بچوں کے کھلونے

بانجھ پن، ذیابیطس اور دماغی امراض کیوں پھیل رہے ہیں؟ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بڑا انکشاف

·

جدید زندگی میں استعمال ہونے والی روزمرہ اشیا، جن میں بچوں کے کھلونے، میک اپ کا سامان، ملبوسات اور تعمیراتی مواد شامل ہیں، انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہیں۔ سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ ان اشیا میں پائے جانے والے مخصوص کیمیائی مادے ہارمونز کے نظام کو متاثر کرکے بانجھ پن، ذیابیطس، دمے اور دماغی امراض سمیت متعدد بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے جاری کردہ ایک جامع سائنسی رپورٹ میں ان کیمیکلز کو انسانی صحت اور ماحول کے لیے بڑھتا ہوا عالمی خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ ایک دہائی سے زائد عرصے پر محیط تحقیقی شواہد کا جائزہ لینے کے بعد تیار کی گئی اس رپورٹ کے مطابق ان کیمیکلز کے باعث صحت اور ماحول کو پہنچنے والے نقصانات کی سالانہ لاگت ایک کھرب ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ دستیاب سائنسی شواہد ان کیمیکلز کے مضر اثرات کی تصدیق کرتے ہیں، تاہم دنیا بھر میں ان کے استعمال کو کنٹرول کرنے کے لیے موجود قوانین غیر یکساں اور ناکافی ہیں۔

رپورٹ میں زیرِ بحث کیمیکلز کو سائنسی اصطلاح میں ’اینڈوکرائن ڈسرپٹنگ کیمیکلز‘ (EDCs) کہا جاتا ہے۔ یہ ایسے کیمیائی مادے ہیں جو انسانی جسم کے ہارمونز کے قدرتی نظام میں مداخلت کرتے ہیں۔ بعض کیمیکلز ہارمونز کی نقل کرتے ہیں، کچھ ان کے قدرتی افعال کو روک دیتے ہیں جبکہ بعض ان کی پیداوار اور ترسیل کے نظام کو متاثر کرتے ہیں۔

انسانی جسم میں ہارمونز نشوونما، تولید، میٹابولزم، دماغی افعال اور مختلف اعضا کی کارکردگی کو منظم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے قدرتی نظام میں خلل پیدا ہونے سے صحت کے متعدد مسائل جنم لے سکتے ہیں۔

تشویشناک بات یہ ہے کہ یہ کیمیکلز صرف صنعتی مصنوعات تک محدود نہیں بلکہ بچوں کے کھلونوں، پلاسٹک کی اشیا، کاسمیٹکس، ملبوسات اور تعمیراتی سامان سمیت روزمرہ استعمال کی متعدد مصنوعات میں پائے جاتے ہیں۔

رپورٹ کی شریک مصنفہ اور یونیورسٹی آف میساچوسٹس ایمہرسٹ میں ماحولیاتی صحت کی پروفیسر لورا وینڈن برگ کے مطابق ان کیمیکلز کے مضر اثرات سے متعلق سائنسی شواہد اس قدر مضبوط ہو چکے ہیں کہ انہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

تحقیق میں بِسفینولز، فتھالیٹس اور پیرابینز سمیت مختلف کیمیائی مادوں پر ہونے والی ہزاروں سائنسی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

سائنسدانوں کو ان کیمیکلز اور انسانی صحت کے مسائل کے درمیان سب سے مضبوط تعلق اعصابی نظام کی خرابیوں اور تولیدی مسائل کے حوالے سے ملا ہے۔ ان میں مردوں کے تولیدی مادے (اسپرم) کی تعداد میں کمی بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ ایسے شواہد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جو ان کیمیکلز کو ٹائپ ٹو ذیابیطس اور دمے جیسی تیزی سے پھیلنے والی بیماریوں سے جوڑتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق انسانی جسم میں رونما ہونے والی بعض تبدیلیاں اس قدر تیزی سے سامنے آ رہی ہیں کہ انہیں صرف جینیاتی عوامل کا نتیجہ قرار دینا درست نہیں ہوگا۔

رپورٹ میں ان کیمیکلز کے دماغی نشوونما، اعصابی رویوں اور جسمانی افعال پر منفی اثرات کے مضبوط شواہد بھی پیش کیے گئے ہیں، جبکہ دل کی بیماریوں کے ساتھ ان کے ممکنہ تعلق پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

پروفیسر لورا وینڈن برگ کے مطابق ان کیمیکلز کا خطرہ اس لیے زیادہ ہے کہ یہ ماحول میں وسیع پیمانے پر موجود ہیں اور بعض صورتوں میں انتہائی معمولی مقدار بھی انسانی صحت کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق ان کیمیکلز سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ان افراد کو ہے جو کیمیائی صنعتوں، پلاسٹک کی تیاری اور کچرے کی ری سائیکلنگ کے شعبوں میں کام کرتے ہیں، خصوصاً ان ممالک میں جہاں مزدوروں کے تحفظ کے قوانین کمزور ہیں۔

کم عمر افراد میں کینسر کیوں بڑھ رہا ہے؟ نئی تحقیق میں اہم وجوہات سامنے آگئیں

کیا آپ بھی گردن پر پرفیوم لگاتی ہیں؟ سائنسی تحقیق میں پریشان کن انکشاف!

کیا آپ ہرقسم کے کینسر سے محفوظ رہناچاہتے ہیں؟

غیر سرکاری تنظیم انٹرنیشنل پلوٹینٹس ایلیمینیشن نیٹ ورک کی 2024 میں کی گئی ایک تحقیق میں تھائی لینڈ اور کینیا کے پلاسٹک کے کچرے اور ری سائیکلنگ کے شعبوں سے وابستہ کارکنوں کی کیمیائی مادوں سے متاثر ہونے کی سطح جانچنے کے لیے خصوصی سلیکون کڑے استعمال کیے گئے۔

ان کڑوں کے تجربہ گاہوں میں کیے گئے تجزیے سے معلوم ہوا کہ ان کارکنوں کے جسم 20 سے زائد خطرناک کیمیکلز کی زد میں تھے، جبکہ دفاتر میں کام کرنے والے عام افراد میں بھی کم از کم 11 خطرناک کیمیکلز کے اثرات پائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق اب تک دنیا بھر میں تقریباً ایک ہزار ایسے کیمیائی مادوں کی شناخت ہو چکی ہے جو انسانی جسم کے ہارمونز کے نظام کو متاثر کر سکتے ہیں، تاہم سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں استعمال ہونے والے کیمیکلز کی ابھی تک مناسب سائنسی جانچ نہیں ہو سکی، جس کے باعث ان کے ممکنہ نقصانات پوری طرح معلوم نہیں ہیں۔

ماہرین کو ان کیمیکلز کے مشترکہ اثرات پر بھی تشویش ہے۔ ان کے مطابق ایک ہی وقت میں متعدد کیمیائی مادوں سے واسطہ پڑنے کی صورت میں انسانی جسم پر مرتب ہونے والے منفی اثرات زیادہ شدید ہو سکتے ہیں۔

آسٹریلیا کی گریفتھ یونیورسٹی میں ماحولیاتی زہریات کے پروفیسر فریڈرک لیوش، جو اس رپورٹ کا حصہ نہیں تھے، کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں سب سے اہم سوال یہ ہے کہ کسی کیمیکل کی کتنی مقدار انسانی صحت پر کس نوعیت کے اثرات مرتب کرتی ہے۔

تاہم ان کے مطابق حتمی سائنسی جواب سامنے آنے تک انتظار کرنا مناسب نہیں، کیونکہ موجودہ شواہد اس خطرے کو سنجیدگی سے لینے اور انسانوں کے ساتھ ماحول کو بھی ان مادوں سے محفوظ رکھنے کے لیے فوری اقدامات کا تقاضا کرتے ہیں۔

دنیا کے متعدد ممالک نے بعض خطرناک کیمیکلز کے استعمال پر پابندیاں عائد کی ہیں یا ان کے لیے ضابطے متعارف کرائے ہیں۔ ان میں بچوں کی مصنوعات میں استعمال ہونے والا بِسفینول اے (BPA) بھی شامل ہے۔

تاہم ماہرین کے مطابق حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ کن کیمیکلز کو مکمل طور پر ممنوع قرار دیا جائے اور کن کی محفوظ مقدار کا تعین کیا جا سکتا ہے۔

ماحولیاتی کیمسٹری کے ریٹائرڈ پروفیسر آکے برگمین، جو 2002 اور 2012 میں جاری ہونے والی سابقہ رپورٹس کی تیاری میں بھی شامل رہے، کہتے ہیں کہ یہ ایک انتہائی پیچیدہ سائنسی اور پالیسی معاملہ ہے، جس کے باعث بعض سیاستدان بھی اس پر فیصلہ کرنے سے گریز کرتے ہیں۔

ان کے مطابق متعدد اینڈوکرائن ڈسرپٹنگ کیمیکلز کے لیے محفوظ مقدار کا تعین کرنا ممکن نہیں، کیونکہ بعض مادے انتہائی کم مقدار میں بھی انسانی جسم پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب کیمیائی صنعت کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کونسل آف کیمیکل ایسوسی ایشنز نے اپنے بیان میں ایسے ضوابط بنانے پر زور دیا ہے جو سائنسی شواہد پر مبنی ہوں اور انسانی صحت و ماحول کے تحفظ کے ساتھ جدید مصنوعات، ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے تقاضوں کو بھی مدنظر رکھیں۔

رپورٹ میں پلاسٹک کی صنعت کو بھی ان خطرناک کیمیکلز کے پھیلاؤ کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق پلاسٹک میں مختلف ایسے کیمیائی مادے استعمال ہوتے ہیں جو انسانی صحت اور ماحول کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔

سائنسدانوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا ہے کہ روایتی ایندھن کی عالمی طلب میں کمی کے پیش نظر تیل کی کمپنیاں پلاسٹک کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دے رہی ہیں، جس سے ان کیمیکلز کا پھیلاؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔

رپورٹ کی شریک مصنفہ اور اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی پروفیسر ٹریسی ووڈرف نے زور دیا ہے کہ پلاسٹک کی پیداوار کے بے قابو پھیلاؤ کو روکنے، خطرناک کیمیکلز کے استعمال میں کمی لانے اور انتہائی نقصان دہ مادوں پر پابندی عائد کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مزید تحقیق یقیناً اہم ہے، لیکن موجودہ سائنسی شواہد کی روشنی میں انسانی صحت اور ماحول کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی خاطر مزید تحقیق کا انتظار ضروری نہیں۔

سائنسدانوں کے مطابق یہ معاملہ صرف کیمیائی صنعت یا ماحولیاتی آلودگی تک محدود نہیں بلکہ انسانی صحت، آنے والی نسلوں کی نشوونما اور عالمی صحت کے نظام سے جڑا ہوا ہے، اس لیے حکومتوں کو ان کیمیکلز کے استعمال اور پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مؤثر اور یکساں قوانین متعارف کرانے چاہئیں۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں