دس نومبر دو ہزار چھبیس کو سابق بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی بہو، سابق بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی کی اہلیہ اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی والدہ سونیا گاندھی نے ’ بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کے عنوان سے یادداشتوں کی ایک کتاب منظر عام پر آئی ہے۔
یہ کتاب ہارپر کالنز انڈیا نے 544 صفحات میں شائع کی ہے اور اس میں دوسری عالمی جنگ کے بعد اٹلی میں گزرا بچپن، نہرو گاندھی خاندان میں شادی، راجیو کا قتل اور سیاست میں آمد جیسے مراحل شامل ہیں۔
دلچسپ بات ہے کہ انڈین نیشنل کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی کی کتاب کو بھارت میں شائع کرنے سے معروف اشاعتی ادارے ‘پینگوین رینڈم ہاؤس انڈیا’ (PRHI) نے انکار کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، پینگوین رینڈم ہاؤس انڈیا مسودے کے ایک حصے میں کچھ ’ادارتی اور متن سے متعلق تبدیلیاں‘ چاہتا تھا، لیکن مصنفہ نے ان تجاویز کو قبول کرنے سے انکار کر دیا، جس کے باعث پبلشر اس کتاب کی اشاعت سے پیچھے ہٹ گیا۔
پینگوین کی دستبرداری کے بعد اب متعدد بھارتی اشاعتی ادارے اس کتاب کے حقوق حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہوئےتاہم پھر قرعہ فال ‘ہارپر کولنز’ کے نام نکلا۔
اگرچہ سونیا گاندھی اس سے قبل بھی کئی کتابیں تحریر اور ایڈٹ کر چکی ہیں، تاہم ان کے ساتھ کام کرنے والوں کا کہنا ہے کہ یہ ان کی زندگی کی سب سے ذاتی اور حتمی داستان ہے۔ اسے ’دنیا کی ایک ممتاز ترین خاتون رہنما کی دلکش آپ بیتی قرار دیا جارہا ہے، جو محبت، خاندان اور بھارت جیسے سحر انگیز ملک کی ایک جاندار کہانی بیان کرتی ہے‘۔
کتاب کے تعارف میں سونیا گاندھی کے حوالے سے کہا گیا ہے ’میرے خاندان کے بارے میں بہت کچھ لکھا گیا ہے، لیکن بہت کم تحریریں ان کے مقاصد، اقدامات اور انسانی خامیوں کی حقیقت تک پہنچ سکیں۔ میری یہ کہانی قارئین کو ان سماجی اور سیاسی تبدیلیوں کا ایک انوکھا زاویہ بھی فراہم کرتی ہے جن کا میں چھ دہائیوں سے مشاہدہ کر رہی ہوں۔‘
اٹلی کے گاؤں سے ایوانِ اقتدار تک
اٹلی کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے نکل کر دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک کے سیاسی مرکز تک پہنچنے والی سونیا گاندھی آزاد بھارت کے اس سیاسی خاندان کی سربراہ بنیں جس کا اثر ملکی تاریخ کے بڑے حصے پر نظر آتا ہے۔ 79 برس کی عمر میں، اور اپنی نجی زندگی کو ہمیشہ پردے میں رکھنے کے بعد، وہ اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’Belonging: A Journey of Love‘ سامنے لائی ہیں۔ ان کے بقول یہ کتاب محبت، فرض، جدائی اور اپنی جگہ تلاش کرنے کے سفر کی کہانی ہے۔
سونیا 1946 میں ایک اطالوی کیتھولک گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ بھارت کے قوم پرست حلقے ان کے غیر ملکی پس منظر کو اکثر تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ بچپن شمالی اٹلی کے شہر تورین کے قریب ایک سادہ ماحول میں گزرا۔ 1965 میں، جب وہ انگریزی زبان سیکھ رہی تھیں، ان کی ملاقات کیمبرج یونیورسٹی کے طالب علم راجیو گاندھی سے ہوئی۔
کتاب کی اشاعت سے پہلے انہوں نے لکھا کہ ان کی محبت کا سفر کیمبرج کے ایک چھوٹے سے یونانی ریستوران سے شروع ہوا۔ ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا کہ پہلی ملاقات میں ہی انہیں احساس ہو گیا تھا کہ یہ وہ شخص ہیں جن کے ساتھ وہ زندگی گزارنا چاہیں گی، اور بعد میں معلوم ہوا کہ راجیو کے جذبات بھی یہی تھے۔
گاندھی خاندان کا حصہ بننے تک
راجیو بھارت کے سب سے بااثر سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کے نانا جواہر لعل نہرو ملک کے پہلے وزیراعظم تھے اور والدہ اندرا گاندھی 1966 میں وزیراعظم بنیں۔ دونوں کی شادی 1968 میں نئی دہلی میں ہوئی۔ سونیا نے اس موقعے پر وہ ساڑھی پہنی جس کا کپڑا نہرو نے تحریکِ آزادی کے دوران جیل میں اپنے ہاتھ سے کاتا تھا۔
شادی کے بعد اپنی مضبوط ارادے والی ساس اندرا گاندھی کے قریب رہ کر سونیا کو بھارتی سیاست کو اندر سے دیکھنے کا موقع ملا۔ ’دی ہندو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ کتاب اس بارے میں بھی ہے کہ انہوں نے راجیو کے خاندان اور اس ملک سے محبت کرنا کیسے سیکھا، اور پھر کیسے خود اس ملک کا حصہ بن گئیں۔
1984 میں اندرا گاندھی کو ان کے اپنے محافظوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا۔ یہ حملہ سکھ مذہب کے مقدس ترین مقام پر بھارتی فوج کی کارروائی کے بعد ہوا۔ سونیا نے اس وقت انہیں اپنی بانہوں میں تھام رکھا تھا۔
سیاست سے دوری، پھر قیادت
سونیا کا کہنا ہے کہ راجیو، جو اس وقت کمرشل پائلٹ تھے، کو سیاست میں آنے سے روکنے کے لیے وہ ’شیرنی کی طرح‘ مزاحمت کرتی رہیں۔ ان کے بقول جب راجیو سے وزیراعظم بننے کو کہا گیا تو وہ اس کے سخت خلاف تھیں۔ ان کے خدشات 1991 میں درست ثابت ہوئے، جب ایک نوعمر خودکش بمبار نے راجیو کو قتل کر دیا۔ اس حملے کو سری لنکا کی خانہ جنگی میں بھارتی فوجی مداخلت سے جوڑا جاتا ہے۔
اس سانحے کے بعد سونیا عوامی زندگی سے الگ ہو گئیں اور بچوں راہل اور پریانکا کی پرورش پر توجہ دی۔ 1998 میں، جب کانگریس اندرونی دھڑے بندی سے کمزور ہو چکی تھی، انہوں نے پارٹی رہنماؤں کی اپیل پر قیادت سنبھال لی۔ اپنی مخصوص لہجے والی ہندی میں بڑے جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا دل اس ملک کی مٹی میں دفن ہے۔
2004 کے انتخابات میں کانگریس کی غیر متوقع کامیابی کے بعد سونیا نے وزیراعظم بننے سے انکار کر دیا اور ماہرِ معاشیات من موہن سنگھ کو اس منصب کے لیے نامزد کیا۔ من موہن سنگھ ایک دہائی پہلے بھارت میں معاشی اصلاحات اور منڈی کھولنے کے عمل میں اہم کردار ادا کر چکے تھے۔ تاہم کانگریس میں سونیا کے بااختیار کردار کے باعث بعد میں حکومت کے ساتھ اختلافات پیدا ہوئے، اور حکومت کو بدعنوانی کے کئی سکینڈلز کا سامنا بھی تھا۔ عوامی بے چینی نے 2014 میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے کی راہ ہموار کی۔ اس انتخابی مہم میں سونیا کی غیر ملکی پیدائش کو بار بار نشانہ بنایا گیا۔
سونیا گاندھی نے اپنی ساس اندرا گاندھی کے بارے میں کیا لکھا؟
سونیا لکھتی ہیں کہ شادی کے ابتدائی دنوں میں انہیں سب سے زیادہ خوف ساس کے اچانک غصے سے آتا تھا۔ ان کے مطابق اس غصے سے ملازمین اتنے سہم جاتے کہ بول ہی نہیں پاتے تھے۔
ناراضی کے انداز۔ سونیا کے مطابق اندرا گاندھی غصے میں کسی ملازم کو کمرے کے کونے میں کھڑا کر دیتیں، کسی پارٹی رکن کو دیوار کی طرف منہ کر کے کھڑے رہنے کا حکم دیتیں، یا کئی دن تک کسی سے بات نہ کرتیں۔ ایک بار ایک ملازم انہیں اہم ملاقات یاد دلانا بھول گیا، جو پہلے بھی ایسی غلطی کر چکا تھا۔ اسے کونے میں کھڑا کر دیا گیا اور باقی ملازمین بے چینی کے عالم میں جلدی سے باہر نکل گئے۔
دیوار کی طرف منہ کیے کھڑا شخص۔ سونیا نے ایک اور منظر بیان کیا ہے۔ انہوں نے کرتا دھوتی میں ملبوس ایک شخص کو گھر کے نجی حصے میں دیوار کی طرف منہ کیے بالکل ساکت کھڑے دیکھا۔ اس وقت وہ سیاسی شخصیات کو زیادہ نہیں پہچانتی تھیں، اس لیے سمجھیں کہ شاید کانگریس کا کوئی سینئر رہنما ہو گا۔ تقریباً آدھے گھنٹے بعد ایمی آنٹی کے پاس سے لوٹیں تو وہ شخص اسی حالت میں کھڑا تھا۔ بعد میں پتا چلا کہ ساس نے اسے یوں کھڑے رہنے کا حکم دیا تھا۔ یاد رہے کہ ایمی کرشنا اندرا گاندھی کے عملے کی سینئر رکن تھیں۔
کھانے کی میز پر۔ سونیا کے مطابق پارلیمنٹ میں اپوزیشن سے تلخ نوک جھونک کے بعد اندرا کبھی کھانے کے دوران بھی بھڑک اٹھتیں۔ ایک موقع پر انہوں نے غصے میں اپنی پلیٹ لمبی میز کے دوسرے سرے کی طرف دھکیل دی۔ سونیا لکھتی ہیں کہ ایسے لمحوں میں وہ گھبرا جاتیں اور انہیں اپنے والد کا غصہ یاد آ جاتا، جب کہ راجیو اور سنجے خاموشی سے اس کے گزرنے کا انتظار کرتے۔ راجیو انہیں تسلی دیتے کہ اتنا مت ڈرو، وہ جلد پرسکون ہو جائیں گی۔
غصے کے بعد۔ جب سونیا انہیں اچھی طرح جاننے لگیں تو خوف کم ہوا۔ ان کے مطابق غصہ اترنے کے بعد اندرا کو اپنے رویے پر پچھتاوا ہوتا اور وہ اپنے انداز میں متعلقہ شخص سے افسوس بھی ظاہر کرتیں۔ لیکن جو ساتھی ان کا اعتماد توڑتا، اسے وہ معاف نہیں کرتیں، اس سے دوری اختیار کر لیتیں اور دوبارہ کبھی اس کے ساتھ کام نہ کرتیں۔
سکون کے لمحات۔ سونیا کے مطابق اندرا کو گھریلو کاموں سے سکون ملتا تھا۔ وہ ایمی کرشنا سے پرانی تصویروں کے ڈبے منگوا کر انہیں تاریخ کے لحاظ سے الگ کرتیں، یا اپنی ساڑیاں نکال کر یہ دیکھتے ہوئے ترتیب دیتیں کہ کون سی کہاں سے آئی تھی۔ ہر گٹھے پر پرچی لگائی جاتی تاکہ ضرورت پر آسانی سے مل جائے۔ جو ساڑیاں کم پہنی گئی تھیں اور اچھی حالت میں تھیں، انہیں الگ رکھ کر مختلف رشتہ داروں کے لیے گٹھے بنوائے جاتے۔ انہیں اپنی والدہ کی کھاڈی کے رواج سے پہلے کی پرانی ساڑیاں اور سونیا کی پرانی کشمیری شالیں بھی عزیز تھیں۔
پوتے پوتیوں کا اثر۔ سونیا کے مطابق دادی بننے کے بعد اندرا کی زندگی میں تناؤ کے لمحات کم ہونے لگے۔ بچے بڑے ہوئے تو گھر والے انہیں دادی کا مزاج جانچنے ان کے پاس بھیجنے لگے۔ پوتے پوتیوں کی ایک مسکراہٹ یا کوئی معصوم سوال ان کی ناراضی فوراً دور کر دیتا، اور بچوں کے ساتھ وہ تناؤ سے آزاد ہو کر خوش ہو جاتی تھیں۔
راہل سے پہلے کھو جانے والا بیٹا
سونیا نے پہلی بار تفصیل سے ایک ایسے دکھ کا ذکر کیا ہے جس کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے تھے: راہل اور پریانکا سے پہلے 1969 میں ان کا ایک بیٹا پیدائش کے تقریباً ایک دن بعد انتقال کر گیا تھا۔
خوشی کی خبر۔ ستمبر 1968 کی ایک صبح جب گھر والوں کو سونیا کے حمل کا پتا چلا تو خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ عام طور پر سنجیدہ رہنے والی اندرا بھی بہت خوش تھیں۔ انہوں نے سونیا کو گلے لگا کر بوسہ دیا اور کہا کہ ایک بڑا بچہ دوسرے بچے کو جنم دینے والا ہے۔
وقت سے پہلے پیدائش۔ بچے کی پیدائش مقررہ وقت سے دو مہینے پہلے، 18 جنوری 1969 کو نارمل ڈیلیوری سے ہوئی۔ سونیا نے انکیوبیٹر میں رکھے جانے کے وقت بیٹے کے رونے کی پہلی آواز سنی۔ بعد میں راجیو انہیں بچے کو دکھانے لے گئے۔ انہوں نے لکھا کہ وہ بہت چھوٹا مگر مکمل طور پر نشوونما پانے والا بچہ تھا، گھنے کالے بالوں اور لمبی پتلی انگلیوں والا۔ دونوں اسے دیکھتے رہے، راجیو کا ہاتھ ان کے کندھے پر تھا، اور دونوں کو اس سے فوراً پیار ہو گیا۔
جدائی۔ ڈاکٹر پہلے ہی بچے کے بچنے کے بارے میں شکوک ظاہر کر چکے تھے۔ اگلی صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے راجیو نے سونیا کو بتایا کہ بچہ نہیں رہا۔ سونیا بار بار پوچھتی رہیں کہ ایسا کیوں ہوا، اور دونوں ایک دوسرے کو تھام کر رو پڑے۔ خبر ملتے ہی اندرا گاندھی اپنا دورہ روک کر ہسپتال پہنچیں، دونوں کو گلے لگایا اور دیر تک ان کے پاس بیٹھی رہیں۔ ان کی آنکھیں سرخ اور سوجی ہوئی تھیں۔ سونیا کے مطابق اندرا بھی بچے کی آمد کی بے صبری سے منتظر تھیں اور اس کے جانے سے بہت افسردہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ساتھ رہنا چاہتی ہیں، مگر دورہ مکمل کرنا تھا۔
آخری رسومات کا سوال۔ سونیا کے مطابق اس وقت کی ہندو روایت میں نوزائیدہ بچے کی آخری رسومات داہ سنسکار سے نہیں کی جاتی تھیں، اس لیے دریا میں بہانے کی بات اٹھی۔ مسیحی یا پارسی قبرستان میں دفن کرنا ممکن نظر نہیں آتا تھا۔ سونیا اس خیال سے کانپ اٹھیں، کیونکہ انہیں اوکھلا بیراج پر دیکھی ہوئی ایک لاش یاد آ گئی جو کچرے کے ڈھیر میں پھنسی تھی اور جسے بھوکے کتے کھینچ رہے تھے۔ انہوں نے طے کر لیا کہ اپنے بچے کے ساتھ ایسا نہیں ہونے دیں گی۔ آخرکار دفنانے کا فیصلہ ہوا۔
مہرولی کا بوگین ویلا۔ راجیو اور ان کے چھوٹے بھائی سنجے نے بچے کو مہرولی میں فیروز گاندھی کے فارم ہاؤس میں، پھولوں سے لدے گلابی بوگین ویلا کے پودے کے نیچے گہرا گڑھا کھود کر دفن کیا۔ سونیا لکھتی ہیں کہ بہت عرصے تک وہ جب بھی وہاں جاتے، اس جگہ ایک پھول رکھ دیتے۔ اس سے درد کم نہیں ہوا، مگر آہستہ آہستہ انہیں حقیقت قبول کرنا پڑی۔
طویل اداسی اور تلخ الفاظ۔ اس صدمے کا سونیا پر گہرا اثر ہوا اور وہ کافی عرصے تک اداس، کمزور اور احساسِ جرم میں مبتلا رہیں۔ انہی دنوں دائیں بازو کے ایک اپوزیشن اخبار میں انتہائی جارحانہ تبصرہ چھپا، جس میں الزام لگایا گیا کہ اندرا گاندھی ایک ناجائز بچے کی دادی بننے کی کوشش میں ناکام رہیں۔ سونیا کے مطابق ان الفاظ نے ان کے درد اور احساسِ جرم کو اور بڑھا دیا۔ وہ پوچھتی رہ گئیں کہ لوگ اتنے ظالم کیسے ہو سکتے ہیں اور انہوں نے ایسا کیا کیا ہے کہ انہیں یہ سب سننا پڑ رہا ہے۔
نئی امید۔ وقت کے ساتھ غم کے بادل چھٹنے لگے۔ اکتوبر 1969 میں سونیا نے راجیو کو بتایا کہ وہ دوبارہ حاملہ ہیں۔ اس بار خوشی کے ساتھ فکر بھی تھی۔ 19 جون 1970 کو راہل گاندھی پیدا ہوئے اور گھر میں پھر خوشیاں لوٹ آئیں۔ چند سال بعد پریانکا کی پیدائش ہوئی۔
بابری مسجد سے متعلق بیان پر سیاسی ردعمل
ایک انٹرویو میں سونیا گاندھی نے بتایا کہ ٹی وی پر بابری مسجد کو گرتے دیکھ کر وہ رو پڑی تھیں۔ اس بیان پر سیاسی بحث چھڑ گئی۔ بی جے پی نے اسے کانگریس کی سیاسی سوچ اور پرانے موقف سے جوڑ دیا، اور رپورٹس کے مطابق پارٹی اسے اترپردیش اسمبلی انتخابات سے پہلے ایک موقع کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ اس بیان نے بابری مسجد اور ایودھیا کے پرانے تنازعے کو پھر نمایاں کر دیا۔
بی جے پی رہنما پردیپ بھنڈاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سخت ردعمل دیا۔ انہوں نے لکھا کہ سونیا گاندھی بابری مسجد کے لیے روئیں، بٹلہ ہاؤس کے لیے روئیں، ووٹ بینک کے لیے کچھ بھی کریں گی، اور انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس ہندوؤں سے نفرت کرتی ہے۔ انہوں نے ایمرجنسی اور 1984 کے سکھ مخالف فسادات کا حوالہ دے کر گاندھی خاندان پر مزید تنقید کی اور الزام لگایا کہ سونیا اس بیان کے ذریعے اندرا گاندھی کو مظلوم کے طور پر پیش کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے راجیو گاندھی کے اس بیان کا بھی ذکر کیا جو اکثر 1984 کے فسادات کے تناظر میں نقل کیا جاتا ہے، اور کہا کہ ملک گاندھی واڈرا خاندان کو معاف نہیں کرے گا۔
راہل گاندھی اور بھارت جوڑو یاترا
سونیا نے بھارت جوڑو یاترا کا ایک خوف زدہ کر دینے والا واقعہ بیان کیا ہے۔ جنوری 2023 میں یاترا کشمیر پہنچی تو راہل کے گرد بہت بڑا ہجوم جمع ہو گیا، مگر سونیا کے مطابق ان کا سیکیورٹی گھیرا اچانک غائب ہو گیا۔ انہوں نے لکھا کہ راہل کے ارد گرد بہت بھیڑ تھی اور ان کی حفاظت کے لیے کوئی نہیں تھا، اور یہ بھی کہ وہ (اہلکار) بہتر جانتے ہوں گے کہ کیوں غائب ہوئے۔
سونیا بے حد گھبرا گئیں اور جس جس سے رابطہ ہو سکا، سب کو فون کر کے مدد مانگی۔ سیکیورٹی بحال ہونے تک یاترا ایک دن کے لیے روکنا پڑی۔ راہل بخیریت لوٹے تو سونیا کے بقول وہ اپنی کیفیت بیان نہیں کر سکتیں۔ انہیں سکون ملا، ساتھ ہی بیٹے کے عزم نے حیران بھی کیا اور وہ ان پر فخر محسوس کرتی ہیں۔ وہ لانگ مارچ سے جسمانی طور پر تھکے ہوئے لگے، مگر چہرے پر ایک ایسی چمک تھی جو سونیا نے بہت عرصے بعد دیکھی۔
سیکیورٹی بحال ہونے کے بعد یاترا دوبارہ شروع ہوئی اور خراب موسم کے بیچ سری نگر میں ختم ہوئی۔ آخری مرحلے میں برف باری کے دوران راہل کے ساتھ پریانکا گاندھی واڈرا، نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ اور پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی بھی شریک ہوئے۔ سونیا نے اس یاترا کو محض سیاسی تقریب نہیں بلکہ ہم آہنگی اور اتحاد کا پیغام پھیلانے کی کوشش قرار دیا، اور ان کے مطابق یہ اپوزیشن جماعتوں کو متحد کر کے بی جے پی کی قیادت والے اتحاد این ڈی اے کا مقابلہ کرنے کی طرف پہلا اہم قدم تھا۔
عالمی رہنماؤں کی جھلکیاں
کتاب میں سونیا نے کئی عالمی شخصیات سے وابستہ دلچسپ واقعات بھی بیان کیے ہیں۔
بل کلنٹن۔ سونیا کے مطابق 2000 میں جب امریکی صدر بل کلنٹن بھارت آئے تو مونیکا لیونسکی سکینڈل کی بحث کچھ ٹھنڈی پڑ چکی تھی، مگر ’پرانی عادتیں مشکل سے جاتی ہیں‘۔ وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے دیے گئے شاندار استقبالیے میں انہوں نے دیکھا کہ صدر وفد سے ملاقاتوں اور گفتگو کے دوران محفل میں موجود نمایاں خواتین کو چپکے سے دیکھ رہے تھے۔
نکولس سرکوزی۔ فرانسیسی صدر 2008 کے دورے پر اپنی ساتھی کارلا برونی کے بغیر آئے، کیونکہ خدشہ تھا کہ غیر شادی شدہ جوڑے کی موجودگی سرکاری پروٹوکول میں عجیب لگے گی۔ کھانے کی میز پر نائب صدر محمد انصاری کی اہلیہ نے ان سے شادی کے منصوبوں پر سوالوں کی بوچھاڑ کر دی۔ سرکوزی بے تکلفی سے اپنی محبت کی باتیں بتاتے رہے اور ساتھ ساتھ کارلا کو پیغامات بھی بھیجتے رہے۔ شادی کے بعد جب یہ جوڑا بھارت آیا تو کارلا کی شاندار آمد نے سب کی توجہ کھینچ لی، البتہ سرکوزی کا کسی حد تک ضدی رویہ سونیا کو کھٹکا۔
شہزادی ڈیانا۔ سونیا کو شہزادی ڈیانا کی محبت بھری اور جذباتی یادیں یاد ہیں۔ 1992 کے دورۂ بھارت میں تاج محل کے سامنے ’محبت بینچ‘ پر ان کی مشہور تصویر نے ظاہر کر دیا تھا کہ ان کی ازدواجی زندگی میں سب ٹھیک نہیں۔ سونیا کی والدہ اور پریانکا سے ملاقات کے وقت ڈیانا نے ٹوٹی پھوٹی مگر گرم جوش اطالوی میں ’Piacere، come stai؟‘ کہا اور رخصت ہوتے ہوئے ’Ciao، Nonna!‘ پکارا۔ سونیا کے مطابق تمام تر تنقید کے باوجود انہوں نے ہمیشہ ڈیانا کا درد محسوس کیا۔









