پاکستان کی فوج کا ایک جوان

پاک فوج کے جوان ، ہمارے محافظ اور ہمارا فخر

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

عالیہ حمید :

یہ 27 فروری2019 کا دن تھا۔ میں اپنے آفس میں بیٹھی کام میں مصروف تھی، ٹائم ٹیبل کے مطابق سب ٹیچرز اپنی اپنی کلاس میں پیریڈ لے رہے تھے، ملازم گیٹ پر موجود تھے،اسکول میں مکمل خاموشی اور سکون تھا کہ اچانک آسمان سے گزرتے ہوئے طیارے کی تیز آواز نے فضا کے سکون کو برباد کر دیا،ایسے محسوس ہوا جیسے فضا کو چیر دیا گیا ہو،

دل میں ایک ہول سا اٹھا، میں تیز قدموں سے چل کر باہر صحن میں آئی، تب تک فضا میں خاموشی چھا چکی تھی ، اوپر آسمان کی طرف دیکھا تو دھویں کی ایک موٹی لکیر دکھائی دی، کچھ ٹیچرز بھی پریشانی کے عالم میں باہر کو دوڑیں،دھویں کی وہ لکیر ہماری سمجھ سے بالاتر تھی،

آپس میں ڈسکس کرنے لگے کہ یہ کیا ہو سکتا ہے،شاید یہ آرمی کا طیارہ تھا جو فضا میں بہت اونچائی پر تھا،ہماری بحث کے دوران ہی ہمیں محسوس ہوا کہ کہیں زور کی دھمک سنائی دی ہے۔ ” اللہ خیر“ کہہ کر دل پر ہاتھ رکھا۔ ایک دوسرے کو تسلی دی اور پھر کلاسز میں واپس چلے گئے۔ کچھ ثانیہ کے بعد ایک ملازم بھاگتا ہوا آیا اور اس نے بتایا کہ باجی وہ جو دھمک تھی وہ پاک آرمی کے طیارے کی بمباری تھی، پاک آرمی نے بھارتی جاسوس طیارہ مار گرایا ہے، میڈیا پر آ رہا ہے، ابھی مزید تفصیلات آرہی ہیں۔۔

بعد میں پتہ چلا کہ وہ دھوئیں کی لکیر پاک آرمی کے تیزی سے گزرتے ہوئے طیارے کی تھی،جو بےخبری میں ہمارے سروں سے گزر کر بھمبر کی طرف گیا۔ بھمبر( آزاد کشمیر) میرے سکول سے دس کلومیٹر یعنی 30 منٹ کی مسافت پر ہے، طیارے کے لیے وہ محض 2 سیکنڈ کا فاصلہ ہوگا یا شاید اس سے بھی کم۔

اس گاؤں کے بچے جہاں میں ملازمت کرتی ہوں ، بھمبر کے پرائیویٹ اسکولز میں پڑھنے جاتے ہیں ۔ انہوں نے گھر آ کر اپنے والدین کو بتایا کہ ہم نے اپنے ادارے کی کھڑکیوں میں سے بھارتی طیارے کو جلتے ہوئے اور نیچے گرتے ہوئے دیکھا۔

اس وقت ہماری بلڈنگ اور آس پاس کی عمارتوں کے شیشے بجنے لگے، ہم نے خوف سے چیخیں بھی ماریں۔ پھر پتہ چلا کہ پاک آرمی نے بھارتی طیارہ مار گرایا ہے تو ہم نے پاکستان زندہ باد ،پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ یہ پاک فضائیہ کے مایہ ناز پائلٹ حسن صدیقی کے بھارتی پائلث ابھی نندن کے طیارے کی تباہی کا واقعہ ہے۔

ایک جھرجھری سی محسوس ہوتی ہے کہ ہم کیسے امن اور سکون کے ساتھ اپنے اپنے اداروں میں اور اپنے اپنے گھروں میں اپنے کاموں میں اپنی زندگی میں مصروف ہوتے ہیں اور پاک فوج کے جوان جو دشمن کی چالوں سے بے خبر نہیں ہیں اور ہر وقت مستعد اور ہوشیار ہیں کہ ہم ابھی سوچ ہی رہے تھے کہ آسمان میں کیا ہوا کہ پاک فوج نے دشمن کو تباہ کر کے رکھ دیا۔

ہم اپنے گھروں میں سکون کی نیند سوتے ہیں کیونکہ وہ سرحدوں پر پہرہ دیتے ہوئے ساری رات اپنی آنکھوں میں کاٹ دیتے ہیں۔ سرحد پر کتنی ہی ٹینشن کیوں نہ ہو،وہ محاذ جنگ سے مسکراتی ہوئی تصویریں اپنی ماؤں کو بھیجتے ہیں ۔ بہنیں پوچھتی ہیں، حالات کیسے ہیں، مسکرا کر کہہ دیتے ہیں کہ کوئی پریشانی نہیں سب کچھ کنٹرول میں ہے۔آپ فکر نہ کریں،

حالانکہ وہ یہ تسلی بخش گفتگو اس کنٹرول لائن پر کھڑے ہو کر کہہ رہے ہوتے ہیں، جہاں دشمن انہیں سامنے گھورتا ہوا نظر آ رہا ہوتا ہے اور دشمن کی توپوں کا رخ ان کے چوڑے چکلے سینوں کی طرف ہوتا ہے۔ مگر مجال ہے کہ ہمارے شیردل نوجوان ذرا بھی گھبرا جائیں، یا ہمیں پریشان کریں ۔ زلزلہ ہو یا سیلاب، آندھی ہو یا طوفان، دہشت گردی ہو یا محاذوں پر جنگ،الیکشن ہوں یا کچرا صفائی ،ہمارے فوجی جوان ہر حال میں پاس آؤٹ ہونے کے موقع پر اٹھائے گئے حلف کا بھرم رکھتے ہیں۔

فوج پر تنقید کرنے والوں سے ہم یہ سوال کرتے ہیں کہ فوجی جوان تو آپ کا کچرا تک اٹھانے کے لیے آجاتے ہیں،آپ کے ٹوٹے ہوئے بندوں کے شگاف ان کی قوت بازو سے بھرے جاتے ہیں ،پھر آپ کو اس بات کا قلق کیوں ہے کہ وہ بجٹ کا 70 فیصد کھا جاتے ہیں؟

آپ انہیں بکرے کھلاتے ہیں تو ان کی قربانی بھی بکروں کی طرح لیتے ہیں۔ خرابیاں تو سب اداروں میں موجود ہوتی ہیں، کوئی ادارہ ایسا نہیں جہاں فرشتے کام کرتے ہوں لیکن تنقید کرنے والوں کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان آرمی ہماری محافظ ہے ، ہمارا فحر ہے اور عوام کو اپنی فوج سے جو لگاؤ اور محبت ہے، دنیا کی کوئی طاقت اسے ختم نہیں کر سکتی۔

ذرا سوچئے اس بوڑھی ماں کو جس نے بیٹے کی پیدائش سے لے کر اس کی جوانی تک اس کے افسر بننے کے خواب دیکھے اور سوچئے ! بوڑھے باپ کے کمزور کندھوں کے بارے میں جو بیٹے کے جوان ہونے کا انتظار کرتے رہے کہ کب یہ جوان ہو اور ان کا بوجھ اٹھائے مگر ان کے سامنے پاکستانی پرچم میں لپٹی ہوئی ، تابوت میں بند ان کے بیٹے کی میت جب ان کے سامنے آتی ہے تو وہ کس حوصلے اور صبر کے ساتھ بیٹے کو مادرِ وطن کی آغوش میں سلا دیتے ہیں۔ اسی لیے ہم نے پاک فوج کو سارے گناہ معاف کئے ہوئے ہیں۔ خدارا ! آپ بھی کر دیجئے۔

پاکستان پائندہ باد
پاک فوج زندہ باد


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں