سعودی فرمانروا نے میری بیوی کا ہاتھ چوما تھا:ٹرمپ کا دعویٰ

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مبینہ طور پر یہ دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ان کے دورہ سعودی عرب کے دوران میلانیا ٹرمپ کے ہاتھ کو تھام کر اس پر کئی بار بوسہ دیا۔

امریکی جریدے نیوزویک کے مطابق رواں ہفتے شائع ہونے والی ایک کتاب دی ہل ٹو ڈائی آن : دی بیٹل فار کانگریس اینڈ دی فیوچر آف ٹرمپ امریکا میں بتایا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ دعویٰ گزشتہ سال کے آخر میں ٹرمپ ہوٹل میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران کیا جس میں ریپبلکن نمائندگان نے شرکت کی۔

امریکی صدر نے ریپبلکن اراکین اور ڈونرز کے سامنے مئی 2017 میں سعودی عرب کے دورے کے بارے میں بتاتے ہوئے اپنی اہلیہ کا ایک واقعہ بیان کیا جو اس سے پہلے کبھی رپورٹ نہیں ہوا تھا۔

کتاب کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے ایک ساتھی نے میلانیا ٹرمپ کو بتایا تھا کہ اگر وہ اپنا ہاتھ آگے بڑھائیں گی تو شاہ سلمان مصافحے سے گریز کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا ‘تو میں اپنے طیارے سے اترا، میں نے سعودی فرمانروا سے ہاتھ ملایا، مگر ان کی تعظیم میں جھکا نہیں، اس کے بعد میلانیا نے ہاتھ آگے بڑھایا، یاد رہے کہ ہمیں بتایا گیا تھا کہ شاہ سلمان میلانیا سے مصافحہ نہیں کریں گے’۔

انہوں نے مزید کہا ‘مگر شاہ سلمان نے میلانیا کا ہاتھ تھام لیا اور 3 بار چوم لیا’۔

امریکی صدر کے اس دورے کی ویڈیوز یوٹیوب پر موجود ہیں اور ان میں کہیں بھی یہ نظر نہیں آتا کہ شاہ سلمان نے امریکی خاتون اول کے ہاتھ کو بوسہ دیا، دونوں نے ہاتھ ملایا اور بس۔

نیوز ویک کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر وائٹ ہاﺅس حکام نے اس بارے میں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا تھا۔

جریدے کے مطابق یہ بھی واضح نہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی اہلیہ اور سعودی فرمانروا کا یہ واقعہ مذاق کے طور پر بیان کیا یا وہ سنجیدہ تھے کیونکہ امریکی صدر اکثر لوگوں کو محظوظ کرنے کے لیے واقعات بڑھا چڑھا کر بیان کرتے ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ وہ حقائق کے حوالے سے بھی لاپروائی کرجاتے ہیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں