پاکستانی کرنسی نوٹ 5000 روپے

بجٹ کے زندگی پر اثرات، پاکستانی کیا سوچ رہے ہیں؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

عمرانہ کومل۔۔۔۔۔۔
بڑھتی مہنگائی غریب عوام سے سانس لینے کا حق بھی چھین رہی ہے، اگربجٹ میں اشیائے خوردنی کی قیمتوں آٹے، دال، چنے، سبزیوں، پھلوں اور دودھ کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تو وہ کون سا خفیہ ہاتھ ہے جو مزدور متوسط طبقہ کو جینے نہیں دے رہا۔ وزیراعظم عمران خان کرپشن مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نپٹیں۔ ‘بادبان’ سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بڑھتی مہنگائی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئےمطالبہ کیا ہے مہنگائی کے بے قابو جن سے عوام کو نجات دلائی جائے۔

ماہر نفسیات ڈاکٹر شگفتہ عباسی نے کہاکہ اشیائے ضروریہ حتی کہ ادویات کی قیمتوں اور بھاری بھرکم یوٹیلیٹی بلز سے عوام تلملارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن غریب مزدوروں کی آمدن 10سے 20ہزارروپیہ ہے جبکہ گھر کا کرایہ سمیت دیگرتمام تر اخراجات کا انحصار اس کی آمدن پر ہو، وہ کیسے زندگی بسر کرسکتا ہے، حکمران ایسے فرد کو مہینہ بھر کا بجٹ بنا کر دکھائیں،

انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں غریب ڈپریشن ،ذہنی تناؤ، امراض قلب اور ذیابیطس جیسے امراض کاشکار ہورہے ہیں، وہ ان بیماریوں کے لئے ضروری تمام تر ٹیسٹوں، علاج اور ادویات کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کئےجائیں۔

پی ٹی آئی کی رہنما ایڈووکیٹ رخسانہ بھٹی نے دعویٰ کیاکہ وزیر اعظم عمران خان نے غریب پرور بجٹ دیا لیکن مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کی مناپلی کا چیلنج درپیش ہے جس سے بخوبی نپٹاجانا وقت کاتقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی مافیا ٹیکس نیٹ میں آنے سے گریزاں ہے ۔ 70سال سے جو کچھ بویا جا رہا ہے موجودہ مہنگائی اسی کا ثمر ہے تاہم عمران خان تمام چیلنجز سے عہداہ برا ہوں گے۔

سماجی رہنما شمیم نے کہا کہ غربت بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ سے عوام کا سانس لینا بھی محال ہورہا ہے۔ اگر بجٹ میں حکومت نے آٹے، دالوں اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا توپھر مہنگائی کے ذمہ داروں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے ۔

پیپلزپارٹی کی رہنما نازیہ نصیر نے کہاکہ عوام کامعاشی قتل کیا جارہا ہے، مہنگائی حکومتی نااہلی ہے۔ موجودہ حکومت چند دن کی مہمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس یورپی ور خلیجی ممالک کی طرز پر لیا جارہا ہے جبکہ حکومتی کارکردگی صفر ہے۔ایسے میں عوام کی بددعائیں حکومت کو لے ڈوبیں گی۔

طالبہ علیشہ نے کہا کہ بہتر مستقبل کے لئے مہنگائی کی کڑوی کونین ایک قوم کی حیثیت سے ہمیں نگلنا ہوگی۔ مہنگائی ماضی کی حکومتوں کی کرپشن کانتیجہ ہے۔ ہمارا ملک اور قوم اچھی ہے، اسے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں