ایک-خاتون-دعا-کرتے-ہوئے

پیغام صبح: اس کے قرب کا احساس

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اللہ تعالی سے محبت کا یہ عالم دل میں کیسی سرشاری بھر دیتا ہے کہ وہ میرے پاس ہے، بالکل پاس۔ جب میں کھڑی ہوں، بیٹھی ہوں، کسی بهی حال میں ہوں۔ خلوت میں ہوں یا جلوت میں۔۔۔۔ اور میرے وجود کی توانائی بتا رہی ہے کہ وہ مجھے تھامے ہوئے ہے۔

کھا پی رہی ہوں تو ذائقہ بتا رہا ہے کہ وہ مجھے بھولا نہیں، ساتھ ہی موجود ہے، شکریہ سننے کے لیے۔

کائنات کے رنگ دیکھ رہی ہوں تو رنگوں کی وضاحت کر رہا ہے۔ ہر رنگ میں اس کا اپنا رنگ جھلک رہا ہے، کتنا دل خوش کن خیال ہے کہ جو چیز میں نے دیکھی وہ اللہ نے انگلی رکھ کے دکھائی اور خود بھی دیکھی۔ جو میں دیکھ رہی ہوں وہ بھی دیکھ رہا ہے،

میرے وجود کو اپنا احساس دلا رہا ہے۔

ہر نظر اور نظارے میں اس کا احساس زندہ شکل میں موجود ہے۔

میں سو جاتی ہوں تو وہ جس کو نہ نیند آتی ہے نہ اونگھ وہ میری حفاظت کرتا ہے،

مجھے پیار سے دیکھتا رہتا ہے، میرے جاگنے سے پہلے جو  بھی میری ضروریات ہیں ان کا انتظام کرتا ہے۔ مجھ سے خطا ہو جاتی ہے تو اس پہ فوری پکڑ نہیں کرتا، مہلت دیتا اور معاف کرنے میں جلدی کرتا ہے۔ میرے پلٹ آنے کا منتظر  رہتا ہے محبت کے ساتھ۔

میں سانس لیتی ہوں تو مجھے وہ ’اذا نفخت فیہ من  روحی‘ کا  احساس دلاتا ہے۔

اپنے بابا آدم کے پتلہء خاکی میں روح پھونکے جانے پہ زندگی کا احساس یاد دلاتا ہے اور یہ احساس

 کہ میں اسی پتلے کا حصہ ہوں مجھے نئی تازگی دیتا ہے۔

اپنے اللہ کے قریب ہونے کا گمان اور بڑھ جاتا ہے، شہ رگ سے قریب ہونے کا یقین فزوں تر ہو جاتا ہے۔

سبحان اللہ و بحمدہ سبحان العظیم.

اللھم أنت ربی لک الحمد کما ینبغی لجلال وجھك ولعظیم سلطانك۔

اے اللہ تیری یہ عاجز، خطا کار بے بس بندی تیرے سارے ناموں کا واسطہ دے کر التجا کرتی ہے کہ اس دنیا سے رخصتی کے وقت آخری لمحوں میں اپنے قرب کے احساس سے سرشار رکھنا اپنے ’وجہ کریم‘ پہ میرے لیے مسکراہٹ ہی رکھنا، میرا ساتھ نہ چھوڑنا،

مجھے آواز دینا

’یا ایتھا النفس المطمئنہ الرجعی الی ربک راضیۃ مرضیہ

فا دخلی فی عبادی وادخلی جنتی‘ 

آمین۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں