صبح خیزی کی عادت اپنانے کے آزمودہ طریقے اور فائدے

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

جمال عبداللہ عثمان

بزرگ کہتے ہیں کہ صبح جلد بیدار ہونا باعث برکت جبکہ سورج نکلے کے باوجود دیر تک سونا باعث نحوست ہوتا ہے۔ اگر آپ کو اس پر یقین نہیں تو کیوں نہ چند روز آزما کر ہی دیکھ لیں۔ پھر آپ کو اندازہ ہوجائے گا کہ صبح سویرے اٹھ کر آپ وہ کام بھی انجام دے سکتے ہیں جس کے لیے باقی دنوں میں وقت ہی نہیں ملتا۔

دنیا میں جتنے بھی کامیاب لوگ ہیں، وہ رات میں جلد سو جانے اور علی الصبح بیدار ہونے کی عادت اپنانے کا مشورہ دیتے ہیں اور خود بھی اس پر عمل کرتے ہیں۔ اگر آپ بھی ان میں سے ایک بننا چاہتے ہیں تو آج ہی سے ان تجاویز پر عمل کریں:

رات کا کھانا جلد کھائیں

صبح سویرے بیدار ہونے کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ آپ کم سوئیں۔ بلکہ جلدی اٹھنے کی عادت بنانے کے لیے جلد سونا بھی ضروری ہے۔ اس لیے سب سے پہلے رات کا کھانا جلد کھانے کی کوشش کریں۔ اگر آپ رات دس بجے سونے کا ارادہ رکھتے ہیں تو کوشش کریں کہ رات 8 بجے تک کھانا کھا چکے ہوں۔ اس طرح آپ کو دیر تک سونے کے لیے وقت بھی دستیاب ہو جائے گا اور آپ صبح 6 یا 7 بجے تر و تازہ بھی اٹھ سکیں گے۔

ٹیلی ویژن بند کردیں

اکثر ٹیلی ویژن چینل پر رات آٹھ بجے مختلف ڈرامے، خبریں اور پروگرام نشر کیے جاتے ہیں۔ یہ سب آپ کی صحت اور ان کاموں سے زیادہ اہم نہیں جنہیں آپ صبح سویرے کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس لیے ٹیلی ویژن دیکھنے کا ایک مخصوص وقت متعین کیجیے اور رات کھانے سے پہلے اسے بند کردیجیے۔ اگر کھانے کے بعد نیند نہ آئے تو تھوڑی بہت چہل قدمی کرلیں یا پھر کوئی کتاب پڑھ لیں یا پھر صبح کے کاموں کی فہرست بنالیں۔

موبائل کو خیرباد کہہ دیں

موبائل نے ہماری زندگی میں جتنی آسانیاں پیدا کی ہیں، ساتھ ہی بہت سی خرابیوں کا بھی سبب بن چکا ہے۔ خصوصاً نیند سے متعلق مختلف ریسرچ نے ثابت کیا ہے کہ یہ ہماری نیند میں خلل کا اہم سبب ہے۔ اگر آپ اچھی نیند لینا چاہتے ہیں تو سونے سے کم ازکم ایک گھنٹہ پہلے آپ موبائل سے صبح جاگنے تک کے لیے جان چھڑالیں۔

الارم کے ساتھ چھپن چھپائی

صبح سویرے الارم بجتے ہی پہلا خیال کیا آتا ہے؟ بس پانچ منٹ اور۔۔۔ یہ سوچتے ہی الارم کو آگے بڑھایا اور پھر سوگئے۔ بعض لوگ تو ایک نہیں بلکہ چار، پانچ بار یہی عمل کرتے ہیں۔ یوں ایک گھنٹے کی تاخیر ان کے دل کا تمام شیڈول برباد کردیتی ہے۔ اس ‘بس ”پانچ منٹ اور“ سے چھٹکارا پانے کا دلچسپ طریقہ یہ ہے کہ الارم کو ہر رات مختلف جگہ پر رکھیں۔ آج اپنی مسہری کے نیچے تو کل الماری کے اوپر، پھر پرسوں فریج کے اوپر تو اس کے بعد باتھ روم کے نزدیک۔ اس طرح صبح سویرے آپ کو الارم بند کرنے کے لیے اٹھنا ہی پڑے گا۔

مستقل مزاجی اپنائیں

کسی بھی کام یا مقصد میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے مستقل مزاجی بے حد ضروری ہے۔ اس لیے یہ سوچ کر رات بھر نہ جاگیں کہ کل چھٹی ہے، اس لیے دوپہر تک سوتے رہیں گے۔ ایسا کرنے سے آنے والے دنوں میں آپ کے سونے کی ترتیب بگڑ جائے گی اور آپ دوبارہ وقت پر کام نہ ہونے کی شکایت کا سامنا کریں گے۔ اس لیے وقت پر سونے اور صبح جلد اٹھنے کی عادت اپنانا ہے تو مستقل مزاجی بھی دکھائیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں