احرام جنون، اردو ڈرامہ ، جیو انٹرٹینمنٹ

ڈرامہ ‘احرام جنون’نہایت سنسنی خیز موڑ پر پہنچ گیا

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

فروا حسن

پاکستانی ڈرامے رواں سال بھی بھی دنیا بھر میں دیکھے اور پسند کیے جا رہے ہیں۔ درحقیقت ڈراموں کے حوالے سے پاکستان دنیا بھر میں سر فہرست ہے۔

اس سال جیو ٹی وی کے 3 ڈراموں نے ہر ہفتے لاکھوں میں ویوز حاصل کیے جن میں سے ایک ڈرامہ جہانزیب قمر کا لکھا ہوا ‘احرامِ جنون’ ہے جس کی ہدایات سید رامش رضوی نے دی ہیں۔

پاکستانی ڈرامہ کیوں مقبول ہے؟

ہر ملک میں ایک نہیں بلکہ مختلف النوع معاشرے تشکیل پاتے ہیں۔ ہر معاشرے کے اپنے رواج اپنی خوشیاں اور المیے ہوتے ہیں۔ بعض اوقات جو بات ایک معاشرے میں قابلِ گرفت سمجھی جاتی ہے، ہو سکتا ہے دوسرے معاشرے میں اسے عام اور معمولی خیال کیا جاتا ہو۔

پاکستانی ڈرامے کی یہی مقبول ترین خوبی ہے کہ اس میں مختلف معاشروں کی روح کو مشاقی سے دکھایا جاتا ہے۔

احرامِ جنون میں خصوصاً دو معاشروں کے تضاد اور مسائل کو بہت خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے جس سے اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ کہانی ایک پیزا ڈیلیوری بوائے شانی کی ہے جس کا تعلق مڈل کلاس طبقے سے ہے۔MBA ہے لیکن نوکری نہ ہونے کی وجہ سے پیزا ڈیلیوری پر مامور ہے اور اپنے خاندان کی کفالت کر رہا ہے جو اس کی ماں، ایک کنواری جوان بہن اور چھوٹے بھائی پر مشتمل ہے۔

شانی کو اپنی یتیم ماموں زاد سجیلہ سے محبت ہے لیکن سجیلہ کا دل رومانوی جذبات سے خالی ہے۔ وہ شانی کو اپنا دوست سمجھتی ہے اور بلا جھجھک اسے اپنے ہر کام کے لیے بلاتی ہے۔

جب بھی شانی سجیلہ کی طرف ڈیلیوری بوائے والی یونیفارم میں آتا ہے تو وہ سخت برا مانتی ہے۔

یہ نکتہ نھی مڈل کلاس معاشرے کا المیہ ہے کہ جب کوئی شخص کسی چھوٹے کام سے وابستہ ہوتا ہے تو اسے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اس کی عزتِ نفس کو سخت الفاظ سے مجروح کیا جاتا ہے۔ دوسرے معنوں ميں محنت کرنے والی کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔

شانی کی ماں کا کردار معاشرے کی حقیقی مڈل کلاس ماں کا کردار ہے کہ اگر اس کا شوہر نہیں ہے تو بڑا بیٹا ہر مسئلے کا حل ہے اور جب تک بہن کنواری ہے اور چھوٹے بہن بھائی پڑھ رہے ہیں، ایسے میں اس بیٹے کو محبت کرنے کا بھی کوئی حق نہیں۔

یہ مڈل کلاس مرد کا المیہ ہے کہ اس پر باشعور ہوتے ہی ذمہ داریوں کا بوجھ ڈال دیا جاتا ہے اور اس کی شخصیت اور خواہشات پسِ منظر میں چلی جاتی ہیں۔

کہانی کا دوسرا مرکزی کردار شانزے ہے جو بہت امیر ماں باپ کی اکلوتی بیٹی ہے۔ اس کے ماں باپ کے پاس اس کے لیے وقت نہیں۔

یہ اپر کلاس کا المیہ ہے کہ اس میں بچوں کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں پر دولت کی دوڑ میں توجہ نہیں دی جاتی نتیجتا بچہ تنہائی کا شکار ہو جاتا ہے اور ماں باپ سے متنفر ہو کی باغی ہو جاتا ہے۔
شانزے بھی اسی تنہائی کا شکار ہے۔

شانزے کے ماں باپ اس کی شادی کرنا چاہتے ہیں لیکن اپنے ماں باپ کے غیر صحت مند ازدواجی تعلق کو دیکھ کر وہ اپر کلاس کے مردوں سے بیزار ہے اور ایسے شخص کا ساتھ چاہتي ہے جس کو حسن اور دولت سے غرض نہ ہو۔ اور اسے پیزا بوائے شانی سے محبت ہو جاتی ہے جس کی خودداری سے وہ بہت متاثر ہوتی ہے اور اسے اپنے باپ کی کمپنی میں اعلی عہدہ دلاتی ہے۔

اس عہدے کی وجہ سے شانی کو گاڑی اور فلیٹ بھی ملتا ہے جس کی وجہ سے وہ تذبذب کا شکار نظر آتا ہے۔
گاڑی اور فلیٹ کا سن کے اس کی ماں بہت خوش ہے اور سجیلہ کے دل میں بھی ان مراعات کی وجہ سے شانی کے لیے جگہ بن جاتی ہے۔

احرام جنون، اردو ڈرامہ کا پوسٹر

شانی جاب سے خوش تو ہوتا ہے اور محنت بھی کرتا ہے لیکن شانزے کی آنکھوں میں لو دیتے جذبوں کی آنچ سے پریشان بھی ہے۔ کئی بار نوکری چھوڑنے کا ارادہ کرتا ہے لیکن پھر وہی مڈل کلاس ماں کی گھرکیاں آڑے آ جاتی ہیں۔

پاکستانی ڈرامے میں عموماً عورت کی مجبوری کو موضوع بنایا جاتا ہے۔ ‘احرام جنون’ کی انفرادیت اسی لیے نمایاں ہے کہ اس میں ایک مرد کے مسائل اور مجبوریوں کو دکھایا گیا ہے۔

کہانی اس وقت عروج پر ہے کیونکہ شانی کی سجیلہ سے منگنی ہو چکی ہے۔

سجیلہ کو ایک لالچی لڑکی کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ در حقیقت سجیلہ جیسی مڈل کلاس لڑکیاں اپنے خاندان کی عورتوں کی مشقت بھری زندگی سے تنگ ہوتی ہیں اور مراعات سے بھر پور زندگی کے خواب دیکھتی ہیں لیکن ان خوابوں کی دوڑ میں وہ حقیقی محبت اور سکون سے محروم ہو جاتی ہیں۔

دوسری طرف شانزے کا عشق بڑھتا جا رہا ہے۔ ڈرامہ نہایت دلچسپ موڑ لیے آگے بڑھ رہا ہے۔

ڈرامے کی کاسٹ میں مرکزی کردار عمران عباس, نیلم منیر اور نمرہ خان ادا کر رہے ہیں۔ سینئر کاسٹ میں محمود اسلم اور زینب قیوم شامل ہیں۔ تھیم سانگ کافی مقبول ہے۔
ڈرامہ ہر پیر اور منگل کی شب جیو ٹی وی سے نشر ہو رہا ہے۔

ڈرامہ ایک خوددار مرد کی مجبوریوں اور مسائل کو اجاگر کرنے کی ایک عمدہ کوشش ہے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

ایک تبصرہ برائے “ڈرامہ ‘احرام جنون’نہایت سنسنی خیز موڑ پر پہنچ گیا”

  1. حسن رضا Avatar
    حسن رضا

    نہایت عمدہ تجزیہ