بھارتی ٹی وی اینکرراہول شیوشنکر

پاکستان نےبھارت میں کروناپھیلانےکا منصوبہ بنایا:بھارتی میڈیا

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

دنیا بھر کے ممالک میں وہاں کا میڈیا اپنی اپنی قوم کو کورونا وائرس سے بچنے کے لئے شعور پیدا کرنے میں مصروف ہے تاہم بھارتی میڈیا کا ایک حصہ ہمسائیہ ممالک کے خلاف نت نئی خبریں گھڑنے میں مصروف ہے، بالخصوص ان نازک حالات میں بھی وہ مخصوص فائدے اٹھانے کے لئے کوششیں کررہاہے۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ پاکستان نے نیپال کے راستے اپنے کورونا وائرس کے مریض بھارت بھیجنے کی کوشش کی تاکہ وہاں کورونا کی وبا پھیل سکے۔

بھارتی چینل ٹائمز ناؤ نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان بھارت میں کرونا وائرس کی وبا پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

چینل نے کسی خفیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کے کچھ متاثرین کو تربیت دی کہ وہ نیپال کی سرحد سے بھارت جائیں اور وہاں کورونا وائرس پھیلائیں۔ پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ٹائمز نائو نے بتایا کہ انڈیا کی سرحد کے ساتھ ایک نیپالی گائوں میں 200 بھارتی مسلمان ، جن کے ساتھ پانچ، چھ پاکستانی بھی شامل تھے، نے بھارت میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنادیا۔

اس خبر پر انڈین ٹی وی چینل کے اینکر راہول شیوشنکر نے پاکستان کے خلاف اپنے تجزیہ نما پروپیگنڈا کا ایک پہاڑ کھڑا کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ مذکورہ 200 کے لگ بھگ بھارتی مسلمانوں کی قیادت پانچ، چھ پاکستانی کررہے تھے۔ انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نیپال میں کافی تعداد میں پاکستانیوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جو مساجد، مدارس اور دیگر جگہوں پر چھپے ہوئے تھے۔

یقیناً بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اور ان کے انتہاپسند حامی اس قسم کی خبریں پڑھ، سن کر خوب خوش ہوتے ہوں گے تاہم وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ ایسی ذہنیت اپنا بھلا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ جس دماغ میں دوسروں کے خلاف نفرت اور سازش بھری ہوئی ہو، وہاں اپنی ذات کے ساتھ بھی محبت اور خلوص کا مادہ پیدا نہیں ہوسکتا۔

بھارتی حکومت اور میڈیا کو چاہئے کہ وہ بلاتخصیص رنگ و نسل و مذہب اپنے ملک میں رہنے والوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے کوششوں کو تیز کرے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں