باحجاب-مسلمان-خاتون-مسجد-میں-دعا-مانگتے-ہوئے

پیغام صبح: آج کا خوب صورت لمحہ

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

وہ بہت ہی خوبصورت اور یادگار لمحہ ہوتا ہے جب دل میں اپنے رب کی رحمت و مہربانی کا احساس زندہ  ہوتا ہے، جب  دل میں نرمی اور گداز محسوس ہوتا ہے اور آنکھوں سے برکھا نہ بھی برسے صرف نمی  ہو تو بھی روح سرشار ہو جاتی ہے۔ یہ مالک کا خاص لطف وکرم ہوتا ہے۔ یہ ایک لمحہ بھی ہو تو باقی سارا دن اس کے اثر میں گل وگلزار رہتا ہے۔

دن میں اگر ایک بار بھی یہ کیفیت حاصل ہو جائے تو وہ سرخروئی کا دن ہے۔ قیام وقعود، رکوع یا سجود کا کوئی لمحہ، کلام پاک کی تلاوت کی کوئی آیت، دعا کے لیے اٹھے ہاتھوں کے وقت کا کوئی لفظ آنکھوں میں نمی اور دل میں گداز لے آتا ہے تو وہ دن کامیابی کا دن ہے۔ کائنات میں پھیلے رنگوں کو دیکھ کر اللہ کا رنگ یاد آجاتا ہے اور اس رنگ میں رنگے جانے کی آرزو پیدا ہوجاتی ہے تو یہ خوش نصیب دن ہے۔

اگر خالص اللہ کے لیے نیکی کرنے پہ دل کی گہرائیوں سے خوشی کی ترنگ محسوس ہوتی ہے تو یہ قبولیت کا دن ہے۔ سارے دن میں ایک بار بھی اللہ کی یاد میں دل کی دھڑکن تیز ہوکر مارے محبت کے آنکھیں نم ہو گئی ہوں تو اس رب کے لطف وکرم کا یقین ہوجانا لازم ہے۔ تو آئیے! آج اس لمحے کی تلاش اور جستجو کریں۔

موتی سمجھ کے شان کریمی نے چن لیے

قطرے جو تھے میرے عرق انفعال کے

اے اللہ ! آپ ہمارے دلوں میں اپنے لطف وکرم کا إحساس جگا دیجیے، قلب  میں اپنی محبت کا نور بھر دیجیے، ہماری آنکھوں کو اپنے دیدار کا مشتاق بنا دیجیے۔ وہ لمحہ خاص عنایت کر دیجیے جس کے طفیل کامیابی ہمارا مقدر ٹھہرے۔ آمین ۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

ایک تبصرہ برائے “پیغام صبح: آج کا خوب صورت لمحہ”

  1. جاوید اصغر Avatar
    جاوید اصغر

    امین۔۔۔۔کاش۔۔۔۔۔