مدثر محمود سالار۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گھر بیٹھے پیسہ کمائیں، اب آپ کو باس کی جھڑکیں اور ڈانٹ سننے کی ضرورت نہیں اپنے باس خود بنیے۔
سو فیصد قانونی اور حقیقی آمدن، ہمارے کامیاب ممبران سے خود بات کریں اور پھر ہمیں جوائن کریں ۔
یہ ہمارے ایک کامیاب ممبر کی بنک اسٹیٹمنٹ دیکھیں ان کی ایک ماہ کی آمدن آپ اصلی بنک سٹیٹمنٹ پر دیکھ رہے ہیں۔
ایسے دلفریب اور خوابناک جملے پڑھ کر آپ کا من کرتا ہوگا کہ کوشش کرکے دیکھ لینا چاہئے کیا پتا یہ سچ ہی ہو۔
میرے عزیزو ابھی تک اس دنیا میں ایسا کوئی کام دریافت نہیں ہواجو ہاتھ پاؤں ہلائے بغیر آپ کو گھر بیٹھے امیر بھی بنادے اور وہ کام قانونی اور جائز بھی ہو۔
آپ جائز اور قانونی کمائی کرنا چاہتے ہیں تو ان جھانسوں میں مت آئیں۔
مادیت پرستی کے اس دور میں آپ کیوں یقین کرلیتے ہیں کہ کوئی بندہ شان دار آفس بنا کر دو چار ملازم رکھ کر آپ کو گھر بٹھاکر پیسے دے گا۔
ہم ایک روپیہ لگا کر دس بنانے کے چکر میں ہوتے ہیں اور آپ نا کوئی ہنر سیکھنا چاہتے ہیں نا کوئی پیسہ انویسٹ کرنا چاہتے ہیں اور گھر بیٹھے امیر بھی ہونا چاہتے ہیں؟؟؟
خوابوں کی دنیا سے نکلیں اور اپنے زورِ بازو پر انحصار کریں۔
انسان جس شے کے لیے تگ ودو کرتا ہے وہی پاتا ہے۔
آپ گھر بیٹھے بےوقوف بننے کاارادہ کرچکے ہیں تو بےوقوف بن کر خود کو لٹوا لیں گے۔
کمپیوٹر اور شاطردماغ کے امتزاج سے ایسے ایسے طریقے ظاہر ہورہے ہیں کہ سیانا اور تجربہ کار بندہ بھی الو بن جاتا ہے۔
آپ چند تدابیر سے ان چالوں کی گہرائی تک پہنچ سکتے ہیں اور خود کو برباد ہونے سے بتاسکتے ہیں۔
•آن لائن کسی کاروبار کی پرکشش آسان ترین پیشکش کے ساتھ جو لوگوں کی رائے دی گئی ہوتی وہ سب مختلف ناموں جعلی اکاؤنٹ بنے ہوتے ہیں حتی کہ پورا گروہ حقیقت میں بیٹھ کر کال کرنے پر تصدیق بھی کرے گا۔ آپ صرف اتنا سوچ لیں کہ کیا یہ لوگ پاگل ہیں جو خود بھی لاکھوں روپے کما رہے اور اپنے راز دوسروں کے ساتھ بغیر پیسہ لگائے شئیر کررہے ہیں۔ ہر کاروباری فرد سب سے پہلے اپنا نفع نقصان دیکھتا ہے اس کے بعد اپنے منافع کو مزید بڑھانے کے لیے دیگر لوگوں کو کچھ رعایت یا سفارش کرتا ہے۔
•کسی شے پر مشہور افراد کا نام اور تصویر اور ان کی باتیں دیکھ کر بالکل پیسہ نہ لگائیں۔ یہ جذباتی جھانسہ ہوتا ہے اور خود وہ مشہور افراد بھی اس بات سے ناواقف ہوتے ہیں کہ کون کہاں ان کا نام استعمال کررہا ہے۔
•جان لیجیے کہ جائز اور قانونی پیسہ کمانے کا ابھی تک کوئی شارٹ کٹ راستہ دریافت نہیں ہوا ہے۔ ایسا نہ ہوکہ آپ کسی غیرقانونی کام میں ان جانے میں پھنس جائیں۔
•میڈیا کا دور ہے اس لیے میڈیا پر دکھائی گئی ہر بات پر آنکھیں بند کرکے اعتبار مت کرلیں۔ کوئی بھی مالی کام کرنے سے پہلے تحقیق کرلیں۔
•لاٹری اور پرائز بانڈ میں اپنی محنت کی کمائی ضائع مت کریں بلکہ جو پیسے پرائز بانڈ اور لاٹری میں لگارہے وہی بچت کرکے محفوظ کرلیں اور اشد ضرورت کے وقت پریشانی سے بچیں۔
•دوستوں کے کہنے پر کبھی کسی ایسی خوش نما سکیم میں پیسہ نہ لگائیں جو مستند نہ ہو۔ بعض اوقات آپ کے دوست اصل میں بطور کانٹا مچھلی کے شکار کے لیے استعمال ہورہے ہوتے ہیں۔ آپ کا دوست کسی سکیم سے اصلی پیسہ لے کر آپ کودکھاکر ترغیب دے سکتے ہیں کہ یہ کام ہم کررہے ہیں آپ بھی کرو۔
اس جال سے بھی بچیں۔
•آن لائن سٹاک مارکیٹ کی مختلف ایپلیکشنز سے دور رہیں۔ ممکن کے شروع میں آپ دوچار ہزار کما بھی لیں مگر انسانی جبلت کے تحت آپ دوبارہ اسی کام میں زیادہ پیسہ لگائیں گے تاکہ زیادہ منافع کمانے کے چانسز ملیں اور تب ہی آپ سب کچھ گنوا بیٹھیں گے۔
سٹاک مارکیٹ کا کام چھوٹے سرمایہ کار کے بس کا روگ نہیں اور ہمیشہ چھوٹا سرمایہ کار ہی ڈوبتا ہے۔ بڑے مگرمچھ آپ سے زیادہ تجربہ رکھتے ہیں وہ نقصان والا رسک بہت کم لیتے ہیں۔
اپنے آپ پر اعتماد کریں۔۔۔۔
رزق حلال کمائیں اور محنت کرکے خوشحال بنیں۔