Bilawal marriage of a girl of Liechtenstein

بلاول بھٹو زرداری کی شادی کی افواہیں گرم، لیکٹنسٹائن میں منگنی کی خبروں سے متعلق حقیقت سامنے آگئی

·

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ذاتی زندگی اور ممکنہ شادی کے حوالے سے غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں کا سلسلہ سوشل میڈیا پر گرم ہے۔

غیر مصدقہ ذرائع سے یہ دعوے کیے جا رہے ہیں کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ یورپی ملک ‘لیکٹنسٹائن’ کا دورہ کیا تاکہ اپنے بیٹے کی شادی کی تاریخ طے کی جا سکے۔ ان رپورٹس میں مزید کہا گیا کہ بلاول بھٹو کی شادی رواں سال کے آخر تک ہو سکتی ہے اور ان کی مبینہ منگیتر کا تعلق لیکٹنسٹائن کے دارالحکومت ‘واڈوز’ (Vaduz) سے بتایا جا رہا ہے۔

تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ان تمام خبروں اور دعووں کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔

کراچی کے میئر اور بلاول بھٹو کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سوشل میڈیا پر اپنے ردِعمل میں واضح کیا کہ پی پی پی چیئرمین کی منگنی یا شادی کے بارے میں گردش کرنے والی تمام رپورٹس ’غلط اور بے بنیاد‘ ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری یا ان کے خاندان کی جانب سے منگنی کی تصدیق کا کوئی بھی رسمی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا، جس کا مطلب ہے کہ یہ تمام خبریں محض غیر مصدقہ افواہیں ہیں۔

واضح رہے کہ ‘لیکٹنسٹائن’ مغرب وسطیٰ یورپ کی ایک چھوٹی اور خودمختار ریاست ہے جو سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا کے درمیان واقع ہے، جبکہ ‘واڈوز’ اس کا سیاسی و انتظامی دارالحکومت ہے۔

بلاول بھٹو ماضی میں بھی اپنی شادی کے حوالے سے میڈیا پر بات کرتے رہے ہیں، تاہم انہوں نے کبھی کسی خاص خاتون یا شادی کی تاریخ کے بارے میں تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

سال 2022 میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر جب ایک صحافی نے اس وقت کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو سے شادی کے منصوبے سے متعلق سوال پوچھا، تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا تھا: ’جی بالکل، میرا شادی کا ارادہ ہے۔‘ تاہم انہوں نے تاریخ سے متعلق مزید کچھ بتانے سے گریز کیا تھا۔

اس سے قبل 2016 میں بھی شادی کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی ہونے والی دلہن کو سب سے پہلے ان کی بہنوں کا دل جیتنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا: ’درست انتخاب کے لیے لڑکی کو سب سے پہلے میری بہنوں کو متاثر کرنا پڑے گا۔ مجھے اپنی بہنوں کو اعتماد میں لینا ہوگا اور ان کا دل جیتنا کسی بھی لڑکی کے لیے ایک کافی مشکل کام ہے۔‘

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں