جھوک سرکار ، اردو ڈرامہ ، ہم ٹی وی

جھوک سرکار، کس اعتبار سے منفرد اردو ڈرامہ سیریل ہے؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

فروا حسن

مشہور مصنف ہاشم ندیم کے قلم سے ‘خدا اور محبت’،’وصال’، ‘عشق زہے نصیب ‘، ‘ رقصِ بسمل ‘ اور ‘ پری زاد ‘ جیسے شاندار ڈرامے تخلیق ہوئے۔ ان ڈراموں کے ناظرین بخوبی جانتے ہیں کہ ہاشم ندیم کیسے انفرادی کردار تخلیق کرتے ہیں۔

پاکستانی ڈرامہ کچھ عرصہ پہلے یکسانیت کا شکار تھا، پھر کچھ مشاق رائٹرز نے، جن میں ہاشم ندیم بھی شامل ہیں، اپنے قلم کے ذریعے اس یکسانیت کو دور کرنے کی کوشش کی۔

سیفی حسن کی ڈائریکشن میں بننے والا ہاشم ندیم کا نیا ڈرامہ سیریل ‘جھوک سرکار’ اسی ہفتے ہم ٹی وی سے نشر ہوا۔جس کو ہاشم ندیم کے فینز کی طرف سے پہلی 2 اقساط پر ہی کافی پزیرائی حاصل ہوئی۔

ڈرامہ سیریل ‘جھوک سرکار’ آج کے گلیمرس ڈراموں کی دوڑ میں میں اپنی کہانی اور پلاٹ کے اعتبار سے کچھ مختلف نظر آتا ہے۔ آج کے گلیمرس ڈراموں کے موضوعات میاں بیوی کے جھگڑے، طلاق، دوسری شادی، دھوکا، محبت کا مشکل حصول اور جادو وغیرہ کے موضوعات عام ہیں۔

‘جھوک سرکار’ میں ایک ظالم وڈیرے پیرل کو دکھایا گیا ہے جس کی 2بیویاں ہیں اور ایک اپنی طرح کا ہی ظالم اور گنوار بیٹا میرل ہے۔

پیرل نے گاؤں کے سب لوگوں کو سود پر قرض دے کر انہیں ذہنی اور جسمانی غلام بنا رکھا ہے۔ کسی شخص کی جرات نہیں کہ وہ پیرل کے خلاف ایک لفظ بھی کہہ سکے۔

کہانی کی ہیروئن سسی(حبہ بخاری) اپنے باپ اور بھائی کے ساتھ چھوٹے سے گھر میں رہتی ہے۔ سسی کی سہیلی نوراں (مامیا شاہ جعفر ) اپنے محبوب شوکت کے ساتھ بھاگ جاتی ہے کیوں کہ اس کا باپ اس کا رشتہ قبول نہیں کرتا۔ پیرل اس خبر کے ملنے پر سخت غصے کا شکار ہوتا ہے اور اپنے بیٹے سمیت علاقے کے زرخرید ایس ایچ او کو ان کی تلاش میں بھیجتا ہے۔ وہ دونوں ریلوے سٹیشن پر ہی دھر لیے جاتے ہیں۔

دوسری طرف ایک نوجوان ارسلان(فرحان سعید) مقابلے کا امتحان پاس کر کے ٹاپ لسٹ میں آتا ہے اور ڈی ایس پی بن جاتا ہے ۔آئی جی اس کے ٹاپ میرٹ پر ہونے کی وجہ سے اسے ہیڈ کوارٹر میں تعینات کرنا چاہتا ہے لیکن ہوم منسٹر کے تعلقات کے پیش نظر وہاں اس کے دوست کا بیٹا تعینات ہو جاتا ہے اور ارسلان کو جھوک سرکار بھیج دیا جاتا ہے۔

جھوک سرکار ، اردو ڈرامہ سیریل کا پوسٹر

ہاشم ندیم کی سب سے بڑی خوبی مربوط پلاٹ ہے۔ کہانی کو ایک عام منظر سے شروع کر کے اس کے تمام پیچ و خم کو ظاہر کرنا اور پھر درجہ بدرجہ اس کو کھولنا ہے۔

اگر اداکاری کی بات کریں تو آصف رضا میر نے اپنی شاندار شخصیت کے ساتھ پیرل کے کردار کو بڑی خوبی کے ساتھ نبھایا ہے۔ فرحان سعید نے بھی ڈی ایس پی کی یونیفارم پہنے اپنے شائقین کو بہت زیادہ گرویدہ کیا ہے۔ نئی اداکارہ مائما شاہ جعفر نے خود کو بہترین ثابت کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔

جھوک سرکار’ کیوں منفرد ڈرامہ ہے؟’

کبھی ایسے ڈرامے پی ٹی وی نشر کرتا تھا جس میں کسی گاؤں پر ایک وڈیرے کا تسلط ہوتا ہے اور وہاں 2مرکزی کردار اس کے خلاف علمِ بغاوت بلند کرتے ہیں۔

ایسے ڈرامے عوام کو بہت مسحور کرتے تھے۔ لوگ باقاعدہ منفی کردار سے نفرت اور مظلوم سے ہمدردی اور محبت کے جذبات رکھتے تھے۔

‘جھوک سرکار’ کی کہانی بھی کچھ ایسا ہی دلچسپ موڑ لیے ہوئے آگے بڑھے گی جس میں کہانی کی تمام خصوصیات کشمکش، تصادم، طربیہ اور المیہ تاثرات موجود ہوں گے۔ یقینا یہ ڈرامہ توجہ کھینچنے میں ضرور کامیاب ہو گا۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

ایک تبصرہ برائے “جھوک سرکار، کس اعتبار سے منفرد اردو ڈرامہ سیریل ہے؟”

  1. Mrs Azmi Avatar
    Mrs Azmi

    ڈرامہ تو نہیں دیکھا مگر تجزیہ خوب ہے.