سید بدر سعید
یوٹیوب کے معاشی نظام میں ویوز کی تعداد سے کہیں زیادہ ان ویوز کا معیار، جغرافیہ اور ناظرین کی مالی استعداد اہمیت رکھتی ہے۔ جب کوئی کریئیٹر پرسنل فنانس، افراطِ زر، روپے کی قدر، بینک منافع اور گھریلو بجٹ سازی جیسے موضوعات کا انتخاب کرتا ہے تو وہ خود کو روایتی وائرل ویڈیوز کی بھیڑ سے نکال کر پلیٹ فارم کی سب سے زیادہ منافع بخش یعنی ’ہائی سی پی ایم‘ کیٹیگری میں لا کھڑا کرتا ہے۔
عام ولاگز، گپ شپ یا بریکنگ نیوز کو دیکھنے والا طبقہ غیر متعین ہوتا ہے جہاں مشتہرین کم بجٹ کے عام صارف اپنی مصنوعات کے اشتہار چلاتے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کے اندر عام موضوعات پر ہر ایک ہزار ویوز (RPM) کا ریٹ بمشکل 0.20 سے 0.50 ڈالر ملتا ہے۔
اس کے برعکس فنانس اور ملکی معیشت پر مبنی ویڈیوز وہ ناظرین سنتے ہیں جن کے پاس سرپلس پیسہ، بچت کا ارادہ اور قوتِ خرید موجود ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کمرشل بینک، فن ٹیک کمپنیاں، انشورنس ادارے اور انویسٹمنٹ پلیٹ فارمز ایسے صارفین کو راغب کرنے کے لیے بھاری بجٹ لگاتے ہیں جس کے نتیجے میں خالصتاً ملکی ٹریفک پر بھی فنانس کا آر پی ایم 0.80 سے 2.00 ڈالر تک چلا جاتا ہے جو عام کیٹیگریز کے مقابلے میں دو سے چار گنا زیادہ ہے۔
اس نیش کی اصل مالی قوت اس وقت کھل کر سامنے آتی ہے جب سمندر پار مقیم پاکستانی آپ کے تجزیوں سے جڑتے ہیں۔ خلیجی ممالک، برطانیہ، یورپ اور شمالی امریکہ میں مقیم اوورسیز پاکستانی اپنی بچتوں، ترسیلاتِ زر، پراپرٹی منصوبوں اور ٹیکس قوانین کو سمجھنے کے لیے اردو زبان کے معلوماتی مواد کو ترجیح دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
فری لانسنگ: پاکستان میں فیس بک مونیٹائزیشن کیسے ہوتی ہے؟ مکمل طریقہ کار جانیے
فری لانسنگ: کلپر بنیں۔۔۔۔گھر بیٹھے لاکھوں کمائیں
میں سوشل میڈیا ویڈیوز وائرل کر کے سالانہ 120,000 پاؤنڈ کماتا ہوں
برانڈنگ: ڈیجیٹل دور میں اپنی محنت کی قیمت کیسے بڑھائیں؟
غیرملکی طلبہ کا ہوم ورک کرکے پیسے کمانے والے پاکستانی نوجوان
چونکہ ان ممالک کا ایڈسینس ریٹ پاکستان سے دس سے پندرہ گنا زیادہ ہوتا ہے اس لیے اگر کسی اردو فنانس ویڈیو پر تیس سے چالیس فیصد ٹریفک بھی باہر کی ہو تو فی ہزار ویوز کی اوسط آمدنی آسانی سے 3.50 سے 8.00 ڈالر تک پہنچ جاتی ہے اور بعض مخصوص انویسٹمنٹ ویڈیوز پر یہ شرح 10 ڈالر سے بھی اوپر جا نکلتی ہے۔
آمدنی کے حساب سے اگر موازنہ کیا جائے تو ایک تفریحی یا نیوز چینل اگر ماہانہ پانچ لاکھ ویوز لے کر بمشکل 200 سے 350 ڈالر کما پاتا ہے وہیں اتنے ہی ویوز پر ایک منظم پرسنل فنانس چینل 1,500 سے لے کر 3,000 ڈالر (تقریباً سوا چار لاکھ سے ساڑھے آٹھ لاکھ پاکستانی روپے) پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس کے علاوہ فنانس کا شعبہ یوٹیوب ایڈسینس کے حصار سے باہر نکل کر براہِ راست مالی مواقع بھی لاتا ہے۔ بینک اور ڈیجیٹل والٹ کمپنیاں فنانس کے مستند آوازوں کو اسپانسرشپس کے لیے عام یوٹیوبرز پر فوقیت دیتی ہیں جہاں ایک ویڈیو کے برانڈ انٹیگریشن کا معاوضہ ایڈسینس کی کمائی پر بھاری پڑتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی میوچل فنڈز یا سیکیورٹیز ایپس کے ریفرل لنکس اور بعد ازاں ناظرین کا اعتماد حاصل ہونے پر ٹیکس فائلنگ، ویلتھ مینجمنٹ یا گھریلو معیشت پر پیڈ ویبینارز اور شارٹ کورسز آمدنی کے مستقل اور دیرپا ستون بن جاتے ہیں۔
اگر اس کنٹینٹ کو پیچیدہ معاشی الجھنوں کی بجائے عام فہم حساب کتاب، اسکرین گائیڈز اور واضح انفوگرافکس کے ساتھ سادہ انداز میں پیش کیا جائے تو یہ کم ویوز کے باوجود اردو یوٹیوب کا سب سے مستحکم، باوقار اور مالی طور پر خود کفیل ماڈل ثابت ہوتا ہے۔
اگر آپ ایک چینل اس موضوع پر بنا لیں اور اس پر مستقل محنت کرتے جائیں تو محض 6 ماہ میں آپ کو اپنی روایتی تنخواہ کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ آپ اپنی تنخواہ خود بنا رہے ہوں گے۔









