تبلیغی جماعت پاکستان کے نئے امیر مولانا احمد بٹلہ

تبلیغی جماعت پاکستان کے نئے امیر مولانا احمد بٹلہ کون ہیں؟

·

تبلیغی جماعت پاکستان کی قیادت میں اہم تبدیلی سامنے آئی ہے اور مولانا احمد بٹلہ کو مشاورت کے بعد پاکستان میں تبلیغی جماعت کا نیا امیر منتخب کر لیا گیا ہے۔ وہ مرحوم مولانا نذرالرحمان کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے، جن کا 16 نومبر 2026 کو 97 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق مولانا نذرالرحمان کے انتقال کے بعد رائیونڈ مرکز میں تبلیغی جماعت کے اکابرین اور بزرگوں کی مشاورت ہوئی، جس میں مولانا احمد بٹلہ کو جماعت کی امارت سونپنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مولانا احمد بٹلہ طویل عرصے سے رائیونڈ مرکز سے وابستہ ہیں اور تبلیغی جماعت کے سینئر رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔

مولانا احمد بٹلہ عالمی شوریٰ کے رکن، رائیونڈ مرکز کے بزرگ اور طویل عرصے تک تبلیغی جماعت پاکستان کے نائب امیر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ وہ دینی تعلیم و تدریس سے بھی وابستہ رہے ہیں اور رائیونڈ مرکز میں شیخ الحدیث کی حیثیت سے پہچانے جاتے ہیں۔

ان کا شمار ان شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی زندگی تبلیغی سرگرمیوں، دینی تعلیم اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ ان کے بیانات میں سادگی، اخلاص، سنت نبوی ﷺ کی پیروی اور دینی ذمہ داریوں کی ادائیگی پر خصوصی زور دیا جاتا ہے۔ ان کا اندازِ بیان سادہ، پُراثر، درد مندانہ اور اصلاحی ہوتا ہے، جس کی وجہ سے تبلیغی حلقوں میں انہیں خاص احترام حاصل ہے۔

مولانا احمد بٹلہ کا نام تبلیغی جماعت کی قیادت کے لیے پہلے بھی سامنے آ چکا ہے۔ نومبر 2018 میں تبلیغی جماعت پاکستان کے تیسرے امیر حاجی محمد عبدالوہاب کے انتقال کے بعد جانشینی کے معاملے پر مشاورت کی گئی تھی۔

حاجی محمد عبدالوہاب نے 17 ستمبر 2015 کو تحریر کردہ اپنی وصیت میں جانشینی کے لیے تین نام تجویز کیے تھے، جن میں مولانا نذرالرحمان، مولانا احمد بٹلہ اور مولانا عبیداللہ خورشید شامل تھے۔

بعد ازاں جماعت کے اکابرین نے باہمی مشاورت سے مولانا نذرالرحمان کو نیا امیر منتخب کیا، جبکہ مولانا احمد بٹلہ کو نائب امیر کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ مولانا نذرالرحمان کے انتقال کے بعد اب یہ ذمہ داری مولانا احمد بٹلہ کے سپرد کی گئی ہے۔

مولانا نذرالرحمان نے 2018 سے اپنے انتقال تک تقریباً آٹھ برس تبلیغی جماعت پاکستان کی قیادت کی۔ وہ ایک ممتاز عالم دین اور استاذ الحدیث تھے۔ ان کی وفات پر وزیراعظم شہباز شریف سمیت مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی دینی و تبلیغی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تبلیغی جماعت دنیا کی بڑی اسلامی دعوتی اور اصلاحی تحریکوں میں شمار ہوتی ہے، جس کا بنیادی مقصد مسلمانوں کو دین اسلام کی بنیادی تعلیمات پر عمل کرنے، نماز کی پابندی، اخلاق و کردار کی اصلاح اور سنت نبوی ﷺ کے مطابق زندگی گزارنے کی ترغیب دینا ہے۔

اس تحریک کی بنیاد برصغیر پاک و ہند میں 1920 کی دہائی کے دوران معروف عالم دین مولانا محمد الیاس کاندھلوی نے رکھی۔ اس کا باقاعدہ آغاز بھارت کے علاقے میوات سے ہوا، جہاں مولانا محمد الیاس نے مسلمانوں کی دینی تعلیم و تربیت اور اسلامی شعائر سے وابستگی مضبوط بنانے کے لیے دعوتی سرگرمیاں شروع کیں۔ بعد ازاں یہ تحریک برصغیر سے نکل کر دنیا کے مختلف ممالک تک پھیل گئی۔

تبلیغی جماعت کی دعوتی سرگرمیوں کی بنیاد چھ بنیادی باتوں پر رکھی گئی ہے، جنہیں جماعت کی اصطلاح میں چھ نمبر بھی کہا جاتا ہے:

1. کلمہ طیبہ: اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور حضرت محمد ﷺ کی رسالت پر ایمان کو مضبوط کرنا اور اس کے تقاضوں کے مطابق زندگی گزارنا۔

2. نماز: پانچ وقت کی نماز پابندی کے ساتھ ادا کرنا اور خشوع و خضوع پیدا کرنا۔

3. علم و ذکر: دین کی ضروری باتیں سیکھنا، ان پر عمل کرنا اور اللہ تعالیٰ کا ذکر کرتے رہنا۔

4. اکرام مسلم: ہر مسلمان کے ساتھ عزت، محبت، احترام اور حسنِ سلوک سے پیش آنا۔

5. اخلاصِ نیت: ہر نیک عمل صرف اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے کرنا اور دکھاوے سے اجتناب کرنا۔

6. دعوت و تبلیغ: اپنی اصلاح کے ساتھ دوسرے مسلمانوں کو بھی دین کی بنیادی تعلیمات پر عمل کرنے کی دعوت دینا۔

تبلیغی جماعت کا ایک نمایاں طریقہ یہ ہے کہ اس کے کارکن مختلف علاقوں میں چھوٹی چھوٹی جماعتوں کی شکل میں سفر کرتے ہیں۔ یہ جماعتیں مساجد میں قیام کرتی ہیں، مقامی مسلمانوں سے ملاقاتیں کرتی ہیں اور انہیں نماز، دینی تعلیم اور اسلامی طرزِ زندگی اختیار کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔

ان تبلیغی سرگرمیوں میں تین روز، دس روز، چالیس روز اور چار ماہ کے تبلیغی سفر کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ جماعت کے کارکن اپنی روزمرہ مصروفیات سے وقت نکال کر ان سفروں میں شرکت کرتے ہیں۔ ان کا مقصد کسی سیاسی سرگرمی یا اقتدار کا حصول نہیں بلکہ مسلمانوں کی انفرادی اور اجتماعی دینی اصلاح بتایا جاتا ہے۔

تبلیغی جماعت میں مقامی سطح پر مساجد، علاقائی مراکز اور بڑے مراکز کے ذریعے دعوتی سرگرمیوں کو منظم کیا جاتا ہے۔ باہمی مشاورت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اور اہم معاملات میں جماعت کے بزرگوں اور ذمہ داران کی رائے لی جاتی ہے۔

پاکستان میں تبلیغی جماعت کا مرکزی دفتر رائیونڈ، لاہور کے قریب واقع ہے، جسے رائیونڈ مرکز کہا جاتا ہے۔ یہ مرکز پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں تبلیغی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی، مشاورت اور رہنمائی کا اہم مقام ہے۔

رائیونڈ میں ہر سال عالمی تبلیغی اجتماع منعقد ہوتا ہے، جس میں پاکستان کے مختلف علاقوں کے علاوہ بیرون ملک سے بھی لاکھوں مسلمان شرکت کرتے ہیں۔ اجتماع میں دینی بیانات، اصلاحی گفتگو، ذکر و دعا اور اجتماعی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس اجتماع کو دنیا کے بڑے مذہبی اجتماعات میں شمار کیا جاتا ہے۔

تبلیغی جماعت کے دیگر اہم مراکز بھارت کے نظام الدین، بنگلہ دیش کے ٹونگی اور دنیا کے متعدد ممالک میں قائم ہیں۔

تبلیغی جماعت کی ابتدائی قیادت مولانا محمد الیاس کاندھلوی نے کی۔ 1944 میں ان کے انتقال کے بعد مولانا محمد یوسف کاندھلوی نے ذمہ داریاں سنبھالیں، جبکہ 1965 میں ان کے انتقال کے بعد مولانا انعام الحسن کاندھلوی جماعت کے تیسرے امیر بنے۔ مولانا انعام الحسن 1995 تک اس منصب پر فائز رہے۔

پاکستان میں حاجی محمد عبدالوہاب جماعت کے نمایاں ترین رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔ ان کے انتقال کے بعد 2018 میں مولانا نذرالرحمان کو پاکستان میں جماعت کی امارت سونپی گئی۔ اب مولانا نذرالرحمان کے انتقال کے بعد مولانا احمد بٹلہ کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔

تبلیغی جماعت کی ایک نمایاں خصوصیت اس کا غیر سیاسی دعوتی مزاج، رضاکارانہ نظام اور مشاورت پر مبنی طریقہ کار ہے۔ اس تحریک سے وابستہ افراد اپنی ذاتی زندگی میں دینی پابندیوں کو اختیار کرنے اور دوسرے مسلمانوں تک دین کی دعوت پہنچانے کو اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں