بڑے عالمی فیشن برانڈ نے پہلی بار حجاب متعارف کرادیا

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

دنیا بھر میں فیشن کے حوالے سے منفرد شہرت رکھنے والے امریکا کے عالمی فیشن ہاؤس ’مائیکل کورس‘ نے پہلی بار مسلم خواتین کے لیے حجاب متعارف کرادیا۔

مائیکل کورس نے ایک ایسے وقت میں حجاب کا دیدہ زیب ڈیزائن متعارف کرایا ہے جب کہ یورپ سمیت امریکا کے چند ممالک میں مسلمان خواتین کے لباس اور خصوصی طور پر حجاب کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مائیکل کورس کی جانب سے حجاب کو متعارف کرائے جانے کو مسلمان خواتین کی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، ساتھ ہی خیال کیا جا رہا ہے کہ اب تنگ نظر حجاب سے متعلق اپنے خیالات پر نظر ثانی کریں گے۔

مائیکل کورس سے قبل دنیا کے دیگر معروف برانڈز ’ڈولس اینڈ گبانا‘ (ڈی اینڈ جی) نائیکی، ڈکاتھ لان اور ڈیور‘ جیسے برانڈز بھی حجاب متعارف کرا چکے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مائیکل کورس نے ایک ایسے وقت میں حجاب کو متعارف کرایا ہے جب کہ گزشتہ ماہ 27 فروری کو فرانسیسی فیشن ملبوسات تیار کرنے والے برانڈ ’ڈکاتھ لان‘ نے فرانس میں حجاب کی فروخت بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ڈکاتھ لان نے صرف فرانس میں ہی حجاب کی فروخت بند کردی تھی۔

ڈکاتھ لان کا شمار اسپورٹس ملبوسات تیار کرنے والی ان کمپنیوں میں ہوتا ہے جن کا شمار خواتین کے بہترین ملبوسات تیار کرنے والے برانڈز میں ہوتا ہے۔

ڈکاتھ لان کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے ملبوسات میں خواتین کا حجاب ہی ہے جو مختلف کھیل کھیلنے والی خواتین پہنتی ہیں۔

ڈکاتھ لان کا حجاب نہ صرف اسپورٹس خواتین بلکہ عام خواتین اور خصوصی طور پر نوجوان عرب خواتین شوق سے پہنتی ہیں اور یہ کمپنی مراکش سمیت دیگر مشرق وسطیٰ ممالک میں حجاب فروخت کرنے والی بڑی کمپنی بھی ہے۔

اب مائیکل کورس کی جانب سے حجاب کو متعارف کرائےجانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ ڈکاتھ لان بھی فرانس میں حجاب کی فروخت کا دوبارہ آغاز کرے گی۔

ایماریٹس ویمن ویب سائٹ کے مطابق مائیکل کورس نے حجاب کو موسم گرما کی نئی کلیکشن کے ساتھ متعارف کرایا ہے۔
مائیکل کورس نے سمر 2019 کے لیے نہ صرف حجاب بلکہ مختلف ڈیزائن کے خواتین کے مکمل لباس بھی متعارف کرائے ہیں۔

مائیکل کورس کی جانب سے متعارف کرائے گئے حجاب کو عرب انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

کمپنی نے حجاب کو متعارف کراتے ہی فوری طور پر مشرق وسطی ممالک میں فروخت کے لیے پیش بھی کردیا۔

مائیکل کورس کا یہ حجاب ایک ایسے وقت میں فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے جب کہ مسلمانوں کے لیے سب سے مقدس ماہ کا درجہ رکھنے والے رمضان المبارک کا آغاز ہونے والا ہے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں