لاہور، پاکستان میں آلودہ فضا کا ایک منظر، پس منظر میں بادشاہی مسجد

پاکستان میں سالانہ 17 فیصد اموات کی وجہ فضائی آلودگی

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

بادبان رپورٹ

لاہور، شیخوپورہ، قصور اور پشاور جیسے  انتہائی آلودہ بڑے شہروں میں پی ایم 2.5 کی اعلیٰ سطح متوقع انسانی عمر کو 7 سال تک کم کر دیتی ہے۔

فضائی آلودگی میں کمی لاہور کے شہریوں کی متوقع عمر میں 7.5 فیصد، کراچی میں 2.7 فیصد اور اسلام آباد کے رہائشیوں کی ساڑھے چار فیصد تک متوقع عمر میں اضافہ کر سکتی ہے۔

پاکستان کی 69.5 فیصد آبادی فضائی آلودگی کی موجودہ سطح کے باعث اعصابی، پلمونری اور قلبی امراض کی وجہ سے اپنی متوقع زندگی میں سے 5 سال تک ہاتھ دھو بیٹھے گی۔ پاکستان میں ہر فرد کے ہاں ذرات کی آلودگی کی سالانہ اوسط نمائش 63 µg/m3 ہےجو کہ   WHO کی تجویز کردہ 5 µg/m3 سے 12 گنا زیادہ ہے۔

پاکستان میں 17 فیصد سالانہ  اموات فضائی آلودگی سے ہوتی ہیں۔ سی او پی ڈی کی وجہ سے ہونے والی سالانہ  کل اموات میں سے 25 فیصد ہوا میں ذرات کی آلودگی کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ فیئر فنانس پاکستان کی مہم LegislateNow# پاکستانی عوام کے لیے ہوا کے معیار کو بہتر بنانے، صاف ہوا سے متعلق قانون سازی، بہتر فضا کے معیار کی نگرانی کے اقدامات اور کم کاربن والی ٹیکنالوجی میں مزید سرمایہ کاری کا مطالبہ کرتی ہے۔

فیئر فنانس پاکستان اپنے مقصد یعنی پاکستان میں صاف فضا کو بنیادی انسانی حق بنانے کی طرف گامزن ہے۔

نیلے آسمانوں کے لیے صاف ہوا کے عالمی دن کی یاد میں، فیئر فنانس پاکستان نے ایک ڈیجیٹل مہم LegislateNow# کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد اس سال کے موضوع Together for Clean Air# پر کام کرنا، قانون سازی، مضبوط پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، ٹیکنالوجی میںی سرمایہ کاری اور سول سوسائٹی کے نقطہ نظر پر آواز اٹھانا، اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مالیاتی کردار کو دوبارہ پیش کرنا ہے۔

مہم کے اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ پنجاب، اسلام آباد اور خیبر پختونخواہ سب سے زیادہ فضائی آلودگی والے صوبے ہیں، اور ان کی آبادی 4.6 سال تک اپنی متوقع زندگی سے محروم ہوسکتی ہے۔ فضائی آلودگی کے صحت پر یہ اثرات بیماریوں کے بوجھ اور اس سے منسلک صحت کی دیکھ بھال کے اخراجات کو مزید بڑھا دیتے ہیں، یہ پیداواری صلاحیت کو کم کرتے اور کام کرنے کے دنوں کوضائع کر دیتے ہیں۔

فیئر فنانس پاکستان کے کنٹری پروگرام لیڈ عاصم جعفری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ "LegislateNow# کیمپین پالیسی بنانے والے حلقوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ لوگوں کو فضائی آلودگی کے اس بحران سے نکالنے کے لیے صاف فضا سے متعلق قانون سازی کریں۔ امریکیوں کو 1970 میں منظور ہونے والے کلین ایئر ایکٹ سے پہلے کے مقابلے میں 65% کم فضائی آلودگی کا سامنا ہے۔ پاکستان کے لئے اس موضوع پر امریکہ سے سیکھنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا، "ملٹی لیٹرل عطیہ دہندگان کو ایک مالیاتی نظام کی تشکیل کے لیے عوامی اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو متحرک کرنا چاہیے جو سماجی مسائل سے نمٹ سکے۔ صاف ٹیکنالوجیز اور توانائی کے قابل تجدید ذرائع کی منتقلی میں تکنیکی معاونت کی فراہمی سے کم کاربن والےذرائع، پائیدار اور لچکدار معیشت کو فروغ ملے گا اور پاکستان کے توانائی کے بحران کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔

ایئر کوالٹی لائف انڈیکس 2023  کے مطابق اگر PM 2.5 کی سطح کو موجودہ سطح سے WHO کی تجویز کردہ سطح 5µg/m3 تک کم کر لیا جائے تو پاکستانی 7 سال تک اپنی عمر بڑھا سکتے ہیں۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور کراچی جیسے بڑے شہروں میں صنعتی اخراج کی وجہ سے ذرات کی یہ آلودگی بہت زیادہ ہے۔ صنعتوں سے کاربن کے اخراج میں کمی زندگی کو بڑھا سکتی ہے، لوگوں کو پیداواری اور صحت مند  رکھ سکتی ہے، اور جی ڈی پی میں مثبت حصہ ڈال سکتی ہے۔ مثال کے طور پر، کھیلوں کا سامان تیار کرنے والے شہر سیالکوٹ میں موجودہ PM 2.5 کی سطح 59.65µg/m3 کی کمی سے متوقع انسانی عمر میں 5.4 سال کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسی طرح، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے رہائشیوں کے بارے میں بھی امید ہے کہ اگر فضائی آلودگی کا تناسب ڈبلیو ایچ او کے متعین خطوط کے مطابق کم کر لیا جائے تو ان کی متوقع عمر میں 5.6 اور 3.8 سال کا اضافہ ممکن ہے۔

کھانا پکانے اور گرم کرنے کے لیے بائیو ماس ایندھن کا استعمال، اینٹوں کے بھٹوں جیسی چھوٹی صنعتوں سے اخراج، میونسپل اور زرعی فضلہ کو جلانا وغیرہ پاکستان میں فضائی آلودگی کے کچھ انوکھے ذرائع ہیں جو شہری اور دیہی علاقوں میں اندرونی حصوں اور ہوا کے معیار کو متاثر کرتے ہیں، اور خاص طور پر خواتین، بچوں اور کم آمدنی والے علاقوں کے رہائشیوں پر صحت کے سنگین اثرات مرتب کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ماحولیاتی آلودگی کے سبب درپیش خطرناک موسمیاتی تبدیلیوں سے کیسے نمٹیں؟

سموگ کے اثرات سے کیسے بچیں؟

بچوں کو صحت مند زندگی اور ماحول فراہم کرنے میں دنیا ناکام

گلوبل برڈن ڈیزیز رپورٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ تمام جنوبی ایشیائی ممالک میں پاکستان میں 5 سال سے کم عمر بچوں کی بیرونی فضائی آلودگی سے ہونے والی شرح اموات سب سے زیادہ ہے۔ 5 سال سے کم عمر بچوں میں اموات کی شرح پاکستان میں ہر 100,000 افراد میں  110 ہے، جبکہ بھارت میں یہ شرح 69، نیپال میں 47، اور بنگلہ دیش میں 37 ہے۔ اسی طرح پاکستان میں 15 سے 49 سال کی عمر کے بچوں کی شرح اموات بھی پڑوسی ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔

اس موقع پر آئی یو سی این پاکستان کے مقامی نمائندے، جناب محمود اختر چیمہ نے صاف فضا کو بنیادی انسانی حق کے طور پر ماننے پر زور دیا۔ یہ صحت کا ایک بڑا مسئلہ ہے، جس سے انسان کے مختلف اعضاء یعنی پھیپھڑوں، آنکھوں، اور جلد متاثر ہوتے ہیں، اور مزید بہت سی بیماریاں لاحق ہوتی ہیں۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ صاف ہوا سے متعلق پالیسی فیصلوں سے آگاہ کرنے کے لیے بہتر تعاون، علم کے فروغ، باہمی شراکت داری اور سائنس پر مبنی نقطہ نظر کو اپنانا بھی لازمی ہے۔ موسمیاتی تبدیلیاں اس مسئلے کو مزید بڑھا رہی ہیں اور اس کا اثر کئی گنا بڑھ گیا ہے۔

اپنے پیغام میں، WWF-Pakistan کی موسمیاتی اور توانائی کی منیجر، محترمہ نظیفہ بٹ نے کہا، "اگر ہمیں فضا کے معیار کو بہتر بنانے اور سموگ کی صورتحال سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ کم کاربن کی ترقی کی طرف بڑھنا ہے، تو مسلسل گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج (GHGs) کو روکنے اور ہوا کے کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم کی ضرورت ہے۔

سول سوسائٹی کی تنظیموں، تھنک ٹینکس، صارفین کے تحفظ کے گروپس، اکیڈمیا اور کاروباری برادری کا ایک نیٹ ورک – فیئر فنانس پاکستان کولیشن نے اپنے بیان میں صاف فضا اور زیادہ سے زیادہ متوقع زندگی کو یقینی بنانے کے لیے کم کاربن کی سرمایہ کاری کے لئے عزم کیا ہے۔ اس اتحاد نے خطرے کے عوامل کو کم کرنے اور پاکستان کے لوگوں کے لیے صحت کے فوائد کو بڑھانے والی صاف ٹیکنالوجیز کے لیے فنڈز جمع کرنے پر زور دیا۔ اتحاد کے رکن جناب مختار احمد علی  (ایگزیکٹو ڈائریکٹر، سینٹر فار پیس اینڈ ڈیولپمنٹ انیشیٹوز)  نے کہا کہ "فائنانس اور سرمایہ کاری خاندانوں اور تیسرے درجے کے ہیلتھ کیئر یونٹس کے پھیپھڑوں، پلمونری اور فضائی آلودگی کے باعث ہونے والی دیگر بیماریوں کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے اہم ہے۔”

جہاں  بھی دھواں ہے وہاں حل موجود ہیں۔ فضائی آلودگی کو کم کے لیے معیارات اور پالیسیاں تیار کرنے کے لیے شہروں کے باہر فضائی معیار کی مزید جامع نگرانی ضروری ہے۔ کولیشن ممبر، جناب ندیم اقبال (سی ای او، نیٹ ورک فار کنزیومر پروٹیکشن ان پاکستان) نے تجویز کیا کہ شفافیت کو برقرار رکھنے اور ہوا کے معیار کو بہتر بنانے والے اقدامات کے بارے میں عوامی آگاہی ضروری ہے، اور اس کے حل کے لیے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔

کاربن مارکیٹوں کی تشکیل، کم کاربن والی ٹیکنالوجیز کے لیے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو تقویت دینا اور قومی سطح پر سیاسی ہم آہنگی پیدا کرنا پاکستان کو صاف فضا کی طرف گامزن کر سکتا ہے۔ زراعت، کاروبار اور کھانا پکانے کے طریقوں میں صاف ستھری توانائیوں کے استعمال کی طرف جانے کے لئے لاکھوں کسانوں، چھوٹے کاروباری اداروں اور گھرانوں کے رویے میں تبدیلی لانا لازمی ہے۔

انڈس کنسورشیم کے سی ای او، جناب حسین جروار نے اپنے بیان میں کہا کہ "فوسیل فیول سے قابل تجدید توانائی کی طرف منتقلی پاکستان کی فضائی آلودگی کے بحران سے نمٹنے کے لیے کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔”

ایک مکمل حکومتی نقطہ نظر، جو کہ صوبائی اور وفاقی موسمیاتی تبدیلی کے محکموں کی مشاورت سے ہو، اور معیشت کے دیگر شعبوں یعنی زراعت، توانائی، صنعت، اور نقل و حمل میں ماحولیاتی پالیسیوں کو مربوط کرتا ہو، اس کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ فیئر فنانس پاکستان، فیئر فنانس ایشیا (fairfinanceasia.org) اور فیئر فنانس انٹرنیشنل (fairfinanceguide.org) کا رکن ہے جو اس وقت ایشیا، افریقہ، لاطینی امریکہ اور یورپ کے تقریباً 20 سے زائد ممالک میں کام کر رہا ہے۔ فیئر فنانس پاکستان (FFP) مالیاتی اداروں خصوصاً تجارتی بینکوں اور سرمایہ کاری کے ماحولیاتی، سماجی اور انسانی حقوق کے  عزم کو مضبوط کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ FFP مقامی کمیونٹیز کی سماجی اور ماحولیاتی بہبود کا احترام کرنے اور اسے بڑھانے، کاروباری آپریشنز میں ESG کے معیار کو مربوط کرنے پر زور دیتا ہے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں