افغان صحافی زہرہ نادر نے الزام عائد کیا ہے کہ طالبان افغانستان میں خواتین کے خلاف باقاعدہ جنگ چھیڑے ہوئے ہیں۔ کینیڈا میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والی زہرہ نادر حال ہی میں ایک بنگلہ دیشی اخبار ’پروتھوم آلو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں صحافت کی طرف اپنے رجحان، طالبان کے زیرِ سایہ افغان خواتین کے حالات اور امید کی کرنوں پر بات کرتی ہیں۔
زہرہ نادر افغان صحافی ہیں جو کسی زمانے میں افغانستان میں ’دی نیویارک ٹائمز‘ کے لیے کام کر چکی ہیں۔ اب وہ کینیڈا میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں اور آن لائن خبررساں پورٹل ’زن ٹائمز‘ چلاتی ہیں۔ دری، جو افغانستان کی سرکاری زبانوں میں سے ایک ہے، میں بھی ’زن‘ کا مطلب ’عورت‘ ہے۔
انٹرویو میں زہرہ نادر نے بتایا کہ انہیں صحافت کی طرف کس چیز نے کھینچا، طالبان کے دورِ حکومت میں افغان خواتین کی زندگی کیسی ہے، اور وہ اب بھی امید کہاں سے حاصل کرتی ہیں۔
سوال: آج کے افغانستان پر بات کرنے سے پہلے، کیا آپ ہمیں اپنے بچپن کے بارے میں کچھ بتائیں گی؟ آپ کا خاندان ایران سے واپس آیا تو پہلی بار اسکول جانے کا کیا تجربہ رہا، آپ کو کیا یاد ہے؟
زہرہ نادر: جب طالبان نے پہلی بار افغانستان کا اقتدار سنبھالا تو میرا خاندان ہجرت کر کے ایران چلا گیا۔ اس وقت میں چھ برس کی تھی۔ ایران میں افغان پناہ گزینوں کے خلاف بہت نسلی امتیاز پایا جاتا تھا۔ مجھے سب سے زیادہ دکھ اس بات کا تھا کہ مجھے اسکول جانے کی اجازت نہیں تھی۔ اس بات نے مجھ پر گہرے زخم چھوڑے۔ اتنے برس گزر جانے کے بعد بھی میں اپنے اوپر بیتا ہوا وقت نہیں بھولی۔
بہت عرصے تک میرا سب سے بڑا خواب بس اسکول جانا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آج افغانستان میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ میرے لیے بے حد ذاتی نوعیت رکھتا ہے۔ میں جانتی ہوں کہ تعلیم کے حق سے محروم کر دیے جانے کا مطلب کیا ہوتا ہے۔
میرا خاندان غالباً 2003 کے آس پاس افغانستان لوٹ آیا اور کابل میں آباد ہو گیا۔ تب میں پہلی بار اسکول گئی۔ وہ اسکول گھر سے تقریباً ایک گھنٹے کے فاصلے پر تھا اور اس کی کوئی باقاعدہ عمارت نہیں تھی۔ زیادہ تر کلاسیں یونیسیف کے عطیہ کردہ خیموں میں لگتی تھیں۔ لیکن میں خوش تھی۔ آخرکار میں اسکول جا سکتی تھی، کچھ بننے کا خواب دیکھ سکتی تھی اور یہ امید رکھ سکتی تھی کہ ایک دن میں اپنے ملک کی خدمت کر پاؤں گی۔
سوال: آپ کو صحافت کی طرف کس چیز نے راغب کیا؟ کیا افغانستان میں آپ کی کوئی ایسی رپورٹ تھی جس نے آپ کو یہ احساس دلایا کہ یہی وہ کام ہے جو آپ کرنا چاہتی ہیں؟
زہرہ نادر: بچپن میں میں استانی بننا چاہتی تھی۔ صحافت میری فہرست میں شامل ہی نہیں تھی۔ میں اس شعبے میں اتفاقاً آ گئی۔ ایک دن میں کابل کے ایک ہفت روزہ خبری جریدے کے دفتر میں جا نکلی۔ اس وقت میں شاعری لکھا کرتی تھی۔ انہوں نے میری ایک نظم شائع کی اور مجھے انٹرن شپ کی پیشکش کی، جو میں نے خوشی سے قبول کر لی۔
میں اس لیے ٹھہر گئی کہ افغانستان کے ایک پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والی عورت کے طور پر مجھے صحافت میں ایک طرح کی طاقت محسوس ہوئی۔ مجھ جیسے لوگ عموماً اس پوزیشن میں نہیں ہوتے تھے کہ سوال اٹھائیں، سیاست پر بات کریں یا اقتدار میں بیٹھے لوگوں کا احتساب کریں۔ صحافت نے مجھے یہ موقع دیا۔
مجھے یاد ہے کہ میں نے اپنی یونیورسٹی کے اخبار کے لیے اپنے محلے میں بجلی کی عدم دستیابی پر لکھا تھا۔ وزیر نے وعدہ کیا تھا کہ 40 دن کے اندر پورے کابل میں بجلی پہنچ جائے گی۔ برسوں بعد بھی میرے محلے میں بجلی نہیں تھی۔ تو میں نے سوال اٹھایا: ہمارے ہاں بجلی کیوں نہیں ہے؟ ہماری بستی تک کیوں نہیں پہنچی؟
اس رپورٹ نے مجھے یہ سمجھنے میں مدد دی کہ میں بطور صحافی کیا کچھ کر سکتی ہوں۔ میں ایسے مسائل کو، جو اکثر عوام کی نظروں سے اوجھل رہتے تھے، گفتگو کا حصہ بنا سکتی تھی۔ اور جب لوگ ان پر بات کرنے لگتے ہیں تو کم از کم یہ امکان پیدا ہو جاتا ہے کہ کچھ بدل جائے۔
سوال: آپ نے افغانستان چھوڑ کر کینیڈا جانے کا فیصلہ کیوں کیا، اور اس منتقلی سے بطور صحافی آپ کے کام پر کیا اثر پڑا؟
زہرہ نادر: میں نے 2017 میں جب افغانستان چھوڑا تو میں ’دی نیویارک ٹائمز‘ کے لیے کام کر رہی تھی۔ اس وقت تک سیکیورٹی کی صورتِ حال انتہائی کشیدہ ہو چکی تھی۔ تقریباً ہر روز دفتر جاتے ہوئے مجھے یہ دھڑکا لگا رہتا تھا کہ کہیں کوئی بم نہ پھٹ جائے اور ہم بھی جنگ کی لپیٹ میں نہ آ جائیں۔ میرا بیٹا اس وقت چار برس کا تھا۔ میں چاہتی تھی کہ وہ ان حقوق اور مواقع کے ساتھ بڑا ہو جو مجھے ایران میں ایک پناہ گزین بچی کے طور پر میسر نہیں آئے تھے۔
کینیڈا میں میرے لیے صحافت جاری رکھنا بہت مشکل، بلکہ تقریباً ناممکن تھا۔ ایک افغان خاتون کے طور پر، جو کینیڈا آئی تھی، مجھے صحافت اپنانے کی کوئی حوصلہ افزائی نہیں ملی۔ کچھ لوگوں نے مشورہ دیا کہ میں کسی کافی شاپ میں نوکری کر لوں اور دوسرا بچہ پیدا کر لوں۔ ان کی نظر میں میرا مستقبل یہی تھا۔ لیکن یہ وہ مستقبل نہیں تھا جو میں چاہتی تھی۔
اس کے بجائے میں نے یونیورسٹی کا رخ کیا۔ میں نے کمیونیکیشن اینڈ کلچر میں ماسٹرز کیا اور پھر ویمن اینڈ جینڈر اسٹڈیز میں پی ایچ ڈی شروع کی۔ میں کینیڈا میں پی ایچ ڈی کر ہی رہی تھی کہ طالبان دوبارہ اقتدار میں آ گئے۔
سوال: ایونٹ کی ایک نشست کے دوران آپ نے امریکہ کی قیادت میں لڑی گئی ’دہشتگردی کے خلاف جنگ‘ اور افغانستان میں طالبان کے اقدامات کے درمیان مماثلت بیان کی تھی۔ آپ طالبان کے افغان خواتین کے ساتھ سلوک کو کن الفاظ میں بیان کریں گی، اور آپ یہ الفاظ کیوں استعمال کرتی ہیں؟
زہرہ نادر: جب طالبان نے اقتدار سنبھالا تو ان کا پہلا ہدف خواتین تھیں۔ پہلے ہفتے میں خواتین سے کہا گیا کہ وہ گھروں میں رہیں اور کام پر نہ آئیں۔ پہلے ہی مہینے کے اندر لڑکیوں کو بتا دیا گیا کہ وہ اسکول نہیں جا سکتیں۔ پھر خواتین پر جامعات کے دروازے بھی بند کر دیے گئے۔ ان سے اکیلے سفر کرنے اور اپنی مرضی کا لباس پہننے کا حق بھی چھین لیا گیا۔ طالبان افغانستان میں خواتین کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
میں اسے جنگ اس لیے کہتی ہوں کہ اس کا مقصد خواتین کو معاشرے سے مکمل طور پر نکال باہر کرنا ہے۔ وہ ایک ایسی ڈسٹوپیا (بھیانک معاشرہ) تعمیر کرنا چاہتے ہیں جس میں عوامی زندگی میں صرف ایک صنف کا وجود ہو، یعنی مرد۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ افغانستان میں مردوں کی زندگی اچھی ہے۔ لیکن اگر آپ گزشتہ پانچ برسوں میں طالبان کے اقدامات پر نظر ڈالیں تو آپ دیکھ سکتے ہیں کہ خواتین کو عوامی زندگی سے بے دخل کرنا ان کے مقاصد میں کتنا مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
سوال: کیا افغانستان کے اندر خواتین اب بھی بطور صحافی کام کر سکتی ہیں؟ اگر کوئی نوجوان خاتون آج کسی خبر پر رپورٹنگ کرنا چاہے تو اسے کن رکاوٹوں کا سامنا ہوگا؟
زہرہ نادر: کوئی ایسا حکم نامہ موجود نہیں جس میں صریح طور پر کہا گیا ہو کہ خواتین کے صحافت کرنے پر پابندی ہے۔ لیکن طالبان کا ’امر بالمعروف و نہی عن المنکر‘ کا قانون خواتین کی آواز سنے جانے اور ان کے چہرے عوامی مقامات پر دیکھے جانے پر مکمل پابندی عائد کرتا ہے۔ خواتین کو گھر سے باہر نکلتے وقت کسی مرد سرپرست کے ساتھ ہونا بھی لازمی ہے۔ ان سب باتوں کا اثر ان کی رپورٹنگ کی صلاحیت پر پڑتا ہے۔
کابل جیسے شہروں میں اب بھی کچھ ادارے ایسے ہیں جہاں آپ کسی خاتون کی آواز میں رپورٹ سن سکتے ہیں، البتہ اس کا چہرہ نہیں دکھایا جاتا۔ صوبوں میں بھی کچھ خواتین ریڈیو اسٹیشنوں پر کام کرتی ہیں، بعض اوقات ایسے دفاتر میں جہاں مردوں اور عورتوں کو الگ رکھا جاتا ہے۔ لیکن ان کے پاس آزادانہ رپورٹنگ کی گنجائش بہت کم ہے، خاص طور پر خواتین کے حقوق، اسکولوں کی بندش یا خواتین کی صحت جیسے موضوعات پر۔
کچھ خواتین بغیر معاوضے کے کام کرتی ہیں، اس امید پر کہ انہیں کسی ادارے میں کام کرنے کا تصدیقی خط مل جائے۔ ان کے دفتر آنے جانے کا خرچ بھی ان کے خاندانوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔ انہیں پریس کانفرنسوں سے واپس بھی بھیجا جا سکتا ہے۔ جب میں یا میرے ساتھی تبصرے کے لیے طالبان حکام کو فون کرتے ہیں تو بعض ہم سے بات کرنے سے انکار کر دیتے ہیں، کیونکہ ان کے نزدیک خواتین سے بات کرنا گناہ ہے۔ کچھ تو صحافیوں سے بات ہی نہیں کرتے۔
افغانستان کے بیشتر حصوں میں خواتین اب کھلے عام میڈیا میں کام نہیں کرتیں۔ تاہم کچھ خواتین اب بھی خفیہ طور پر رپورٹنگ کر رہی ہیں، جن میں ہمارے جیسے جلاوطن نیوز رومز کے لیے کام کرنے والی خواتین بھی شامل ہیں۔
سوال: آپ نے ‘زن ٹائمز‘ کی بنیاد کیوں رکھی؟ آپ اس سے کیا کام لینا چاہتی تھیں؟
زہرہ نادر: میں نے ’زن ٹائمز‘ کا آغاز 2022 میں کیا۔ مجھے ایک بہت بڑی ذمہ داری کا احساس تھا۔ ساتھ ہی ایک طرح کا احساسِ جرم بھی تھا۔ میں کینیڈا میں محفوظ تھی، جہاں میرے حقوق اور آزادیاں تحفظ میں تھیں، جبکہ لاکھوں افغان خواتین اور لڑکیاں اپنے حقوق اور آزادیاں کھو رہی تھیں۔
میں کابل میں پلی بڑھی۔ وہیں اسکول گئی اور جامعہ میں پڑھا۔ جو آزادیاں مجھے حاصل تھیں، خواہ وہ کتنی ہی محدود کیوں نہ ہوں، انہی کی بدولت میں تعلیم حاصل کر سکی، عوامی سطح پر کام کر سکی اور صحافی بن سکی۔ اب وہی مواقع لاکھوں خواتین اور لڑکیوں سے چھینے جا رہے تھے۔ مجھے لگا کہ مجھے کچھ نہ کچھ کرنا ہوگا۔ اور پھر مجھے یاد آیا کہ میں ایک صحافی ہوں۔
میں نے اپنی پی ایچ ڈی سے رخصت لی اور اپنی جمع پونجی سے نیوز روم کی بنیاد رکھی۔ میں نے سوچا: اگر طالبان خواتین کو ان کے اپنے گھروں میں بند کر رہے ہیں تو کیا ہم انہیں گھر بیٹھے کام کرنے کا موقع دے سکتے ہیں؟ کیا ہم انہیں صحافی بننے کی تربیت دے سکتے ہیں اور ان کی رپورٹنگ شائع کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کر سکتے ہیں؟
یہی وجہ ہے کہ ’زن ٹائمز‘ وجود میں آیا۔ ہم خواتین صحافیوں کے لیے مواقع پیدا کرنا چاہتے تھے اور افغانستان کی عوامی زندگی سے خواتین کو مٹانے کی طالبان کی کوشش کا مقابلہ کرنا چاہتے تھے۔
سوال: آپ نے بتایا تھا کہ ’زن ٹائمز‘ کو فیلوشپ کی صرف 12 نشستوں کے لیے سینکڑوں درخواستیں موصول ہوئیں۔ یہ فیلوشپ کیسے شروع ہوئی، اور اس ردِعمل نے آپ کے لیے کیا معنی رکھا؟
زہرہ نادر: 2024 اور 2025 میں ہم نے افغانستان بھر سے تقریباً 70 خواتین کو تربیت دی۔ ہم ان کے انٹرنیٹ کے اخراجات تو اٹھا سکتے تھے، لیکن انہیں کوئی وظیفہ نہیں دے سکتے تھے۔ ہمیں احساس ہوا کہ یہ طریقہ پائیدار نہیں۔ میں کسی سے یہ توقع کیسے رکھ سکتی ہوں کہ وہ خالی پیٹ سیکھے، جبکہ وہ یہ سوچ رہی ہو کہ اگلا کھانا کہاں سے آئے گا؟
چنانچہ ہم نے 12 خواتین کے لیے 10 ماہ کی فیلوشپ شروع کی۔ ہم آن لائن تربیت اور رہنمائی کے ساتھ ساتھ ماہانہ وظیفہ بھی دینا چاہتے تھے، تاکہ وہ ہمارے ساتھ سیکھتے اور کام کرتے ہوئے اپنا اور اپنے خاندانوں کا خرچ چلا سکیں۔
درخواستیں 19 جنوری 2026 کو کھلیں اور 5 فروری کو بند ہوئیں۔ ہمیں 12 نشستوں کے لیے 860 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ہم حیران رہ گئے۔ ہمیں سب سے زیادہ حوصلہ اس بات سے ملا کہ کتنی ہی خواتین اب بھی صحافی بننے اور اپنی برادریوں میں ہونے والے واقعات کی رپورٹنگ کا خطرہ مول لینے کو تیار تھیں۔ ان کے اندر اب بھی امید زندہ تھی۔ وہ کچھ کرنا چاہتی تھیں۔
سوال: آپ کی افغانستان کے اندر موجود رپورٹرز قلمی ناموں سے کام کرتی ہیں۔ آپ یہ فیصلہ کیسے کرتی ہیں کہ کوئی خبر محفوظ طریقے سے شائع کی جا سکتی ہے یا نہیں؟
زہرہ نادر: افغانستان کے اندر ہماری تمام صحافی قلمی ناموں سے لکھتی ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی اپنے اصل نام سے شائع نہیں کرتی۔ ایسا کرنا بہت خطرناک ہے۔ ہم اپنے ذرائع کے اصل نام بھی ظاہر نہیں کرتے اور ایسی تفصیلات حذف کرنے کی کوشش کرتے ہیں جن سے کسی ذریعے یا رپورٹر کی شناخت ہو سکتی ہو۔
لیکن بعض اوقات نام چھپا دینا کافی نہیں ہوتا۔ اگر ہمیں لگے کہ کوئی خبر شائع کرنے سے کسی ساتھی یا ذریعے کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے تو ہم اکثر اسے شائع نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔
سوال: جب آپ ایسی نوجوان افغان خواتین کی بات سنتی ہیں جو اب بھی پڑھنا، کام کرنا یا اپنی کہانیاں خود بیان کرنا چاہتی ہیں، تو وہ اپنے مطلوبہ مستقبل کے بارے میں کیا کہتی ہیں؟ آپ کو امید کہاں سے ملتی ہے؟
زہرہ نادر: افغانستان میں میری ایک ساتھی نے ایک بار مجھے ایک لڑکی کا انٹرویو بھیجا، جس کی عمر تقریباً 15 یا 16 برس تھی۔ اسے سنتے ہوئے میں رو پڑی۔ اس کی آواز میں بے پناہ درد تھا۔ آج بھی جب میں اسے یاد کرتی ہوں تو دل اداس ہو جاتا ہے۔
اس نے کہا کہ دنیا آگے بڑھ رہی ہے، نئی ٹیکنالوجی بنا رہی ہے اور چاند پر پہنچ رہی ہے، جبکہ افغان لڑکیاں اکیلے سڑک پر چل بھی نہیں سکتیں۔ انہیں یہ آزادی محض اس لیے نہیں دی جاتی کہ وہ لڑکیاں ہیں۔ وہ اسکول نہیں جا سکتی تھی اور قالین بُن رہی تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر اسے اپنا کوئی مستقبل نظر نہیں آتا۔ لیکن وہ چاہتی تھی کہ لوگ افغان لڑکیوں کی بات سنیں اور یہ یقینی بنائیں کہ یہ ان کا مقدر نہ بنے۔
ابتدا میں خواتین سڑکوں پر نکلی تھیں۔ طالبان نے ان احتجاجی مظاہروں کو دبا دیا اور خواتین کو قید کر لیا۔ کچھ خواتین اپنی سرگرمیوں کی پاداش میں قتل بھی کر دی گئیں۔ اب خواتین کے لیے کھلے عام احتجاج کرنا کہیں زیادہ مشکل ہو چکا ہے۔ لیکن مجھے خاموش مزاحمت دکھائی دیتی ہے۔ کوئی خاتون اپنے تہہ خانے، بیٹھک یا باورچی خانے کو اپنے محلے کی چھ سات لڑکیوں کے لیے کلاس روم بنا لیتی ہے۔ میں اسے طالبان کے بعد کی زندگی کی تیاری سمجھتی ہوں۔
مجھے اپنے ساتھ کام کرنے والی صحافیوں میں بھی امید نظر آتی ہے۔ وہ جانتی ہیں کہ اگر ’زن ٹائمز‘ کے لیے رپورٹنگ کرتے ہوئے پکڑی گئیں تو ان کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ پھر بھی وہ یہ کام کرنے کا انتخاب کرتی ہیں۔
میری امید ہے کہ لوگ افغان خواتین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ افغانستان کے لیے کچھ نہیں کر سکتے تو کم از کم ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا اس سے سبق لیں۔ اسے ایک تنبیہ سمجھیں تاکہ ایسا آپ کے ملک میں نہ ہو۔ اور اگر آپ کچھ کر سکتے ہیں تو یکجہتی کا ایک طریقہ یہ ہے کہ اپنی حکومت سے مطالبہ کریں کہ وہ طالبان کو جائز حیثیت نہ دے اور ان کے ساتھ تعلقات کو معمول کی بات نہ سمجھے۔









