400 سال سے زائد عمر، ڈیڑھ صدی بعد بلوغت اور تاریکی میں دیکھنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھنے والی قدرت کی حیرت انگیز مخلوق
تحریر: میر بابر مشتاق
کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ سمندر کی گہرائیوں میں کوئی ایسی مخلوق بھی موجود ہے جو انسانی تاریخ کے کئی ادوار اپنی آنکھوں سے دیکھ چکی ہو؟ جس نے سلطنتوں کو بنتے اور بکھرتے، تہذیبوں کو عروج و زوال سے گزرتے اور دنیا کا نقشہ بدلتے دیکھا ہو؟ یہ کوئی افسانوی کردار نہیں بلکہ حقیقت ہے۔
قطب شمالی کے برفیلے پانیوں میں آباد ایک ایسی مچھلی بھی موجود ہے جس کی عمر 400 سے 500 سال تک ہوسکتی ہے۔ اسے گرین لینڈ شارک (Greenland Shark) کہا جاتا ہے اور یہ دنیا کے طویل العمر ترین فقاری جانوروں میں شمار ہوتی ہے۔
گویا آج سمندر کی تاریکیوں میں تیرنے والی کوئی شارک ممکن ہے اس وقت بھی زندہ رہی ہو جب برصغیر میں مغلیہ سلطنت اپنے عروج پر تھی اور یورپ میں بادشاہتوں کا دور تھا!
1606ء: ایک ممکنہ تاریخ پیدائش
2016ء میں معروف سائنسی جریدے ’ سائنس‘(Science) میں شائع ہونے والی ایک تحقیق نے اس مچھلی کی غیر معمولی عمر کے راز سے پردہ اٹھایا۔ سائنس دانوں نے 28 مادہ گرین لینڈ شارکس کی آنکھوں کے عدسوں میں موجود پروٹینز کی ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کے ذریعے ان کی عمروں کا اندازہ لگایا۔
تحقیق میں سب سے بڑی، تقریباً پانچ میٹر طویل شارک کی عمر 392 سال متعین کی گئی، تاہم اس تخمینے میں 120 سال تک کمی بیشی کا امکان بھی موجود تھا۔ اس اعتبار سے اس کی ممکنہ عمر 272 سے 512 سال کے درمیان ہوسکتی تھی۔
اسی تحقیق کی بنیاد پر اس شارک کی پیدائش کا ممکنہ زمانہ تقریباً 1504ء سے 1744ء کے درمیان قرار دیا گیا۔ اس مدت کا وسطی تخمینی سال 1606ء بنتا ہے۔ اس لیے یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ اس کی پیدائش یقینی طور پر 1606ء میں ہوئی تھی، البتہ اس سال کو اس کی ممکنہ تاریخ پیدائش کے تخمینے کے طور پر پیش کیا جاسکتا ہے۔
عام طور پر مچھلیوں کی عمر کا اندازہ ان کی ہڈیوں یا جسم کے سخت حصوں پر بننے والی تہوں سے لگایا جاتا ہے، لیکن گرین لینڈ شارک میں عمر کے تعین کے لیے ایسے واضح نشانات دستیاب نہیں۔ چنانچہ سائنس دانوں نے اس کی آنکھ کے عدسے میں موجود پروٹینز کا سہارا لیا۔ ان پروٹینز میں کاربن کی مقدار کا تجزیہ کرکے عمر کا اندازہ لگایا گیا۔ اس طریقے کو ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کہا جاتا ہے۔
ڈیڑھ صدی بعد جوانی!
اس شارک کی جسمانی نشوونما بھی اس کی عمر کی طرح حیران کن ہے۔ یہ سال بھر میں بمشکل نصف سے ایک سینٹی میٹر تک بڑھتی ہے۔ سائنس دانوں کے اندازوں کے مطابق مادہ گرین لینڈ شارک تقریباً 156 سال کی عمر میں جنسی بلوغت کو پہنچتی ہے۔ گویا اسے افزائش نسل کے قابل ہونے کے لیے ڈیڑھ صدی سے زیادہ عرصہ درکار ہوتا ہے۔
ی
بیالیس ( 42 ) جزیرے جو تیرتے ہیں
ایک ٹیچر جو بیک وقت 25 سکولوں میں پڑھاتی، 1 کروڑ کماتی رہی
ریسٹورنٹ جہاں ایک دن میں صرف ایک شخص کھانا کھائے گا
ذرا تصور کیجیے! انسان کی کئی نسلیں گزر جائیں، مگر یہ مخلوق ابھی اپنی جوانی کی دہلیز پر پہنچ رہی ہو۔ قدرت نے اس کے جسم کی نشوونما کا نظام کس قدر مختلف بنایا ہے!
صدیوں بعد بھی بینائی محفوظ!
گرین لینڈ شارک کے بارے میں ایک عرصے تک یہ خیال کیا جاتا رہا کہ اس کی غیر معمولی طویل عمر، گہرے سمندر کی تاریکی اور آنکھوں پر چپکے رہنے والے طفیلی جانداروں کے باعث اس کی بینائی تقریباً ختم ہوچکی ہوگی۔ اس کی آنکھوں پر بعض اوقات ایک طفیلی جاندار بھی موجود ہوتا ہے جو قرنیے کو متاثر کرتا ہے۔
لیکن جنوری 2026ء میں سائنسی جریدے ’نیچر کمیونیکیشنز‘(Nature Communications) میں شائع ہونے والی ایک نئی تحقیق نے اس تصور کو بدل دیا۔ محققین نے دریافت کیا کہ گرین لینڈ شارک کا بصری نظام نہ صرف برقرار ہے بلکہ گہرے سمندر کے انتہائی کم روشنی والے ماحول سے مطابقت رکھنے کی غیر معمولی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
تحقیق کے مطابق اس کی آنکھ کے پردے، یعنی ریٹینا میں ایسے مخصوص خلیات موجود ہیں جو تاریکی میں دیکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ انہیں ’راڈز‘ (Rods) کہا جاتا ہے۔ اس کے برعکس روشن ماحول میں رنگوں اور باریک تفصیلات کو دیکھنے والے ’کونز‘ (Cones) اس کے بصری نظام میں فعال نہیں یا انتہائی محدود ہیں۔ یوں اس کی آنکھیں گہرے سمندر کی تاریکی کے مطابق ڈھلی ہوئی ہیں۔
مزید حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ایک صدی سے زیادہ عمر کے زیر مطالعہ نمونوں میں ریٹینا کے زوال یا خرابی کی واضح علامات نہیں ملیں۔ محققین نے اس کی آنکھوں میں ڈی این اے کی مرمت سے متعلق جینز کی نمایاں سرگرمی بھی دیکھی۔ سائنس دانوں کا خیال ہے کہ یہ نظام آنکھوں کے خلیات کو طویل عرصے تک محفوظ رکھنے میں مددگار ہوسکتا ہے۔
اس کے علاوہ ریٹینا میں مخصوص چکنائیوں، خصوصاً ڈی ایچ اے (DHA) اور انتہائی طویل زنجیر والے کثیر غیر سیر شدہ چکنائی کے تیزاب (VLC-PUFAs) کی نمایاں مقدار بھی دریافت ہوئی۔ یہ اجزا بصری پروٹینز کی کارکردگی اور خلیاتی جھلیوں کی لچک برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ یوں معلوم ہوتا ہے کہ قدرت نے اس مخلوق کے بصری نظام کو بھی اس کے انتہائی سرد اور تاریک ماحول کے مطابق غیر معمولی انداز میں ڈھالا ہے۔
انڈے نہیں، زندہ بچے جنم دیتی ہے!
گرین لینڈ شارک کی افزائش نسل کا معاملہ بھی دلچسپی سے خالی نہیں۔ یہ انڈے دینے کے بجائے اپنے جسم کے اندر جنین کی پرورش کرتی ہے اور زندہ بچوں کو جنم دیتی ہے۔ تاہم اس کے حمل کی مدت کے بارے میں ابھی تک حتمی سائنسی معلومات دستیاب نہیں۔
بعض ریاضیاتی تخمینوں میں اس کے حمل کی مدت 8 سے 18 سال تک بتائی گئی ہے، لیکن محققین نے ان اندازوں کی بنیادوں پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ اسی طرح اس کے بچوں کی تعداد کے بارے میں بھی سائنسی آرا مختلف ہیں۔ ایک مشاہدے میں تقریباً دس بچوں کا ذکر ملتا ہے، جب کہ دیگر مطالعات میں اس کی تولیدی صلاحیت کے حوالے سے زیادہ تعداد کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ تاہم ان معلومات کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق درکار ہے۔
معدومیت کے خطرات
اتنی طویل عمر رکھنے کے باوجود گرین لینڈ شارک محفوظ نہیں۔ اس کی سست رفتار نشوونما اور افزائش نسل میں غیر معمولی تاخیر اسے انسانی سرگرمیوں اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے مقابلے میں خاصا حساس بناتی ہے۔
تجارتی ماہی گیری کے دوران یہ دوسری مچھلیوں کے ساتھ جال میں پھنس جاتی ہے۔ اس کی تعداد میں کمی واقع ہوجائے تو دوبارہ آبادی بڑھنے میں کئی دہائیاں بلکہ صدیاں لگ سکتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سائنس دان اس کے تحفظ، غیر ضروری شکار کی روک تھام اور سمندری محفوظ پناہ گاہوں کے قیام پر زور دیتے ہیں۔ بین الاقوامی ادارے بھی اسے تحفظ کے حوالے سے تشویش کا باعث بننے والی انواع میں شمار کرتے ہیں۔
قدرت کی ایک حیرت انگیز تخلیق
گرین لینڈ شارک محض ایک طویل العمر مچھلی نہیں بلکہ قدرت کے ان سربستہ رازوں میں سے ایک ہے جنہیں سمجھنے کے لیے انسان آج بھی تحقیق کررہا ہے۔ ایک ایسی مخلوق جو چار یا پانچ صدیوں تک زندہ رہ سکتی ہے، جس کی نشوونما انتہائی سست ہے، جو ڈیڑھ صدی سے زیادہ عرصے بعد بلوغت کو پہنچتی ہے اور جس کی بینائی بھی غیر معمولی طویل عمر کے باوجود محفوظ رہ سکتی ہے۔
اس کی زندگی کے یہ حیرت انگیز پہلو ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ کائنات میں انسانی علم ابھی کتنا محدود ہے۔ انسان نے سمندروں کی گہرائیوں سے خلا کی وسعتوں تک بہت کچھ دریافت کیا ہے، لیکن قدرت کی تخلیقات میں اب بھی بے شمار راز پوشیدہ ہیں۔
واقعی، قدرت کی اس انوکھی تخلیق کو دیکھ کر بے اختیار زبان سے نکلتا ہے:
فَتَبَارَكَ اللَّهُ أَحْسَنُ الْخَالِقِينَ
’پس بڑا بابرکت ہے اللہ، جو سب سے بہترین پیدا کرنے والا ہے۔ ‘ (سورۃ المؤمنون: 14)
حوالہ جات:
Nielsen et al., Science، 2016، DOI: 10.1126/science.aaf1703۔
Fogg et al., Nature Communications، 2026، DOI: 10.1038/s41467-025-67429-6۔
Nielsen et al., PLOS ONE، 2020۔
COSEWIC، Greenland Shark: Assessment and Status Report، 2025۔
Viviparity in the Greenland Shark، Placenta، 2020۔









