فیس بک

امریکی عوام کی اکثریت سوشل میڈیا پر کس حد تک اعتبار کرتی ہے؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

امریکی عوام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا (سماجی روابط کی ویب سائٹس) مثلاً فیس بک اور ٹوئٹر وغیرہ غلط معلومات پھیلا کر لوگوں کو تقسیم کرتے ہیں۔

انہیں ڈر ہے کہ سوشل میڈیا آئندہ امریکی انتخابات پر اثر انداز ہوسکتا ہے اس کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ ان نیٹ ورکس کو استعمال کرتے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے، این بی سی نیوز اور جریدے وال اسٹریٹ جرنل کی جانب سے کیے گئے سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ 57 فیصد امریکیوں کا ماننا ہے کہ سماجی روابط کی ویب سائٹس لوگوں کو تقسیم کرنے میں بڑا کردار ادا کرتیں ہیں۔

دوسری جانب 55 فیصد عوام کا کہنا تھا کہ یہ نیٹ ورکس حقیقی خبر اور درست معلومات کے بجائے زیادہ تر ’جھوٹ اور دروغ گوئی‘ سے کام لیتے ہیں۔

مذکورہ سروے ریپبلکن فرم پبلک اوپینین اسٹریٹجیز اور ڈیموکریٹک فرم ’ہارٹ ریسرچ ایسوسی ایٹس‘ کے اشتراک سے کی گئی۔

اس حوالے سے ریپبلکن فرم ’پبلک اوپینین اسٹریٹجیز‘ سے تعلق رکھنے والے میکا رابرٹ کا کہنا تھا کہ سروے میں سوشل میڈیا بالخصوص فیس بک اور ٹوئٹر کے حوالے سے سنگین مسائل سامنے آئے اور اگر امریکا میں سوشل میڈیا کے حوالے سے ریویو لیا جائے تو اکثریت اسے صفر اسٹار دے گی۔

سروے کے مطابق 61 امریکی عوام یہ سمجھتے ہیں کہ معروف شخصیات اور کمپنیز کے بارے میں متعصبانہ رویے اور افواہوں کو پھیلانے میں سوشل میڈیا زیادہ اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ 32 فیصد کا کہنا تھا کہ اس کے ذریعے وہ شخصیات اور ادارے کٹہرے میں آجاتے ہیں۔

دوسری جانب 82 فیصد عوام یہ سمجھتے ہیں کہ سوشل میڈیا لوگوں کا وقت برباد کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے جبکہ 15 فیصد کو یقین ہے کہ سوشل میڈیا پر گزارا ہوا وقت بہترین ہوتا ہے۔

مذکورہ سروے سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے اتحادیوں کو انٹرنیٹ پلیٹ فارمز پر نشانہ بنانے کے بارے میں اسکینڈلز سامنے آنے پر کیا گیا۔

ان تمام تر آرا کے باوجود 69 فیصد امریکی شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ کم از کم ایک مرتبہ سوشل میڈیا ضرور استعمال کرتے ہیں۔

اسی طرح 59 فیصد امریکیوں کو یہ بھی یقین ہے کہ ٹیکنالوجی کے عمومی طور پر نقصان سے زیادہ فوائد ہیں۔

تاہم جب یہ پوچھا گیا کہ وفاقی حکومت کو بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں مثلاً ایپل، ایمازون، گوگل اور فیس بک کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے تو 47 فیصد عوام سے متفق جبکہ 50 فیصد غیر متفق نظر آئی۔

60 فیصد امریکی عوام کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی ذاتی معلومات کے تحفظ کے حوالے سے فیس بک پر بھروسہ نہیں۔

خیال رہے کہ یہ نتائج فیس بک کے بارے میں ذاتی معلومات جمع کرنے اور انہیں شیئر کرنے کے حوالے سے ہونے والے انکشافات سامنے آنے کے بعد کے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فیس بک پر بھروسہ کرنے کا رجحان ایمازون، گوگل اور وفاقی حکومت پر کیے جانے والے اعتبار سے بھی کہیں کم ہے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں