مدثرمحمودسالار، کالم نگار

پاکستانی قوم کی عمران خان سے بدگمانیاں

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

مدثرمحمودسالار۔۔۔۔۔۔۔
بدگمانیاں ، شک اور منفی سوچیں ہماری ذات کے لیے نقصان دہ ہیں۔ان بری عادتوں سے کسی اور کو کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ ہم اپنا آپ برباد کررہے ہوتے ہیں۔

آپ فقط مثبت سوچا کریں اور جو بات کسی دوسرے کے متعلق معلوم ہو تو اس پر غور و فکر اور تحقیق کرلیا کریں ورنہ بدگمانیاں بڑھتی جائیں گی اور تعلق کمزور پڑ جائیں۔

آج کل ہم زیادہ تر جن بدگمانیوں کا شکار ہیں ان کے متعلق کچھ مثبت پہلوٶں پر بات کرتے ہیں کیونکہ دیکھاجارہا ہے کہ اچھے بھلے تعلیم یافتہ لوگ بھی ان بدگمانیوں کا شکار ہورہے ہیں۔

اب کل ہی کی بات ہے سوشل میڈیا پر بے وقوف لوگوں نے طوفان بدتمیزی برپا کررکھا تھاکہ محترم المقام وزیر اعظم عمران خان صاحب نے جس یونیورسٹی کا اعلان کیا تھا وہ منصوبہ ملتوی کیوں ہوگیا اور خان صاحب نے ایک اور یوٹرن لے لیا ہے،
عزیز قاری! آپ تھوڑا فکر و تدبر کرتے تو اس فیصلے کی گہرائی تک پہنچ جاتے۔

دراصل خان صاحب کا تعلق میانوالی سے ہے اور میانوالی ٹرک ڈرائیوروں کی دھرتی ہے، یونیورسٹی کا اعلان کرکے آپ کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانا مقصود تھا مگر آپ بدقسمت نکلے اور تبدیلی کی گاڑی میں جابیٹھے۔

اب تبدیلی والی گاڑی کی رفتار اتنی تیز ہے کہ ٹرک اور ٹرک کی بتی ڈھوک بنی گالہ میں ہے اور تبدیلی والی بس واہگہ باڈر کراس کرچکی ہے تو جناب یہ تو آپ کا قصور ہے کہ آپ ٹرک کی بتی کی اتباع چھوڑ کرگمراہ ہوگئے۔
آپ اپنی سوچ بدلیں تو ایک کیا ہزار یونیورسٹیاں خواب میں نظر آسکتی ہیں۔

ایک اور بدگمانی یہ مشہور ہے کہ خان صاحب نے کہا تھا قطر سے واپس آکر سانحہ ساہیوال کے متاثرین کو انصاف دوں گا مگر ابھی تک انصاف نہیں دیا۔۔
یہاں پھر آپ بدگمان ہوگئے اور عوام کے مسیحا کے متعلق نازیبا خیالات اور الفاظ کا اظہار کرنے لگے،

خان صاحب نے کہا تھا
میں قطر سے آکر انصاف دوں گا،
پہلی بات تو یہ کہ خان صاحب پروفیشنل ٹیکسی ڈرائیور ہیں اور بیرون ملک ٹیکسی چلاتے ہیں۔اب چند دن پہلے امیرِ قطر کو لے کر لمبی ڈرائیو پر نکلے ہوئے تھے، جب پاکستان واپس آئیں گےتو انصاف والا لالی پاپ دیں گے۔

اوہ شاید آپ سمجھ رہے کہ مجھے معلوم نہیں کہ خان صاحب پاکستان کے وزیراعظم ہیں، نہیں جی ایسا بدھو بھی نہیں ہوں کہ اپنے ملک کے وزیراعظم کا نام معلوم نہ ہو۔
میں جب بھی علی بھائی کو دیکھتا ہوں تو اپنے وزیراعظم صاحب یاد آجاتے ہیں اور ایسا نہیں ہے کہ علی بھائی کی شکل کسی وزیراعظم سے ملتی ہے بلکہ علی بھائی کا پورا نام علی باجوہ ہے۔

آپ بھی صبروتحمل سےکام لیں جب خان صاحب ڈرائیوری سے چھٹی لے کر پاکستان آئیں گے تو انصاف والا لالی پاپ اور اس کےساتھ تبدیلی کی قلفی بھی دیں گے جس سے آپ ٹھنڈے ٹھار ہوجائیں گے۔۔
اچھے اور مہذب پاکستانی بنیں اور مثبت سوچا کریں۔

آج کی تازہ فضولیات ہی دیکھ لیں کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے پر بھی خان صاحب جو لعن طعن۔
خدارا اپنا رویہ بدلیں اور خان صاحب کی حب الوطنی پر شک نہ کریں۔
ڈالر کی قیمت بڑھنے سے پاکستان کو ہزار ہا فوائد ہیں۔

جہاں خان صاحب کی سوچ جاتی ہے وہاں آپ کبھی نہیں پہنچ سکتے،
پہلا پاکستانی حکمران ہے جو پاکستان کی مقامی اشیا ٕ عوام تک سستی کرکے پہنچانا چاہتا مگر آپ کی بدگمانیاں ہی ختم نہیں ہوتیں۔

ڈالر غیر ملکی کرنسی ہے جتنا مہنگا ہوگا لوگ خرید خرید کر جلائیں گے اور پاکستان کو فائدہ ہوگا،
روپیہ پر قائداعظم کی تصویرہے جتنا سستا ہوگا لوگ اتنا زیادہ قائداعظم کی تصویر گلیوں چوراہوں میں بچھاکر قائد نیا پاکستان کو خراج تحسین پیش کریں گے۔
آپ اچھا گمان رکھیں اور مرتے دم تک پرامید رہیں کہ تبدیلی آرہی ہے۔۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں