محمد خلیق ارشد

گندم اور آٹے کے بحران کی وجوہات اور حل کیا ہیں؟

·



پاکستان میں گندم اور آٹے کا بحران محض قیمتوں میں اضافے یا پیداوار میں کمی کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ کئی دہائیوں سے جاری حکومتی پالیسیوں، ناقص منصوبہ بندی، انتظامی بے ضابطگیوں اور غیر مستقل فیصلوں کا نتیجہ ہے۔

کبھی سرکاری خریداری اور کوٹہ سسٹم کے نام پر اربوں روپے کی سبسڈی دی گئی، کبھی کسانوں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا اور کبھی عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کے دعوے کیے گئے، لیکن ان تمام تجربات کے باوجود نہ کسان خوشحال ہو سکا اور نہ ہی عام شہری کو سستی روٹی میسر آ سکی۔

آخر گندم اور آٹے کا یہ نظام بار بار بحران کا شکار کیوں ہوتا ہے؟ حکومت کی پالیسیوں میں کہاں غلطیاں ہوئیں اور اس شعبے کو سیاسی مداخلت اور سرکاری کنٹرول سے نکال کر مستحکم بنیادوں پر کیسے استوار کیا جا سکتا ہے؟

 گندم و آٹے کے شعبے سے وابستہ ایک ماہر کی یہ تحریر نہ صرف بحران کی بنیادی وجوہات کا جائزہ لیتی ہے بلکہ ایسے قابلِ عمل حل بھی پیش کرتی ہے جو کسان، فلور ملز اور صارفین، تینوں کے مفادات کا تحفظ کر سکتے ہیں۔

گندم اور آٹے کے شعبے سے وابستہ مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے میری رائے میں درج ذیل نکات پر  غور و فکر کرنا مفید ثابت ہوگا، اس کے نتیجے میں ہم ایسے قابل عمل حل کی طرف بڑھ سکتے ہیں جو کسان، فلور ملز اور صارفین ، تینوں کے مفادات کا تحفظ کرسکتا ہے۔

پاکستان میں گندم اور آٹے کے حوالے سے ہر حکومت کے دور میں نت نئے تجربات کیے جاتے رہے ہیں، جس کے باعث اس شعبے کو مسلسل مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

ابتدا میں راشننگ سسٹم رائج تھا، جس کے تحت عوام کو سستا آٹا فراہم کیا جاتا تھا۔ تاہم، اس نظام میں بھی بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوتی رہیں۔ کاغذی کارروائی میں ہیر پھیر کرکے سرکاری گندم اوپن مارکیٹ میں فروخت کر دی جاتی تھی، جبکہ عوام کے نام پر دی جانے والی سبسڈی کا پورا فائدہ بھی مستحق افراد تک نہیں پہنچ پاتا تھا۔ دوسری جانب یہ نظام حکومتی خزانے پر اضافی بوجھ بھی تھا۔

بعد ازاں کوٹہ سسٹم متعارف کرایا گیا، جس کے تحت محکمہ خوراک گندم خریدتا اور فلور ملوں کو فراہم کرتا تھا۔ اس نظام میں بھی مختلف مراحل پر کرپشن اور بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آتی رہیں۔ ابتدا میں گندم کی بوریوں کی خریداری میں مبینہ کرپشن ہوتی تھی۔ اس کے بعد کسانوں سے مقررہ وزن سے زیادہ گندم لے کر کم قیمت ادا کرنا، گندم پر پانی چھڑک کر اس کا وزن بڑھانا اور سرکاری گندم کے اجرا کے وقت وزن میں کمی کرنا جیسے مسائل سامنے آئے۔ آٹے کی فراہمی کے مرحلے پر بھی مختلف شعبوں سے وابستہ افراد اپنی اپنی حیثیت کے مطابق اس نظام سے فائدہ اٹھاتے رہے۔

بعد ازاں الیکٹرانک ویئر ہاؤسنگ کی تجاویز بھی سامنے آئیں، لیکن یہ منصوبہ کامیاب نہ ہو سکا۔

اس کے بعد تقریباً 40 سال سے جاری گندم کی سرکاری خریداری کی پالیسی سے بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور ڈونر ایجنسیوں کے مطالبے پر حکومت نے علیحدگی اختیار کر لی۔ اگرچہ سبسڈی کا خاتمہ اور گندم کی خریداری میں آزادانہ اور صحت مند مسابقت کی طرف پیش رفت ایک مثبت قدم تھا، لیکن حکومت نے اس نظام سے اچانک علیحدگی اختیار کی۔ اس تبدیلی کے لیے نہ کسان اور کاشت کار تیار تھے اور نہ ہی فلور ملز اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار تھیں۔

نتیجتاً مارکیٹ میں تقریباً 30 سے 40 لاکھ ٹن اضافی گندم آنے سے طلب اور رسد کا توازن بگڑ گیا۔ گندم کی قیمتیں اس حد تک گر گئیں کہ کسانوں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ بعد ازاں جب آف سیزن میں گندم کی قیمتیں بڑھنے لگیں تو حکومت نے 2,900 سے 3,000 روپے فی من کی حد مقرر کر دی۔ آڑھتیوں اور فلور ملوں کو نوٹس جاری کیے گئے کہ وہ قیاس آرائی کے ذریعے مصنوعی طور پر قیمتیں بڑھا رہے ہیں۔

اگلے دو سال کے دوران گندم کی پیداوار میں کمی ہوئی، جس کے نتیجے میں ملک کو گندم درآمد کرنے پر قیمتی زرمبادلہ خرچ کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب صارفین کو بھی نقصان اٹھانا پڑا اور آج گندم کی فی من قیمت 5,200 سے 5,400 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

بعد ازاں گندم کو ذخیرہ کرنے کے لیے ایگریگیٹرز کے ذریعے ایک منصوبہ بنایا گیا، جس کے تحت صرف پانچ لاکھ ٹن گندم ذخیرہ کی جا سکی۔ اس منصوبے میں بھی ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ذریعے فلور ملوں سے مہنگے داموں خریدی گئی گندم سستے نرخوں پر ایگریگیٹرز کے حوالے کیے جانے کی شکایات سامنے آئیں۔

آٹے کو ایک سیاسی جنس بنا دیا گیا، جبکہ گندم کی قیمت مقرر کرتے وقت بین الاقوامی منڈی کے نرخوں کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ اس صورت حال میں کسانوں کے لیے گندم کی فصل کاشت کرنے کی مالی کشش کم ہوتی گئی۔ مہنگے داموں گندم خرید کر سستا آٹا فروخت کرنے کی پالیسی بھی مسائل کا باعث بنی۔

اس حوالے سے ایک افسوس ناک واقعہ یہ بھی پیش آیا کہ مفت آٹے کے حصول کے لیے قطاروں میں کھڑے تقریباً 20 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

گندم کی فصل کے لیے 4,500 روپے فی من قیمت مقرر کرنا ایک اچھا قدم ہے، تاہم فلور ملوں کو گندم جاری کرتے وقت اس کی خریداری کے ساتھ ذخیرہ کرنے کے اخراجات بھی شامل کرکے قیمت کا تعین کیا جانا چاہیے۔

سبسڈی کے موجودہ نظام کو ختم کیا جائے اور خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے شہریوں کی براہِ راست مالی معاونت کے لیے خصوصی کارڈ متعارف کرایا جائے۔

حکومت کو چاہیے کہ وہ گندم اور آٹے کے کاروبار کے حوالے سے واضح پالیسی اختیار کرے۔ یا تو اس پورے کاروبار کو مکمل طور پر اپنے کنٹرول میں لے، جو کسی بھی طور مناسب نہیں، یا پھر نجی شعبے کو آزادانہ طور پر کام کرنے کا موقع دیتے ہوئے خود کو اس نظام سے مکمل طور پر الگ کر لے۔

حکومت ایک ملین ٹن گندم کا اسٹریٹجک ذخیرہ قائم کرے اور فلور ملوں کو گندم درآمد کرنے کی اجازت دے، تاکہ وہ گندم سے مختلف مصنوعات تیار کرنے کے لیے اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔

اسی طرح محکمہ خوراک جتنی گندم سستے آٹے کی فراہمی کے لیے فلور ملوں کو فراہم کرے، اسی تناسب سے آٹا حاصل کرے۔ نجی شعبے کی مہنگی گندم سے انتظامی کنٹرول کے ذریعے سستا آٹا تقسیم کرنے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔

گندم اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو روکنے اور مارکیٹ میں طلب و رسد کا توازن برقرار رکھنے کے لیے پرزور مطالبہ ہے کہ نجی شعبے، بالخصوص فلور ملرز کو گندم درآمد کرنے کی اجازت دی جائے۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں