نوازشریف فلیگ شپ ریفرنس میں بری، العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کے خلاف دائر العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو بری جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنادی ہے. انھیں تین ارب47 کروڑ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا ، انکے بیٹوں حسن اور حسین نواز کو مفرور قراردیدیاگیا. پہلے یہ فیصلہ گیارہ بجے سنانے کا اعلان کیا گیاتھا لیکن پھر2 بجے کا وقت دیاگیا ہے تاہم فیصلہ سنائے جانے کا عمل مزید تاخیر کا شکار ہوگیا.

احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک قومی احتسباب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ریفرنسز پر 19 دسمبر کو محفوظ کیا گیا فیصلہ آج سنایا۔

عدالت میں پیشی سے قبل نواز شریف نے فارم ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں وکیل خواجہ حارث اور حمزہ شہباز نے ان سے ملاقات کی تھی۔

ان عدالتی کیسز کے طویل سلسلے میں شریف خاندان نے منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری اور آف شور اثاثے چھپانے کے الزامات کا مقابلہ کیا اور آج کے عدالتی فیصلے سے کیسز کا یہ طویل سلسلہ ختم ہوجائے گا۔

ادھر فیصلے کے پیش نظر احتساب عدالت کے اطراف سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں اور رینجرز، پولیس، کمانڈوز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں جبکہ رجسٹرار کی اجازت کے علاوہ کسی کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے اور اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ نے مختلف داخلی راستوں پر ناکہ بندی کی ہوئی ہے۔

دوسری جانب عدالتی فیصلے سے قبل ہی سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی اور مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے عدالت پہنچی اور سابق وزیر اعظم کے حق میں نعرے بازی کی۔

اس فیصلے کے پیش نظر نواز شریف لاہور سے اسلام آباد پہنچے تھے اور اس بات کا امکان ہے کہ وہ کمرہ عدالت میں فیصلہ خود سنیں گے۔

نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کی تفصیلات
28 جولائی 2017 کو پاناما پیپرز اسکینڈل میں سپریم کورٹ نے حتمی فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو قومی اسمبلی کی رکینت سے نااہل قرار دے دیا تھا جس کے بعد وہ وزارتِ عظمیٰ سے بھی نااہل ہوگئے تھے۔

عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں شریف خاندان کے خلاف نیب کو تحقیقات کا حکم دیا، ساتھ ہی احتساب عدالت کو حکم دیا تھا کہ نیب ریفرنسز کو 6 ماہ میں نمٹایا جائے۔

عدالتی حکم کے مطابق نیب نے نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس تیار کیا تھا جبکہ نواز شریف، اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس بھی دائر کیا گیا تھا۔

20 اکتوبر 2017 کو نیب فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف پر فردِ جرم عائد کی تھی اور ان کے دو صاحبزادوں، حسن نواز اور حسین نواز کو مفرور ملزم قرار دیا تھا۔

یاد رہے کہ ابتدائی طور پر اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ان تینوں ریفرنسز کی سماعت کررہے تھے اور انہوں نے ہی 6 جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

تاہم بعد ازاں شریف فیملی نے جج محمد بشیر پر اعتراض کیا تھا جس کے بعد دیگر دو ریفرنسز العزیریہ اور فلیگ شپ کی سماعت جج ارشد ملک کو سونپ دی گئی تھی، جنہوں نے 19 دسمبر کو ان دونوں ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اگرچہ ایون فیلڈ ریفرنس کی بات کی جائے تو سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی جانب سے اپنی سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کی گئیں تھیں جنہیں 16 جولائی کو سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں اس درخواست پر سماعتوں کے بعد 19 ستمبر 2018 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سزاؤں کو معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا تھا۔

جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن پر مشتمل ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سزا معطلی کی درخواست منظور کرتے ہوئے مختصر فیصلہ سنایا تھا۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ درخواست دہندگان کی اپیلوں پر فیصلہ آنے تک سزائیں معطل رہیں گی جبکہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا تھا۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں