گڑنچھ

کشمیر کو جانیے( حصہ اول)

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

سیدامجدحسین بخاری :

معروف صحافی سید امجد حسین بخاری آزادکشمیر سے تعلق رکھتے ہیں، ہر محب وطن کی طرح اپنے وطن سے خوب پیار کرتے ہیں اور اس کے ہر ذرہ پر ، یہاں اگنے والے پھلوں اور سبزیوں پر ، یہاں کے طرز زندگی پر فخر کرتے ہیں۔

ذیل میں وہ آزاد کشمیر کا مختلف پہلوئوں سے ، انتہائی دل چسپ انداز میں تعارف کروا رہے ہیں، یہ ایک طویل سلسلہ کی پہلی کڑی ہے , (ادارہ) :

کشمیر میں دن کا آغاز عموماً نمکین چائے (نون چائے ) کے ساتھ کم گھی والا پراٹھا کھا کر کیا جاتا ہے لیکن بعض علاقوں میں ترکاری کا استعمال بھی کیا جاتا ہے۔ ان دنوں کشمیر میں سبزیوں کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے، کیونکہ کشمیری کچن گارڈننگ کے ذریعے گھروں میں استعمال کیلئے سبزیاں اگاتے ہیں۔

میرے ضلع حویلی کی معروف سبزی تازہ لوبیا کی پھلیاں (موٹھی ) ہے۔ یہ سبزی اگر دن میں تینوں اوقات میں بھی بنے تو گھر کا ہر فرد بہ خوشی کھاتا ہے۔ ان دنوں آلو بخارا ، خوبانی اور میٹھے سیب کا سیزن ہے ، اس کے علاوہ کشمیر میں گزشتہ دنوں گڑنچھ (جنگلی فالسہ ) کا سیزن اختتام پذیر ہوا ہے۔ اس فروٹ پر چند دنوں تک لکھوں گا۔

کشمیر میں فروٹس دن کے اوقات ہی میں کھانے کو ترجیح دی جاتی ہے۔ چراہ گاہوں میں موجود افراد کی آج کل مرغوب غذا کنجی کی سبزی ہے۔ یہ عموماً جنگلات میں پائی جاتی ہے، فرن کے خاندان سے تعلق رکھنے والی اس سبزی کا سائنسی اور اردو نام معلوم نہیں ، اس کا ذائقہ مٹن قیمے جیسا ہوتا ہے ، چوتھی تصویر میں آپ کنجی دیکھ سکتے ہیں۔

گڑنچھ

کشمیری دسترخوان میں اخروٹ کی چٹنی سب سے زیادہ استعمال ہوتی ہے۔ اس چٹنی کے اجزا میں پودینہ ، لہسن ، ہرا دھنیا ، سبز مرچ ، ببری ، نمک ، دہی اور اخروٹ ہوتے ہیں، یہ چٹنی اپنے ذائقے کے اعتبار سے لاجواب ہوتی ہے ، گرمیوں میں دن کے اوقات میں گھروں میں لسی، مکئی کی روٹی ( یہ روٹی پنجاب کی روٹی سے انتہائی باریک ہوتی ہے ، جو توے پر پکانے کے بعد دوبارہ چولہے کے اندر رکھ کر پکائی جاتی ہے ، اس پر بھی بیان کروں گا ) اور اخروٹ کی چٹنی کا بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے،

اس میں سب سے پہلے پودینہ اور دھنیا پتھر کی سل پر پسا جاتا ہے، اس کے بعد سبز مرچ اور لہسن کو اسی طرح پس کر رکھا جاتا ہے ، ان چاروں اجزا کو مکس کرنے کے بعد اس میں ببری کے پتے یا بیج مکس کیا جاتا ہے، ان تمام اجزا کا پیسٹ تیار کرنے کے بعد اخروٹ کی گیریاں ان کے ساتھ دوبارہ پسی جاتی ہیں، جب تمام اجزا اپنی ہیت بدل لیتے ہیں تو ان میں معمولی دہی مکس کیا جاتا ہے۔

یقین جانیں اس چٹنی کا نام لیتے ہی منہ میں پانی آجاتا ہے ، آپ یہ چٹنی گھر میں بھی بنا سکتے ہیں مگر کوشش کریں کہ لذت برقرار رکھنے کیلئے پتھر کی سل استعمال کی جائے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں