مصالحے دار گوشت

عیدقربان کے مزے دار، گرما گرم ، چٹخارے دار پکوان

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

بشریٰ‌نواز۔۔۔۔۔۔
عید الاضحیٰ ہم سنت ابراہیمی کی یاد میں مناتے ہیں جیسے کہ ہم سب جانتےہیں کہ اس عید پر ہر مسلمان حسب استطاعت بکرا یا گائے قربان کرتا ہے، سب جانتے ہیں کہ قربانی کے گوشت میں رشتےداروں، ہمسائیوں اور فقرا کا بھی حصہ ہوتا ہے۔ بعض لوگ سارا ہی گوشت سنبھال لیتے ہیں اور چھیچھڑے اور ہڈیاں تقسیم کردیتے ہیں۔

بعض ایسے بھی ہیں جو صرف وہاں گوشت بھیجتے ہیں جہاں سے انھیں گوشت آیا ہو۔ عید قربان میں چند دن رہ گئے ہیں۔ آئیے! خود سے عہد کریں کہ اس بار صرف ان گھروں میں گوشت بھیجا جائے جہاں قربانی نہ کی گئی ہو۔

ایک فہرست بنالیں جس میں آپ ان رشتےداروں کے نام لکھیں جو قربانی نہیں کریں گے، اس سے آپ کو آسانی رہے گی اور گوشت حق دار تک پہنچ جائے گا۔

جانور کے فضلات کو اسی وقت ٹھکانے لگا دیں تاکہ آپ بدبو اور بیماریوں سے بچ سکیں۔
گوشت تقسیم کرنے کے بعد باری آتی ہے پکانے کی۔ عام طور پر ہر گھر میں سب سے پہلے کلیجی ہی بنتی ہے، اس ضمن میں مزیدار کلیجی کی ترکیب حاضر ہے:

اجزا:
1۔ بکرے کی کلیجی ایک عدد 2۔آدھا کلو دہی ۔ 3۔ دو عدد پیاز ۔4 دو چمچ لہسن پیسٹ ۔5۔ نمک مرچ اور ہلدی حسب ذائقہ۔ 6۔ آدھا چمچ پسا ہوا گرم مصالحہ 7۔ میتھی آدھی گٹھی۔

ترکیب :
کلیجی کو اچھی طرح دھولیں، پھر پیاز اور میتھی کے علاوہ دہی میں سارے مصالحے ڈال کر کلیجی کی بوٹیاں میرینیٹ کرکے کچھ دیر تک رکھ دیں۔ اب پیاز کو پتلا پتلا کاٹ کر ہلکا بادامی کرلیں اور ساتھ ہی کلیجی اس میں ڈال دیں۔ تھورا سا چمچ ہلائیں اور اسے پکنے دیں۔

جب دہی خشک ہونے لگے تو میتھی شامل کر دیں اور آنچ ہلکی کردیں۔ جب کلیجی خشک ہو جائے اور آپ کو لگے کہ گھی کم ہے تو آپ اور گھی ڈال کر بھون لیں۔ جب ہانڈی گھی چھوڑ دے تو گرم مصالحہ ڈال کر آگ بند کردیں۔ لیموں نچوڑ کر گرم گرم نان کے ساتھ کھائیں۔

مصالحے دار گوشت (مٹن یا بیف) :
اجزا :
1: ایک کلو گوشت لے لیں 2۔ :پائو کے قریب قیمہ 3: دو بڑے پیاز 4: نمک مرچ حسب ذائقہ 5: ادرک لہسن کا پیسٹ کھانے والے دو چمچ 6: ٹماٹر ایک پائو 7: آدھا چائے کا چمچ اجوائن 8: ہرا دھنیا سجاوٹ کے لیے۔

ترکیب :
پیاز کو آئل یا گھی میں بادامی کرلیں۔ گوشت کو اچھی طرح دھو کر پتیلے میں ڈال دیں۔ چولہے کی آنچ ہلکی کر دیں۔ پانچ منٹ گوشت کو اچھی سے بھون لیں۔ اب ادرک لہسن کا پیسٹ اور ساتھ ہی ٹماٹر بھی ڈال دیں۔ نمک مرچ اور مصالحہ جات شامل کرلیں اور اس کو پکنے دیں۔

اب یہ آپ کی مرضی ہے کہ آپ اسے ککر میں پکائیں یا پتیلے میں پکائیں جب گوشت گل جائے اور پانی تھوڑا رہ جائے تو قیمہ شامل کر دیں۔ اب اسے پکنے دیں جب پانی خشک ہو جائے تو چولہا بند کر دیں اور دھنیا ڈال کر پیش کریں۔

آسان فرائی گوشت:
1: چانپیں ایک کلو (آپ کم یا زیادہ کر سکتے ہیں ) 2: ایک چھوٹا چمچ پسا ہوا گرم مصالحہ 3: ایک کھانے کا چمچ کالی مرچ پسی ہوئی4 : تین انڈے 5: نمک حسب ضرورت6: گھی یا آئل تلنے کے لیے

ترکیب:
چانپوں کو دھو کر آدھا کپ پانی شامل کریں اور اسے گلنے کے لیے چولہے پر رکھ دیں۔ جب چانپیں گل جائیں تو مصالحہ جات اس میں شامل کر دیں۔ اب انڈے ایک بائول میں توڑیں اور چانپییں اس میں ڈبو دیں، کڑاہی میں گھی یا تیل ڈالیں اور ایک ایک کر کے ہلکی آنچ پر فرائی کر لیں۔ اسے آپ کیچپ یا کسی بھی چٹنی کے ساتھ کھا سکتے ہیں۔

اب آپ عید کی تیاری کریں، اپنی خوشیوں میں غریبوں کو شریک کیجیے گا اور اعتدال کے ساتھ کھائیں اور خوشی خوشی عید منائیں میری طرف سے آپ سب کو عید مبارک۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں