۔ یا پھر ٹافیوں کے ریپرز پر کسی خاتون کی برہنہ تصویر ہے؟

ارے نہیں!!
ان ٹافیوں کے ذریعے بھی دنیا کو مکمل خیر و فلاح اور ہر آلائش سے پاک تہذیب کا پیغام دیا جارہا ہے۔

کم از کم 230 ارب ڈالر قطری حکومت فیفا ورلڈ کپ 2022 پر خرچ کرچکی ہے۔ دو مائنس دو برابر زیرو پر ایمان رکھنے والے کہیں گے کہ یہ رقم تو کئی ممالک کے ٹوٹل GDP سے بھی زیادہ ہے۔
مگر ۔۔۔۔

سنو اے ظاہر بینو ! ہمارے نزدیک اسٹیڈیم میں جا بجا آویزاں محسنِ انسانیت صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشاداتِ عالیہ میں سے ایک ایک کی قیمت اس سے کہیں زیادہ ہے ۔ تمھاری نظر سے بھی گزرے ہوں گے یہ پوسٹرز
"کُلُّ مَعرُوفٕ صَدَقَۃٕ ” ۔۔۔Every good deed is a charity
"اتقوا النار ولو بشق تمر فان لم تجد فکلمۃ طیبۃ ۔۔۔Guard yourself from the hellfire even with half of a date in charity if one cannot find it,, then with a kind word…”

وہ جن کے پیٹ میں مسلسل مروڑ رہا فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دوران میں اور جو خفا ہو کر کوریج کرنے بھی نہ پہنچے ، ان سب سے ایک kind word ہم کہنا چاہیں گے اور وہ ہے انسانیت اور تہذیب ۔ جی ہاں ! ہم تسلیم کرتے ہیں کہ آپ نے دنیا کو مشین ایجاد کر کے دی مگر جناب مشین مشین ہے اور انسان انسان ہے۔ انسان سے تہذیب اور انسانیت نکال دی جائے تو اس کی تلافی مشین بھی نہیں کرسکتی اور پھر ہوتا وہی ہے جو ہو رہا ہے کہ انسان اپنی زندگی سے ہی بیزار ہو کے رہ گیا ہے۔

لہٰذا قطر نے جو پیغام دیا ہے کہ تفریح اور انسانیت ساتھ ساتھ ، اس پر تمام تعصبات بالائے طاق رکھ کر کان دھرنے ہوں گے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں