تلبینہ، طاقت اور صحت عطاکرنے والی حیرت انگیز خوراک

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

تلبینہ کیا ھے؟ تلبینہ جو کا اور جو کے آٹے کا ایک کھیر نما دلیہ ہے جو دودھ، کجھور، اورشھد کو ملا کر بنتا ہے۔

(ذیابیطس کے مریض کھجور نہ ڈالیں اگر مجدول کھجور میسر ہے تو لے لیں، اس میں کارب اور شکر کی مقدارِ کم ہوتی ہے۔ شہد خالص استعمال کریں، بازار سے ملنے والا شہد صرف شکر کا پانی ہے اگر خالص شہد نہ ہو تو تلبینہ اس کے بغیر بنائیں )
اس کا ماخذ مختلف احادیث ہیں-

جدید طبی تحقیقات نے تلبینہ کو حیرت انگیز غذا اور وسیع الفوائد دوا کے طور پہ تسلیم کیا ہے۔ تلبینہ ایک مکمل غذا ہے جو پورے بدن اور انسانی اعصابی اور مدافعاتی نظام پہ نہ صرف حیرت انگیز اثرات مرتب کرتا ہے بلکہ اسے مضبوط کرتا ہے اور ایسی صورتحال میں کہ کوئی دوا فائدہ نہ کر رہی ہو تو یہ مریض کو دوبارہ اپنے پائوں پہ کھڑا کرتا ہے۔

اجزاء
جو کا دلیہ 50 گرام
دودھ تازہ 300 ملی لیٹر
کجھور عمدہ 11 دانے
شہد خالص دو کھانے کے چمچ
زیتون کا تیل ایک کھانے کا چمچ

تلبینہ کے تمام اجزاء اپنی مثال آپ ہیں لیکن میں صرف ایک جز جو کے بارے میں یہاں بات کرنا چاہتا ہوں جو تقریباً ساری دنیا میں پایا جانے والا اناج ہے اور ساری دنیا کسی نہ کسی طرح اسے اپنی خوراک کا حصہ بناتی ہےلیکن برصغیر پاک و ہند میں عوام اسے ناقابل خوراک چیز تصور کرتی ہے۔ اناج اور دال کے ابواب میں شاید ہی کوئی جنس جو جتنی طاقت اور حکمت کے لیے ہوئے ہو۔ صرف مثال کے لیے بیان کرتا ہوں کہ جو میں دودھ سے زیادہ کیشیم اور پالک سے زیادہ فولاد پایا جاتا ہے اور باقی متفرق معدنیات بھی جو میں پائے جاتے ہیں جو جو کومقوی اعضائے رئیسہ بناتے ہیں، مزاج میں معتدل سرد ہونے کہ وجہ سے مقوی جگر اور جگر کی جملہ کمزوریوں اور بیماریوں کو نا صرف دور کرتا بلکہ اسے نئی زندگی دیتا ھے- مقوی اعصاب ہے، غم تشویش اور ڈپریشن کو دور کرتا ہے۔

جو یا تلبینہ کا سب سے اھم فائدہ میٹابولزم نظام کی بحالی ہے، ہمارے آرام دہ طرز زندگی اور غیر متوازن خوراک کی وجہ سے ہمارے نوجوانوں کا میٹابولزم سسٹم 60 اور 70 سال کے بوڑھوں کی طرح ہوگیا ہے۔ تلبینہ میٹابولزم سسٹم کی سرعت اور کام کو بحال کر کے تمام اعضائے رئیسہ کو ان کی اصل کام کرنے کی صلاحیت پہ لاتا ہے۔

پکانے کا طریقہ
تلبینہ کے بنانے میں جو کے آٹے اور جوکا ذکر ملتا ہے، میرا تجربہ یہ ہے کہ جب جو کا دلیہ مشین سے بنوائیں تو اس میں کچھ مقدار آٹا بن جاتا ہے۔ اسے دلیہ سے جدا نہ کریں۔ بڑے شہروں میں رہنے والے بڑے سٹورز سے خالص جو کا دلیہ لیں، امپورٹڈ اور ڈبہ بند سے احتراز فرمائیں۔ حکماء حضرات زراعتی علاقوں سے بارانی جوحاصل کر کے خود دلیہ بنوائیں اس کی افادیت زیادہ ہے۔

جو گندم کے مقابلے میں پکانے میں ذرا سخت ہوتا ہے لہذا 100 گرام جو کا دلیہ(یا پکانے کا ایک چمچہ) لے کر اسے گرم پانی میں ایک گھنٹہ پہلے بھگو دیں،نرم ہونے پر چولہے پر چڑھا دیں، دو سے تین کپ پانی ڈالیں اور ہلکی آنچ پے پکنے دیں۔

گیارہ عدد کجھور کو گرم پانی میں بھگوئیں، جب دلیہ پک رہا ہو تو گٹھلی نکال کر کجھور کو چھوٹا کاٹ کر ڈال دیں۔

جب دلیہ نیم پختہ ہوجائے تو دودھ بھی ڈال دیں، پکانے کے دوران مسلسل چمچ ہلاتے جائیں تاکہ دلیہ برتن کے پیندے سے چپک نہ جائے۔ دلیہ اس طرح پکانا ہے کہ دلیہ کے دانے خوب پک کر دودھ کے ساتھ مل کر گم ہوجائیں اور پکا ہوا دلیہ پتلا رقیق فرنی کی شکل میں ہو، سخت ہونے سے بچائیں ،جب مکمل پک جائے تو دوچمچ شھد اور ایک چمچ زیتون کا تیل ڈال کر تھوڑا پکا کر اتار لیں۔ میٹھا دیکھ لیں اگر زیادہ لگے تواگلی بار شہد اور کجھور کم کرلیں کم ہو تو اگلی بار بڑھا لیں، حسب عادت ٹھنڈا یا گرم طبیعت کے مطابق استعمال کریں۔

نوٹ:
تیل زیتون کوتلبینہ میں شامل کرنا میری اپنی اختراع ہے۔ اس کی تیل زیتون ایک محرک(Activator) اور عمل انگیز(Catalyst) ہے جو جس بھی خوراک اور دوا میں شامل ہو جائے اس کی افادیت کو چار چند بڑھا دیتا ہے۔

طریقہ استعمال اور فوائد
بہترین وقت صبح کا ناشتہ ہے ،رات کے کھانے کے طور پہ بھی استعمال ہوسکتا ہے۔ مریض حضرات دن کو دو یا تین بار یا جب دل چاہے کھاسکتے ہیں۔ نیز استعمال اور فوائد کو میں نے مندرجہ ذیل چار بڑے گروپ میں تقسیم کیا ہے۔

1 ۔چھوٹے بچے (ایک سال سے پندرہ سال تک)
ایسے بچے جو کمزوری، خوراک کی کمی، انیمیا یا آئرن کی کمی یا کسی بھی وجہ یا بیماری سے جسمانی طور پر کمزور ہوں یا ذہنی طور پر پسماندہ ہوں اور پڑھائی میں اچھے نہ ہوں اور سبق یاد رکھنے یا کمزور یاداشت رکھتے ہوں۔ ان کے لیے تلبینہ ایک بہترین خوراک اور دواء ہے، والدین اور خاص کر مائیں ایک بات سمجھ لیں کہ پاکستان میں تقریباً 60 فیصدبچے خوراک کی کمی یا آئرن کی کمی کا شکار ہیں اور بچے میں آئرن کی کمی خون کی کمی پیدا کرتی ہے اور آئرن اور خون کی کمی کا دماغی استطاعت اور کارکردگی سے بہت گہرا تعلق ہے۔ خون اور آئرن کی کمی والے بچوں کی یاداشت متاثر ہوتی ہے اور وہ بچے آہستہ آہستہ تعلیم میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔

ایسے بچوں کو صبح ناشتے میں تلبینہ دیں یا جس وقت بچے خوش ہوکر پیٹ بھر کے کھائیں اور ایک اضافہ نوٹ کریں۔ تیل زیتون کے ساتھ دو کھانے کے چمچ گائے کا خالص گھی بھی شامل کریں، انشا اللہ دو ماہ میں آپ کا بچہ صحت مند اور پڑھائی میں بہترین کارکردگی دینا شروع کرے گا اور کمزوری کی علامات ختم ہوجائیں گی۔

نیز حاملہ، کمزور یا کم وزن خواتین بھی یہی ترکیب استعمال کریں اور پانی نہ ڈالیں دودھ کی مقدار زیادہ کریں۔

2۔ نوجوان خواتین و حضرات ورزش کار، کمزور یا کم وزن (16 سال سے 25 سال تک)

ایسے خواتین و حضرات جو کسی بھی وجہ سے کمزور یا کم وزن، خون کی کمی، معدے کی خرابی، جگر کی خرابی اور کمزوری، کسی بھی قسم کا ڈپریشن یا غم، دماغی کمزوری کا شکار ہوں یا بیماری کے بعد بحالی کی حالت میں ہوں وہ تلبینہ استعمال کریں۔

ایسے نوجوان جو مردانہ کمزوری یا عمومی کمزوری کا شکار ہیں،وہ تلبینہ ایک یا دو وقت استعمال کریں، خوب ورزش کریں۔ ایک بات ذہن نشین کرلیں، اچھی سے اچھی خوراک اور دوائی بیکار ہے اگر آپ نے ٹی وی کا ریموٹ یا فیس بک چھوڑ کر میدان کا یا جم کا رخ نہ کیا۔

ورزش کرنے والے نوجوان یا کھلاڑی اسے استعمال کرسکتے ہیں، یہ آپ کے وزن کو برابر رکھ کر آپ کا انرجی لیول بڑھاتا ہے۔ اس کیٹیگری میں لوگ کجھور اور دودھ کو بڑھا کر اچھے نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔ باڈی بلڈنگ زیادہ جسمانی ورزش والے حضرات 7 عدد چھلے ہوئے بادام پیس کر شامل کریں اس سے انرجی لیول اور پروٹین بڑھ جائے گی۔

3 ۔نوجوان خواتین و حضرات جو وزن کو کم کرنا چاہیں (16 سال سے 25 سال تک)

تمام دنیا میں جو یا جو کا دلیہ یا جو کی روٹی یا جو سے بنائی گئی دوسری مصنوعات وزن کم کرنے کے لیے افادیت کے لحاظ سے اول نمبر پہ ہیں۔ جو وزن کم کرنے میں دو طرح سے کام کرتا ہے، ایک تو میٹابولزم کی بحالی سے آپ کے جسم میں توانائی یا کلوریز کی خرچ ہونے کی رفتار کو تیز کرتا ہے، یوں آپ کا وزن کم ہونا شروع ہوجاتاہے۔

دوسرا جو زیادہ ریشہ دار (High fiber Diet) جو معدے اور جسم پائی جانے والی چکنائی اور دوسرےفاسد مادوں کو جسم سے خارج کرتی ہے۔

جو یا تلبینہ جگر کے افعال کو بہتر بناتا ہے جس سے آپ کے جسم میں چکنائی کو ہضم کرنے کی صلاحیت اور معدے کا نظام ہضم ٹھیک کام کرتا اور آپ کا وزن کنٹرول ہونا شروع ہوتا ہے، اور تلبینہ میں موجود شہد توانائی کو بڑھاتا ہے اور وزن کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

آپ کو صرف یہ کرنا ہے تلبینہ بناتے وقت کجھور مت ڈالیں اور شہد کی مقدار بڑھادیں اور اگر چاہیں تو دودھ کی مقدار بھی کم کردیں یا بازار سے کم چکنائی والا دودھ (Skimmed milk) لے کر وہ استعمال کریں اور خوراک دو وقت کریں۔ ایک صبح ناشتہ اور رات کا کھانا اور کوشش کریں کہ تلبینہ کے علاوہ رات کو اور کچھ مت کھائیں، بہت بھوک کی صورت میں صرف کوئی پھل لے سکتے ہیں اور دوپہر کا کھانا بھی سبزی سلاد اور کم چکنائی والی خوراک اور کوشش کریں کے کھانا زیتون کے تیل میں پکائیں، ہلکی ورزش کریں۔ وزن دنوں میں کم ہونا شروع ہو جائے گا۔

4۔ بزرگ خواتین و حضرات (پچاس سال سے اوپر )
بزرگ خواتین اور حضرات کے لیے یہ قدرت کا خاص تحفہ ہے۔ تمام قسم کی کمزوری جو کسی بھی دوائی سے ختم نہیں ہوتی، تلبینہ اسے کنٹرول کرتا ہے، پیر سالی میں جب جگر تازہ خون بنانا بالکل کم کردیتا ہے تلبینہ Hbکو بڑھا کر مطلوبہ سطح تک لے جاتا ہے۔

اور پیر سالی میں پائی جانی والی بے وجہ پریشانی اور ڈپریشن کو ختم کرتا ہے، ہاضمے کے مسائل حل ہوجاتے ہیں اور جسم میں توانائی اور ٹھہرائو لاتا ہے۔

یورپ میں ایسے مریضوں پر بھی تلبینہ کا تجربہ کیا گیا جن کا Hb کسی دوائی سے نہیں بڑھ رہا تھا، نتائج حیران کن حد تک مثبت رہے۔ حکماء حضرات استفادہ کرائیں۔ ان شاء اللّه صد فیصد نتیجہ دے گا۔

صرف شکر کے مریض کجھور اور شھد کا استعمال اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے کریں جنہیں شھد اور کھجور ممنوع ہو وہ صرف نمکین دلیہ بغیر دودھ، شھد اور کجھور استعمال کریں وہ فائدہ دیتا ہے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں