انگلینڈ میں اطالوی کھانوں کی تلاش سونیا گاندھی کو کیمبرج کے ایک چھوٹے سے یونانی ریستوران تک لے گئی، جہاں 1965 میں ان کی ملاقات راجیو گاندھی سے ہوئی۔
اپنی کتاب میں انہوں نے اپنی محبت کے سفر کی یادیں تازہ کی ہیں، جو ایک ریستوران سے شروع ہو کر شادی، خاندانی زندگی اور عوامی ذمہ داریوں تک پہنچا۔
1۔ سب کچھ اطالوی کھانے کی تلاش سے شروع ہوا
سونیا گاندھی کی راجیو سے پہلی ملاقات کسی منصوبے کا نتیجہ نہیں تھی۔ وہ ان دنوں انگلینڈ میں رہ کر انگریزی کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں اور ایسی جگہیں تلاش کرتی پھرتی تھیں جہاں اٹلی جیسا کھانا ملتا ہو۔
یہ بھی پڑھیے
’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘: سونیا گاندھی نے اپنی یادداشتوں میں کیا انکشافات کیے؟
انڈیا کے سابق وزیراعظم راجیوگاندھی کے قتل سے پہلے کیا ہوا تھا؟ مکمل کہانی
انہوں نے بتایا کہ اُس وقت ریستوران آج کی طرح عام نہیں تھے، اس لیے مانوس ذائقے کا کھانا ڈھونڈنا مشکل تھا۔ یہی تلاش انہیں کیمبرج کے ایک چھوٹے سے یونانی ریستوران ’دی ورسٹی‘ تک لے گئی، جہاں یورپی اور ہندوستانی طلبہ اکثر آیا کرتے تھے۔
1965 میں اسی ریستوران میں ان کی ملاقات راجیو گاندھی سے ہوئی، جو ان دنوں کیمبرج کے ٹرنٹی کالج میں زیرِ تعلیم تھے۔ سونیا گاندھی کے بقول، یہی وہ جگہ تھی جہاں ان کی محبت کے سفر کا آغاز ہوا۔
2۔ ایک مشترکہ دوست نے تعارف کروایا
دونوں کی ملاقات کسی رسمی بندوبست کے تحت نہیں ہوئی۔ ریستوران میں ایک مشترکہ دوست نے انہیں ایک دوسرے سے متعارف کروایا۔
سونیا گاندھی نے بتایا کہ ابتدا میں دونوں دوست بنے اور پھر رفتہ رفتہ ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے لگے۔
ان کا کہنا تھا ’ہم دوستوں کے ساتھ پارٹیوں میں جایا کرتے تھے۔‘
یہ دوستی آگے چل کر تعلق میں بدل گئی۔ پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ انہیں تقریباً فوراً ہی محسوس ہو گیا تھا کہ راجیو وہ شخص ہیں جن کے ساتھ وہ زندگی گزارنا چاہیں گی۔ بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ راجیو کے دل میں بھی یہی جذبات تھے۔
3۔ صرف ظاہری وجاہت ہی نہیں، کچھ اور بھی بھایا
سونیا نے راجیو گاندھی کے بارے میں اپنے پہلے تاثر پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے کہا ’ظاہر ہے، وہ بہت خوش شکل تھے۔‘
In a small Greek restaurant in Cambridge my journey of love began. Rajiv and I created a world filled with love, laughter and memories. On 10th November, I share that world with you. https://t.co/zvN5Rqqstf
— Sonia Gandhi (@SoniaGandhi) October 24, 2026
تاہم انہیں ان کی شخصیت کا ایک اور پہلو بھی یاد رہا۔ انہوں نے راجیو کو نرم مزاج قرار دیا اور کہا کہ ان کی یہی نرمی دل کو چھو گئی۔
یہ پہلا تاثر برسوں تک ان کے ذہن میں نقش رہا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی ملاقات میں راجیو کی شخصیت نے ان پر جو اثر ڈالا، اسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکتیں۔
4۔ سونیا کو ابتدا میں راجیو کے سیاسی خاندان کا علم نہیں تھا
ان کا رشتہ اس حال میں شروع ہوا کہ سونیا راجیو کے سیاسی پس منظر سے پوری طرح واقف نہیں تھیں۔
سونیا کو ابتدا میں یہ معلوم نہیں تھا کہ راجیو جواہر لعل نہرو کے نواسے اور اس وقت کی وزیرِاعظم اندرا گاندھی کے بیٹے ہیں۔
برطانیہ کے دورے کے دوران ایک اخبار میں اندرا گاندھی کی تصویر دیکھ کر انہیں راجیو کے خاندانی پس منظر کا پتا چلا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ راجیو کے نام کے ساتھ جڑی سیاسی وراثت کو پوری طرح سمجھنے سے پہلے ہی سونیا کی دلچسپی ان میں پیدا ہو چکی تھی۔
اُن دنوں راجیو گاندھی سیاست میں آنے کا ارادہ بھی نہیں رکھتے تھے۔ انہیں ہوا بازی کا شوق تھا اور بعد میں انہوں نے انڈین ایئرلائنز میں بطور پائلٹ ملازمت کی۔
5۔ کیمبرج کی رومانوی داستان سے دہلی کی شادی تک
تعلق پروان چڑھنے کے بعد سونیا اور راجیو نے شادی کا فیصلہ کیا۔ دونوں 25 فروری 1968 کو نئی دہلی میں ہندو رسومات کے مطابق رشتۂ ازدواج میں بندھ گئے۔ سونیا ہندوستان منتقل ہو گئیں اور گاندھی خاندان کا حصہ بن گئیں۔

ایک نمایاں سیاسی گھرانے میں رہنے کے باوجود انہوں نے زیادہ تر نجی زندگی کو ترجیح دی۔ راجیو برسوں تک سیاست سے دور رہے، جبکہ سونیا نے اپنی توجہ گھر اور بچوں پر مرکوز رکھی۔
ان کے رشتے نے عوام کی توجہ بھی حاصل کی۔ ایک تصویر خاص طور پر یادگار رہی، جس میں یہ نوجوان جوڑا انڈیا گیٹ کے قریب آئس کریم سے لطف اندوز ہو رہا تھا۔ اس تصویر کو ’نیو یارک ٹائمز‘ نے بھی شائع کیا تھا۔
تاہم 1980 میں چھوٹے بھائی سنجے گاندھی کی موت کے بعد راجیو گاندھی کے سیاست میں آنے سے ان کی نجی زندگی بدل گئی۔
1984 میں اندرا گاندھی کے قتل کے بعد راجیو گاندھی وزیرِاعظم بنے۔ 21 مئی 1991 کو تمل ناڈو کے علاقے سری پیرمبدور میں انتخابی مہم کے دوران انہیں قتل کر دیا گیا۔
بعد ازاں سونیا عوامی زندگی میں آئیں اور کانگریس پارٹی کی ایک اہم رہنما بن کر ابھریں۔
There’s bound to be some tamasha when this book comes out. After all, others have spent decades telling my “story”, now it’s my turn. https://t.co/jDy5vBI8ey
— Sonia Gandhi (@SoniaGandhi) October 27, 2026
اب ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کے ذریعے وہ ایک ایسے رشتے کو دوبارہ یاد کرتی ہیں جس کا آغاز کیمبرج کے ایک ریستوران میں تعارف سے ہوا اور جو شادی، خاندانی زندگی اور عوامی ذمہ داریوں کے تقاضوں کے ساتھ آگے بڑھتا رہا۔








