بے لاگ بات کرنے والا واحد سیاست دان

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

فیض اللہ خان………
دفتر سے نکلا اور مشینی انداز میں گاڑی کا رخ اسلامک ریسرچ اکیڈمی کی جانب موڑ دیا وہاں پہنچنے کے بعد پتہ چلا کہ سیدی کھانا کھا رہے ہیں انکے لنچ میں بن بلائے مہمان کی طرح شرکت کی اور اسکے بعد چائے پہ ملاقات ہوئی ۔
سید منور حسن جیسے سیاست دان کم ہی بچے ہیں بالخصوص ماضی کے سیاسی واقعات کے عینی شاہد رہے ہیں پڑھے لکھے ہیں میز پہ ہمیشہ کتابوں کا ڈھیر رہتا ہے اور زرا سے عرصے کے بعد پرانی کی جگہ نئی کتابیں لے لیتی ہیں سید صاحب بذات خود ایک تاریخ ہیں پیرانہ سالی بڑھاپا اور عمر کا تقاضا کرتی کمزوری کی وجہ سے ہڈیاں بہت نمایاں ہوچکی ہیں آواز میں وہ تمکنت بھی نہ رہی دھیرے دھیرے بولتے ہیں لیکن حاضر جوابی پہلے کی طرح برقرار ہے مجلس کے اختتام پہ جب میں نے کہا کہ اجازت دیجئے تو بولے ” ہم تو نہیں دے رہے اجازت بیٹھے رھئیے، آپ چاھئیے تو خود ہی لے لیں ” ۔

گفتگو حسب معمول ماضی و حال کی سیاست، تحریک، نظریات وغیرہ پہ رہی ۔ ایک اہم بات انہوں یہ بھی بتائی کہ روس کی کمیونسٹ پارٹی نے آخری اجلاس میں اپنے خلاف ہی قرار داد منظور کی جو کہ شکست خوردگی کی بڑی علامت تھی، سیدی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماری درسگاہوں میں مسلم تاریخ پڑھائی جاتی ہے اسلامی نہیں ۔
اچھی بات یہ ہے کہ سید آج بھی کھل کر بے لاگ انداز میں اپنی رائے دیتے ہیں ۔

میری کراچی کے اہل علم اور نوجوانوں سے درخواست ہے کہ چاھے انکا تعلق کسی بھی مکتب و نظریئے سے ہو، ان سے ضرور ملاقات کریں ۔ ایسی شخصیات ویسے بھی خال خال ملتی ہیں ۔
ساتھ ہی میری گزارش ہوگی کہ انکے ویڈیو بیانات ریکارڈ کئیے جائیں جو انکی نوجوانی سے اب تک کے سیاسی تحریکی نظریاتی جدوجہد کو بیان کرتے ہوں ، خوش قسمتی سے انکی اپنے دور کے سیاسی رہنماؤں حالات انداز حکمرانی یا سماج پہ گھری نظر ہے اس سے فیض سمیٹنا لازم ہے ۔
زندہ افراد کی قدر کرنا بہت اہم ہے، بعد کے نوحے تو کوئی بھی لکھ پڑھ سکتا ہے

ملاقات کے دورن انکا بیٹا اور میرا دوست طلحہ بھی آگیا اس نے بتایا کہ ابو ابھی بھی فجر کی نماز سے ایک گھنٹہ قبل مسجد ہوتے ہیں ۔
سیدی تقریباً روزآنہ اسلامک ریسرچ اکیڈمی فیڈرل بی ایریا طاھر ولا چورنگی (اب چورنگی ختم ہوچکی سگنل ہے ) کے قریب صبح گیارہ سے شام چار تک ہوتے ہیں، خواہشمند احباب وقت نکال کر ملاقات کرسکتے ہیں.


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں