امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ Us president donald trump

ٹرمپ کا احتساب کیوں ضروری ہے؟

·


امریکی وسط مدتی انتخابات میں واضح کامیابی کے بعد، ڈیموکریٹس پارٹی کے سامنے اہم سوال یہ ہے کہ آئندہ کی ترجیحات کیا ہوں؟ پارٹی کے ایک حلقے کا خیال ہے کہ مہنگائی اور عوام کے روزمرہ مسائل پر توجہ دی جائے، جبکہ دوسرا حلقہ سمجھتا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی بدعنوانیوں اور غیر قانونی اقدامات کا احتساب بھی ضروری ہے۔

امریکہ میں ماضی میں بھی طاقت ور حکمرانوں کو احتساب سے بچنے کے مواقع ملتے رہے ہیں۔ صدر رچرڈ نکسن کو استعفیٰ دینا پڑا، لیکن ان کے جانشین نے انھیں صدارتی معافی دے دی۔ صدر رونالڈ ریگن  کے دور میں ایران کونٹرا اسکینڈل سامنے آیا۔ 1985ء میں امریکی انتظامیہ نے پابندی کے باوجود ایران کو خفیہ طور پر اسلحہ فروخت کیا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم نکاراگوا کے حکومت مخالف مسلح باغیوں کی مدد کے لیے استعمال کی۔ تحقیقات کے باوجود اعلیٰ حکومتی قیادت کا مؤثر احتساب نہ ہوسکا۔ اسی طرح ابو غریب جیل میں قیدیوں پر تشدد کے واقعے کے بعد صدر باراک اوباما  نے بھی ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنے پر زور دیا۔

ٹرمپ دور میں سیاسی وفاداری کے بدلے قانونی تحفظ اور صدارتی معافی کی توقع نے احتساب کا نظام کمزور کیا ہے۔ اگر اس روایت کو نہ روکا گیا تو مستقبل کے حکمران بھی قانون سے بالاتر سمجھیں گے۔ عالمی اعتماد کی بحالی کے لیے بدعنوانیوں کا کھلا احتساب اور ٹرمپ ازم سے لاتعلقی ضروری ہے۔

ڈیموکریٹس ایوانِ نمائندگان میں اپنی اکثریت کے ذریعے درج ذیل اقدامات کرسکتے ہیں:

کانگریس میں طلبی: ٹرمپ انتظامیہ کے عہدے داروں اور بااثر کاروباری شخصیات، خصوصاً جیرڈ کشنر سے حلفیہ پوچھ گچھ کی جائے۔

ایلون مسک کی تحقیقات: محکمہ حکومتی کارکردگی (DOGE) میں 2025ء کے اقدامات، سرکاری معلومات کے استعمال اور مسک کی کمپنیوں کے حکومتی مفادات سے تعلقات کی تحقیقات کی جائیں۔

قانونی کارروائی: اگر متعلقہ افراد کانگریس میں پیش ہونے سے انکار کریں تو عدالتوں سے رجوع کیا جائے۔

مؤاخذہ: ٹرمپ کی کابینہ کے ان ارکان کے خلاف مؤاخذے کی کارروائی شروع کی جائے جن پر سنگین الزامات ہیں، خصوصاً وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور وزیر صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر ۔

سینیٹ میں مؤاخذے کے لیے مطلوبہ ووٹ نہ ہونے کے باوجود یہ کارروائی بے فائدہ نہیں۔ اس سے بدعنوانیوں اور اختیارات کے غلط استعمال کے شواہد عوام کے سامنے آسکتے ہیں اور ان کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب ہوسکتا ہے، جو مستقبل میں محکمہ انصاف کی آزادانہ تحقیقات اور قانونی کارروائی میں مدد دے گا۔

ڈیموکریٹس کے بعض رہنما سمجھتے ہیں کہ احتساب کے بجائے عوام کے معاشی مسائل کو ترجیح دینی چاہیے، لیکن دونوں کام بیک وقت کیے جاسکتے ہیں۔ مہنگائی اور عوامی مشکلات پر توجہ دینے کے ساتھ حکمرانوں کو قانون کے سامنے جواب دہ بنانا بھی ضروری ہے۔ ورنہ یہ روایت مضبوط ہوگی کہ طاقت ور افراد قانون سے بالاتر ہیں اور ان کے اقدامات کے کوئی نتائج نہیں نکلتے۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں