تائی پے کی ایک محفل کی تصویر میں سب کی نظریں جینسن ہوانگ پر ہیں۔ ہاتھوں میں مشروبات ہیں اور گفتگو جاری ہے۔ ان کے پیچھے ایک خاتون بیٹھی ہیں جو بظاہر انہیں گفتگو کرتے دیکھ رہی ہیں۔ اس وقت کسی کو اندازہ نہ تھا کہ یہ خاموش چہرہ برسوں بعد دنیا کی سب سے طاقتور ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سے ایک کو بحران میں ڈال دے گا۔
دنیا کی مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں امریکہ کو برتری دلانے والی کمپنی اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کو شاید کبھی یہ اندازہ نہیں تھا کہ ان کی نجی زندگی کا ایک راز ایک دن واشنگٹن کے ایوان اقتدار سے لے کر بیجنگ کے سفارتی حلقوں تک ہلچل مچا دے گا۔
ایک طرف دنیا کے ارب پتی ترین کاروباری شخصیات میں شمار ہونے والے جینسن ہوانگ ہیں، جن کی کمپنی کے تیار کردہ طاقتور کمپیوٹر چپس مصنوعی ذہانت کے انقلاب کی بنیاد سمجھے جاتے ہیں۔ دوسری طرف چین سے تعلق رکھنے والی ایک پراسرار کاروباری خاتون ایلس ہوانگ ہیں، جنہیں امریکی انٹیلی جنس حکام بیجنگ کی اعلیٰ ترین جاسوس ایجنسی کے لیے کام کرنے والی شخصیت قرار دیتے ہیں۔
کہانی میں اس وقت ڈرامائی موڑ آیا جب امریکی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا کہ ایلس ہوانگ اور جینسن ہوانگ کے درمیان محض کاروباری تعلقات نہیں تھے بلکہ دونوں کے درمیان قریبی اور رومانوی تعلق بھی قائم رہا۔ جینسن ہوانگ نے بعدازاں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی بیوی اور بچوں سے معافی مانگ لی۔
اس تناظر میں اس سوال پر زیادہ بات نہیں ہو رہی ہے کہ دنیا کی ایک بڑی کمپنی کا سربراہ اپنی ازدواجی زندگی میں کس حد تک وفادار رہا، بلکہ امریکہ میں ہر کوئی اس سوال کا جواب تلاش کرنے میں سرگرداں ہے کہ کیا واقعی چین کی انٹیلی جنس نے ایک کاروباری خاتون کے ذریعے امریکی ٹیکنالوجی کی دنیا کے سب سے اہم شخص تک رسائی حاصل کر لی تھی؟
یوں یہ معاملہ اب ایک نجی تعلق سے نکل کر امریکی قومی سلامتی، چین کے ساتھ ٹیکنالوجی کی جنگ اور اینویڈیا کے مستقبل کا سوال بن چکا ہے۔
ایلس ہوانگ کون ہے؟ ایک ایسی خاتون جس کی زندگی کے کئی پہلو آج بھی پراسرار ہیں
ایلس ہوانگ، جنہیں چینی نام ہوانگ لے (Huang Le) سے بھی جانا جاتا ہے، اس پوری کہانی کا سب سے پراسرار کردار ہیں۔
ان کے بارے میں حیران کن بات یہ ہے کہ دنیا کی سب سے طاقتور ٹیکنالوجی کمپنی کے سربراہ کے ساتھ مبینہ تعلقات اور امریکی انٹیلی جنس کی نگرانی میں آنے کے باوجود ان کی زندگی کے بنیادی کوائف تک پوری طرح سامنے نہیں آ سکے۔
ان کی عمر، جائے پیدائش، تعلیمی قابلیت، سابقہ ملازمتوں اور موجودہ رہائش کے بارے میں متضاد معلومات موجود ہیں۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بظاہر حذف ہو چکے ہیں اور ان کا موجودہ ٹھکانہ معلوم نہیں۔
تاہم مختلف چینی کاروباری ریکارڈز اور مالیاتی معلومات کی ویب سائٹس پر دستیاب پروفائلز کے مطابق ایلس ہوانگ کا تعلق چین کے صوبے ہونان سے بتایا جاتا ہے۔ بعض رپورٹس میں ان کی عمر تقریباً 42 سال اور ہانگ کانگ کی کسی یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کا ذکر بھی کیا گیا ہے، لیکن ان معلومات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز صحافت سے کیا اور چین کے سرکاری نشریاتی اداروں ہونان ٹی وی اور چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن (سی سی ٹی وی) سے وابستہ رہیں۔
بعدازاں انہوں نے مالیاتی شعبے کا رخ کیا اور مبینہ طور پر ایچ ایس بی سی بینک اور چین کے بڑے مالیاتی ادارے سی آئی ٹی آئی سی سیکیورٹیز میں بھی کام کیا۔
تاہم واشنگٹن پوسٹ نے واضح کیا ہے کہ ان اداروں میں ان کی ملازمت کے دعووں کی تصدیق نہیں ہو سکی اور نہ ہی سی سی ٹی وی یا ہونان ٹی وی میں ان کے کام کرنے کا کوئی واضح عوامی ریکارڈ ملا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کے ایک نجی سرمایہ کاری کے ڈیٹا بیس پر ان کی تصویر کے ساتھ ایک مختصر پیشہ ورانہ تعارف موجود ہے، جس میں ان کی سابقہ ملازمتوں کا ذکر ہے، لیکن اے ایف پی بھی اس پروفائل کے مندرجات کی تصدیق نہیں کر سکا۔
گویا ایلس ہوانگ کی زندگی کے بارے میں دستیاب معلومات کا بڑا حصہ ایسے کاروباری ریکارڈز، غیر مصدقہ پروفائلز اور ذرائع ابلاغ کی تحقیقات سے سامنے آیا ہے جن کی مکمل تصدیق ابھی باقی ہے۔
صحافت سے کاروبار اور پھر اربوں ڈالر کی ٹیکنالوجی کی دنیا تک رسائی
ایلس ہوانگ کی زندگی کا ایک اور اہم پہلو چین کے کاروباری اور مالیاتی حلقوں سے ان کا تعلق ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کی تحقیق کے مطابق 2010 کی دہائی میں وہ شنگھائی کی نجی سرمایہ کاری کی کمپنی شنگھائی ہیکسی میں ڈپٹی جنرل منیجر کے عہدے پر فائز ہوئیں۔
اس کمپنی کے بانی اور چیئرمین کانگ وے تھے، جنہیں چین میں کم عمری میں سرمایہ کاری کے فنڈ کی سربراہی کرنے والی شخصیات میں شمار کیا گیا ہے۔
بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایلس ہوانگ اور کانگ وے میاں بیوی تھے، تاہم واشنگٹن پوسٹ اس تعلق کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا۔
اسی دور میں ایلس ہوانگ کا نام شنگھائی لانگ ٹینگ نامی ٹیکنالوجی کمپنی کے قانونی نمائندے کے طور پر بھی سامنے آیا۔
یہ تمام پیشہ ورانہ سرگرمیاں انہیں چین کے مالیاتی اور کاروباری حلقوں میں ایک اہم مقام تک پہنچاتی دکھائی دیتی ہیں، لیکن ان کے کیریئر کی تفصیلات میں اب بھی کئی خلا موجود ہیں۔
بعدازاں ان کی منزل سنگاپور بنی، جہاں وہ ڈیٹا سینٹر اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے کاروبار سے وابستہ کمپنی میگاسپیڈ انٹرنیشنل میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہوئیں۔
یہی وہ مقام تھا جہاں سے ان کا رابطہ دنیا کی سب سے طاقتور اے آئی چپ ساز کمپنی اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ سے قائم ہوا۔
میگاسپیڈ انٹرنیشنل؛ ایک کمپنی جس کے اربوں ڈالر کے کاروبار نے امریکی حکام کو چونکا دیا
میگاسپیڈ انٹرنیشنل سنگاپور میں قائم ایک ایسی کمپنی ہے جو ڈیٹا سینٹرز اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس کے کاروبار کی بنیاد طاقتور کمپیوٹرز اور اینویڈیا کے تیار کردہ جدید چپس پر ہے۔
ایلس ہوانگ مارچ 2023 میں اس کمپنی کی ڈائریکٹر بنیں۔ اسی سال کمپنی نے اپنے چینی کاروباری پس منظر سے الگ ہو کر ڈیٹا سینٹرز کے ذریعے کمپیوٹنگ کی طاقت فراہم کرنے کے کاروبار پر توجہ مرکوز کر دی۔
امریکی حکام کو شبہ تھا کہ میگاسپیڈ اینویڈیا کی جدید ترین اے آئی چپس حاصل کرکے انہیں چین منتقل کرنے میں مدد دے رہی ہے، جہاں امریکی برآمدی پابندیوں کے باعث ایسی ٹیکنالوجی تک براہ راست رسائی محدود ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق کمپنی کے اثاثوں کی مالیت 2023 میں تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھی، جو 2024 میں بڑھ کر تقریباً 3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
اتنے مختصر عرصے میں کمپنی کے اثاثوں میں غیر معمولی اضافے نے امریکی حکام کے شکوک و شبہات کو مزید بڑھا دیا۔
نیویارک ٹائمز کی سابقہ رپورٹنگ میں بھی میگاسپیڈ کے ذریعے جدید امریکی چپس چین پہنچائے جانے کے خدشات کا ذکر کیا گیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکی حکام کے شبہات کے باوجود یہ ثابت نہیں ہوا کہ میگاسپیڈ چینی انٹیلی جنس ایجنسی کی فرنٹ کمپنی تھی۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق کیلی فورنیا یونیورسٹی کے ماہر وکٹر شیہ نے بھی کمپنی کے اربوں ڈالر کے اثاثوں کو چینی وزارتِ ریاستی سلامتی کے روایتی خفیہ آپریشنز کے عمومی حجم سے مختلف قرار دیا۔
اس کے باوجود میگاسپیڈ امریکی تحقیقات کی زد میں آ گئی اور کمپنی کے ذریعے حاصل کی جانے والی اینویڈیا کی چپس کے ممکنہ آخری خریداروں کے بارے میں سوالات اٹھنے لگے۔
جینسن ہوانگ اور ایلس ہوانگ کی ملاقات کیسے ہوئی؟
دستیاب معلومات کے مطابق ایلس ہوانگ اور جینسن ہوانگ کا رابطہ کسی اتفاقی سماجی تقریب کے بجائے کاروباری دنیا کے ذریعے قائم ہوا۔
میگاسپیڈ اینویڈیا کی صارف کمپنی تھی اور ایلس ہوانگ اس کے اعلیٰ انتظامی عہدے پر فائز تھیں۔ اس حیثیت سے ان کے لیے اینویڈیا کے سربراہ سے ملاقاتیں کرنا غیر معمولی بات نہیں تھی۔
اینویڈیا کے ترجمان نے بھی ابتدا میں یہی مؤقف اختیار کیا تھا کہ جینسن ہوانگ کی ایلس ہوانگ سے ملاقاتیں ایک بڑے کاروباری ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے معمول کے مطابق تھیں اور وہ ہر سال ہزاروں کاروباری شخصیات سے ملتے ہیں۔
لیکن بعد میں سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز نے ان دونوں کے تعلقات کے بارے میں مزید سوالات پیدا کر دیے۔
جون 2024 میں تائی پے میں ہونے والی ایک کاروباری تقریب کی تصویر میں جینسن ہوانگ ایک طویل بالوں والی خاتون کے ساتھ بیٹھے دکھائی دیے، جنہیں بعدازاں ایلس ہوانگ قرار دیا گیا۔
اس کے بعد مئی 2025 میں تائیوان کی ٹیکنالوجی نمائش کمپیوٹیکس کے دوران ایک اور واقعہ سامنے آیا۔
جینسن ہوانگ نے تائی پے کے ایک چینی ریسٹورنٹ میں کاروباری شخصیات کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا تھا۔ صحافی ریسٹورنٹ کے باہر موجود تھے اور شیشے کے دروازوں سے اندر ہونے والی سرگرمیوں کی ویڈیوز بنا رہے تھے۔
ان ویڈیوز میں ایک خاتون، جنہیں ایلس ہوانگ کے طور پر شناخت کیا گیا، جینسن ہوانگ کے ساتھ دکھائی دیں۔ ایک موقع پر جینسن نے ان کے گرد بازو رکھا اور خاتون نے ان کے دائیں گال پر بوسہ دیا۔
ویڈیو میں یہ منظر بھی دیکھا گیا کہ جب جینسن ہوانگ صحافیوں سے گفتگو کے بعد دوبارہ ریسٹورنٹ میں داخل ہوئے تو ایلس ان کے پیچھے چل رہی تھیں اور ان کی کمر پر ہاتھ پھیرتی دکھائی دیں۔
یہ مناظر بعدازاں بین الاقوامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
ان تصاویر سے دونوں کی قربت کا اندازہ تو ہوتا ہے، لیکن ان کے تعلقات کب شروع ہوئے، کتنے عرصے تک جاری رہے اور کب ختم ہوئے، اس بارے میں اب تک کوئی مستند تفصیل سامنے نہیں آئی۔
کیا ایلس ہوانگ نے جینسن کو محبت کے جال میں پھنسایا تھا؟
یہ اس پورے معاملے کا سب سے حساس اور سنسنی خیز پہلو ہے۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس حکام کا خیال تھا کہ ایلس ہوانگ کو چین کی وزارتِ ریاستی سلامتی (ایم ایس ایس) نے جینسن ہوانگ کے بارے میں معلومات جمع کرنے کے لیے بھرتی کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
چینی ڈیپ سیک کیا ہے، اس نے کیسے امریکی اسٹاک مارکیٹ کو بھٹہ بٹھادیا؟
ڈیپ سیک، چین کے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ماڈل نے دنیا میں تہلکہ مچادیا
چین کیسے عالمی طاقت بنا؟ خورشید محمود قصوری نے تاریخی سفر بیان کر دیا
یہ چین کی اعلیٰ ترین انٹیلی جنس ایجنسی ہے، جسے بیرون ملک جاسوسی، خفیہ معلومات کے حصول اور قومی سلامتی سے متعلق کارروائیوں کی ذمہ داری حاصل ہے۔
امریکی حکام کے مطابق بیجنگ کی دلچسپی محض ایک ارب پتی کاروباری شخص کی نجی زندگی میں نہیں تھی بلکہ جینسن ہوانگ کی حیثیت اور ان کے سیاسی و کاروباری اثر و رسوخ میں تھی۔
جینسن ہوانگ اینویڈیا کے سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ امریکی حکومت اور چین کے درمیان جدید اے آئی ٹیکنالوجی کی تجارت کے معاملے میں ایک اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
امریکی انٹیلی جنس سے واقف افراد کے مطابق ایلس ہوانگ کے ذریعے جینسن کی سرگرمیوں، کمپنی کے مستقبل کے منصوبوں اور امریکی حکومت کو چین کے لیے چپس کی فروخت پر آمادہ کرنے کی کوششوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔
امریکی حکام کا یہ بھی خیال تھا کہ ایلس کے ذریعے جینسن ہوانگ کو امریکی حکومت پر اثرانداز ہونے اور چین کو جدید ترین چپس کی فروخت کے لیے لابنگ کرنے پر آمادہ کیا جا سکتا تھا۔
تاہم یہ واضح نہیں کہ ایلس نے حقیقتاً کون سی معلومات حاصل کیں، کیا انہوں نے اینویڈیا کے کسی خفیہ منصوبے تک رسائی حاصل کی یا کوئی حساس معلومات بیجنگ کو پہنچائیں بھی یا نہیں۔
یہ بھی ثابت نہیں ہوا کہ جینسن ہوانگ نے جان بوجھ کر کسی غیر ملکی انٹیلی جنس ادارے کے ساتھ تعاون کیا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق جب انہوں نے جینسن سے پوچھا کہ کیا انہیں معلوم تھا کہ ایلس ہوانگ جاسوس ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ انہیں اس بارے میں بالکل علم نہیں تھا۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ جینسن ہوانگ کی بات پر یقین کرتے ہیں اور انہیں ایک معزز شخص سمجھتے ہیں۔
امریکی انٹیلی جنس کو کب شک ہوا؟ خفیہ نگرانی سے وائٹ ہاؤس تک پہنچنے والی رپورٹ
واشنگٹن پوسٹ اور نیویارک ٹائمز کی رپورٹنگ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس ادارے تقریباً ایک سال سے ایلس ہوانگ کی سرگرمیوں اور چین سے ان کے ممکنہ روابط کا جائزہ لے رہے تھے۔
نگرانی کے دوران ایک امریکی شہری کے ساتھ ان کے رابطوں کا سراغ ملا، جس کی شناخت بعد میں جینسن ہوانگ کے طور پر ہوئی۔
گزشتہ بہار کے موسم میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی نگرانی میں ایک انتہائی خفیہ میمو تیار کیا گیا، جس میں مبینہ طور پر ایلس ہوانگ کی بھرتی اور جینسن ہوانگ کو ہدف بنانے کی کوششوں سے متعلق انٹیلی جنس معلومات شامل تھیں۔
یہ میمو ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام تک پہنچایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی گزشتہ سال اس مبینہ جاسوسی سرگرمی کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا لیکن حیران کن طور پر اس وقت یہ معاملہ عوامی سطح پر سامنے نہیں آیا اور نہ ہی اینویڈیا نے فوری طور پر کسی بڑے اقدام کا اعلان کیا۔
اکتوبر 2026 میں امریکی ذرائع ابلاغ نے پہلی مرتبہ جینسن ہوانگ اور ایلس ہوانگ کے تعلقات کو مبینہ چینی جاسوسی کی کوششوں سے جوڑتے ہوئے رپورٹ کیا۔ نومبر میں مزید تفصیلات سامنے آنے کے بعد یہ معاملہ ایک عالمی اسکینڈل بن گیا۔
جینسن ہوانگ کا اعتراف، اہلیہ اور بچوں سے معافی
اس کہانی کا سب سے بڑا ذاتی انکشاف اس وقت سامنے آیا جب جینسن ہوانگ نے اپنی کمپنی کے ملازمین کو ایک پیغام میں اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے اہم اعتراف کیا۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ اپنی اہلیہ سے بے وفائی کے مرتکب ہوئے ہیں اور ان کے اقدامات سے ان کی بیوی اور بچوں کو تکلیف پہنچی ہے۔
جینسن نے اپنے پیغام میں کہا ’میں اپنی اہلیہ سے بے وفا رہا۔ میرے اقدامات سے انہیں اور ہمارے بچوں کو تکلیف پہنچی۔ میرے پاس اپنے عمل کا کوئی جواز نہیں۔ میں تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔‘
انہوں نے اپنے ساتھیوں سے بھی کہا کہ وہ ان کے اعتماد پر پورا نہیں اترے اور اس اعتماد کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کام کریں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جینسن نے اپنے پیغام میں ایلس ہوانگ کا نام نہیں لیا اور نہ ہی ان کے ساتھ تعلقات کی مدت یا نوعیت کی تفصیلات بیان کیں۔
تاہم یہ اعتراف اس لیے غیر معمولی تھا کہ جینسن ہوانگ کئی برسوں سے اپنی خاندانی زندگی، اہلیہ سے محبت اور بچوں کے ساتھ قریبی تعلق کو اپنی شخصیت کا اہم حصہ بناتے رہے ہیں۔
جینسن ہوانگ کی اہلیہ لوری، 40 سال سے زیادہ پرانا رشتہ
جینسن ہوانگ کی اہلیہ لوری ملز ہیں، جن سے ان کی ملاقات 1980 کی دہائی کے آغاز میں اوریگون اسٹیٹ یونیورسٹی میں ہوئی تھی۔
دونوں الیکٹریکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہے تھے اور یونیورسٹی کی لیبارٹری میں ایک ساتھ کام کرتے تھے۔
ان کی دوستی محبت میں بدلی اور دونوں نے 1985 میں شادی کر لی۔
اس شادی سے ان کے دو بچے میڈیسن اور اسپینسر پیدا ہوئے۔
جینسن اور لوری نے 2007 میں جن سن اینڈ لوری ہوانگ فاؤنڈیشن قائم کی، جس کے ذریعے تعلیم، تحقیق اور انجینئرنگ کے شعبوں میں عطیات دیے جاتے ہیں۔
اینویڈیا کے حصص کی قدر میں غیر معمولی اضافے کے باعث اس فلاحی ادارے کے اثاثوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔ مختلف رپورٹس میں اس کے اثاثوں کی مالیت 9 ارب ڈالر سے زیادہ بتائی گئی ہے۔
اس فاؤنڈیشن نے اوریگون اسٹیٹ یونیورسٹی اور اسٹینفورڈ یونیورسٹی سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے انجینئرنگ پروگراموں کے لیے بھاری مالی عطیات دیے ہیں۔
جینسن ہوانگ کی سوانح عمری ’تھنکنگ مشین‘ کے مصنف اسٹیفن وٹ کے مطابق جینسن اپنی اہلیہ کی بہت تعریف کرتے ہیں اور عوامی گفتگو میں ان کا ذکر محبت اور احترام سے کرتے رہے ہیں۔
وٹ کے مطابق جینسن نے خود کو ایک ایسے شخص کے طور پر پیش کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے جس کے لیے خاندان سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی نجی زندگی سے متعلق حالیہ انکشافات ان کی عوامی شخصیت کے لیے بھی ایک بڑا دھچکا ہیں۔
ایلس ہوانگ کہاں غائب ہو گئیں؟
اس معاملے کا ایک اور پراسرار پہلو ایلس ہوانگ کی موجودہ صورتحال ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ان کی موجودہ رہائش کا علم نہیں اور ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بظاہر ختم ہو چکے ہیں۔
جینسن ہوانگ کی جانب سے بے وفائی کے اعتراف کے بعد سے وہ عوامی سطح پر سامنے نہیں آئیں اور نہ ہی انہوں نے ان الزامات یا اپنے مبینہ تعلقات کے بارے میں کوئی بیان دیا ہے۔
ان کے سابقہ ساتھیوں اور کاروباری حلقوں سے رابطے کی کوششیں بھی ان کے بارے میں واضح معلومات فراہم نہیں کر سکیں۔
چین کی سابق ٹی وی اینکر بائی جی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر دعویٰ کیا کہ وہ ایلس ہوانگ کو اس زمانے سے جانتی ہیں جب دونوں صحافت سے وابستہ تھیں۔
انہوں نے ایلس کے بارے میں اچھے الفاظ استعمال کیے، لیکن چند گھنٹوں بعد ان کی پوسٹ غائب ہو گئی۔ بعدازاں انہوں نے صارفین کے سوالات کے جواب میں اس پوسٹ سے لاتعلقی ظاہر کی اور ان کا اکاؤنٹ بھی پوسٹ کرنے سے روک دیا گیا۔
اس واقعے نے ایلس ہوانگ کی پراسرار شخصیت کے حوالے سے مزید سوالات پیدا کیے، تاہم اس سے کسی جاسوسی سرگرمی کی تصدیق نہیں ہوتی۔
کیا جینسن ہوانگ کی اہلیہ کو اس تعلق کا علم تھا؟
یہ سوال بھی اس اسکینڈل کے بعد زیر بحث آیا ہے کہ کیا لوری ملز کو ایلس ہوانگ کے ساتھ اپنے شوہر کے تعلقات کا پہلے سے علم تھا؟
اب تک دستیاب معتبر رپورٹس میں اس سوال کا کوئی واضح جواب سامنے نہیں آیا۔
جینسن ہوانگ نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف تو کیا ہے، لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ تعلق کب شروع ہوا، لوری کو کب اس کا علم ہوا یا ان کے ازدواجی تعلقات پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوئے۔
یہ بھی معلوم نہیں کہ جینسن اور ایلس کے درمیان تعلقات کے خاتمے کی کوئی مخصوص وجہ تھی یا نہیں۔
لہٰذا اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کو مصدقہ واقعات قرار دینا درست نہیں ہوگا۔
اینویڈیا کی تحقیقات: کیا جینسن ہوانگ کی کرسی خطرے میں ہے؟
اس معاملے نے اینویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھی کارروائی پر مجبور کر دیا ہے۔
کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے چیف ایگزیکٹو کے خلاف سامنے آنے والی اطلاعات اور ممکنہ غیر ملکی انٹیلی جنس سرگرمیوں کا آزادانہ جائزہ لے گی۔
اس مقصد کے لیے نیویارک کی معروف قانونی فرم واچٹیل، لپٹن، روزن اینڈ کٹز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
تحقیقات کی قیادت جون کم کر رہے ہیں، جو نیویارک کے جنوبی ضلع کے سابق امریکی اٹارنی رہ چکے ہیں۔
کمپنی کے بورڈ کا کہنا ہے کہ اسے فی الحال ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ اینویڈیا کے تجارتی راز یا امریکی قومی سلامتی سے متعلق معلومات متاثر ہوئی ہیں تاہم تمام دستیاب معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اینویڈیا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ جینسن ہوانگ کمپنی کے سربراہ رہیں گے اور وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا ہے کہ ایف بی آئی بھی اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور سے متعلق کمیٹیوں نے جینسن ہوانگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایلس ہوانگ کے ساتھ اپنے تعلقات اور کمپنی کے سیکیورٹی نظام کے بارے میں وضاحت کریں۔ انہیں 18 نومبر کو مشترکہ بند کمرہ بریفنگ میں پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔
یہ بھی واضح نہیں کہ وہ اس بریفنگ میں شرکت کریں گے یا نہیں۔
چین کا ردعمل: جاسوسی کے الزامات مسترد
چینی حکومت نے ایلس ہوانگ کے جاسوس ہونے کے الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے کہا کہ چین سے متعلق جاسوسی کے یہ الزامات بے بنیاد، قیاس آرائی پر مبنی اور ملک کو بدنام کرنے کی کوشش ہیں۔
ایلس ہوانگ نے خود بھی تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
اس طرح اس معاملے میں ایک طرف امریکی انٹیلی جنس کے مبینہ شواہد ہیں، دوسری طرف چین کی تردید اور تیسری طرف ایلس ہوانگ کی خاموشی ہے۔
اصل کھیل اے آئی چپس کا: جینسن ہوانگ چین کے لیے اتنے اہم کیوں ہیں؟
اس اسکینڈل کی اہمیت سمجھنے کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ جینسن ہوانگ محض ایک ارب پتی کاروباری شخص نہیں بلکہ امریکہ اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت کی عالمی جنگ کے اہم ترین کرداروں میں سے ایک ہیں۔
اینویڈیا کے تیار کردہ جدید ترین اے آئی چپس دنیا بھر کے ڈیٹا سینٹرز، سپر کمپیوٹرز اور مصنوعی ذہانت کے نظاموں کی بنیاد ہیں۔
امریکہ نے 2022 سے چین کو جدید ترین سیمی کنڈکٹرز اور متعلقہ ٹیکنالوجی کی فراہمی محدود کرنے کے لیے برآمدی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
امریکی حکومت کا مؤقف ہے کہ جدید اے آئی چپس چین کی فوجی صلاحیتوں، نگرانی کے نظام اور جدید ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہو سکتی ہیں۔
دوسری طرف چین ان پابندیوں کو اپنی ٹیکنالوجی کی ترقی میں رکاوٹ سمجھتا ہے۔
جینسن ہوانگ مسلسل امریکی حکومت کو قائل کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں کہ اینویڈیا کو چین کی منڈی تک رسائی دی جائے۔ ان کا مؤقف رہا ہے کہ چینی مارکیٹ سے مکمل طور پر باہر رہنے سے امریکی کمپنیوں کو نقصان ہوگا اور چین اپنی مقامی چپ صنعت کو مزید ترقی دینے کے قابل ہو جائے گا۔
ایسے میں اگر امریکی انٹیلی جنس کے خدشات درست ثابت ہوتے ہیں تو ایلس ہوانگ کے ساتھ جینسن کے تعلقات محض نجی معاملہ نہیں رہیں گے بلکہ ان کا اثر امریکی ٹیکنالوجی پالیسی پر بھی پڑ سکتا ہے۔
جینسن ہوانگ کون ہیں؟ ایک معمولی تارک وطن سے دنیا کے ارب پتی ترین افراد میں شامل ہونے تک
1963 میں تائیوان میں پیدا ہونے والے جینسن ہوانگ نو برس کی عمر میں اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ منتقل ہوئے۔
انہوں نے اوریگون اسٹیٹ یونیورسٹی سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں گریجویشن کیا اور بعدازاں اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے اسی شعبے میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز چپ ساز کمپنی اے ایم ڈی سے کیا اور بعد میں ایل ایس آئی لاجک میں بھی کام کیا۔
1993 میں انہوں نے کرس مالاچوفسکی اور کرٹس پریم کے ساتھ مل کر اینویڈیا کی بنیاد رکھی۔
ابتدا میں کمپنی کمپیوٹر گیمز کے لیے گرافکس پراسیسنگ یونٹس تیار کرتی تھی، لیکن جینسن نے بہت پہلے اندازہ لگا لیا تھا کہ یہی ٹیکنالوجی مستقبل میں مصنوعی ذہانت اور جدید کمپیوٹنگ کی بنیاد بن سکتی ہے۔
انہوں نے کمپنی کو اے آئی کے شعبے میں تبدیل کرنے کے لیے طویل المدتی سرمایہ کاری کی، حالانکہ اس وقت اس ٹیکنالوجی کی تجارتی اہمیت واضح نہیں تھی۔
آج ایمیزون، گوگل، مائیکروسافٹ اور دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اپنے مصنوعی ذہانت کے نظاموں کے لیے اینویڈیا کے چپس استعمال کرتی ہیں۔
جینسن ہوانگ کی دولت کا تخمینہ بلومبرگ کے ارب پتیوں کے اشاریے میں تقریباً 155 ارب ڈالر لگایا گیا تھا، تاہم حصص کی قیمتوں کے ساتھ اس میں مسلسل تبدیلی آتی رہتی ہے۔
تائیوان میں انہیں پیار سے ’ڈیڈی ہوانگ‘ بھی کہا جاتا ہے، جبکہ ان کی چمڑے کی مخصوص جیکٹ ان کی شناخت بن چکی ہے۔
انہیں ٹیکنالوجی کی دنیا کے ان چند رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے ایک نئی صنعت کی بنیاد رکھنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
اب آگے کیا ہوگا؟
یہ اسکینڈل ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت کی بالادستی کے لیے مقابلہ اپنے عروج پر ہے۔
اینویڈیا کا مستقبل، جینسن ہوانگ کی قیادت، امریکی قومی سلامتی اور چین کو جدید ٹیکنالوجی کی فروخت جیسے معاملات اب ایک دوسرے سے جڑ چکے ہیں۔
کمپنی کے بورڈ نے جینسن ہوانگ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور فوری طور پر انہیں عہدے سے ہٹانے کا کوئی اعلان نہیں کیا۔
لیکن امریکی کانگریس کے سوالات، ایف بی آئی کی مبینہ تحقیقات اور سرمایہ کاروں کی جانب سے قانونی کارروائی کے امکانات نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
اس دوران ایلس ہوانگ کہاں ہیں؟ کیا وہ واقعی چین کی انٹیلی جنس کے لیے کام کرتی تھیں؟ کیا جینسن ہوانگ کے ساتھ ان کا تعلق کسی منظم جاسوسی منصوبے کا حصہ تھا یا ایک نجی تعلق کو بعد میں قومی سلامتی کے تنازعے سے جوڑ دیا گیا؟
ان سوالات کے جواب ابھی باقی ہیں۔
فی الحال ایک بات واضح ہے کہ دنیا کی سب سے طاقتور اے آئی کمپنی کے سربراہ نے اپنی ازدواجی زندگی کے ایک بڑے راز کا اعتراف کر لیا ہے، مگر اس کہانی کا سب سے پراسرار کردار اب بھی منظر سے غائب ہے۔
اور شاید اسی خاموشی نے اس پورے معاملے کو ایک عام معاشقے سے کہیں بڑا عالمی معمہ بنا دیا ہے۔









