نوجوان ماں اور بچہ

پہلی بار وضع حمل ( ڈیلیوری) کے بعد پرسکون اور آرام دہ دن کیسے گزاریں؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

نیرتاباں :

پریگنینسی کے اپنے جھمیلے سہی، لیکن ڈیلیوری کے وقت کے سلسلے ہی کچھ اور ہیں۔ ایسے میں اگر کوئی مدد بھی نہ ہو تو سونے پر سہاگہ۔ ابھی جب صحت اجازت دیتی ہے اور بے بی کے آنے کے بعد کی مصروفیت سے بچت ہے تو تھوڑا وقت نکال کر کچھ تیاری ایسی کر لیں کہ کچھ دن آپ آرام کر پائیں۔

گھر کے افراد کے لئے ہاف کُکڈ کھانے بنا کر فریز کر لئے جائیں۔ گوشت بھون کر فریز کیا جا سکتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر سبزی یا شوربہ، جو بھی کر سکیں قدرے کم وقت میں ہو جائے گا۔ فیریز کرنے کے لئے چوکور ایئر ٹائٹ باکس میں سالن ڈالیں۔ ایک سائز کے ڈبے اوپر نیچے رکھ کر فریزر میں رکھ دیں۔ اگلے دن ڈبے سے نکال کر کسی بڑے ایئر ٹائٹ بیگ میں اوپر تلے رکھیں۔

بیچ میں بٹر پیپر یا پلاسٹک بیگ رکھتے جائیں تا کہ آپس میں نہ چپکیں۔ بیگ کو سِیل کرنے سے پہلے ہوا نکال کر پھر بند کریں۔ ہوا سے فریزر برن آتا ہے۔ جب چاہیے ہو تو پچھلی رات نکال کر فریج میں رکھ دیں اور اگلے دن پین میں گرم کر لیں یا سبزی ڈالنی ہو تو وہ ڈال کر بھون لیں۔

سبزیاں بھی گوبھی، مکس سبزی، پالک، شلجم۔۔۔ اور جو بھی آپ بناتے ہیں، دھو کر کاٹ کر پیکٹ بنایا جا سکتا ہے۔ صرف سبزی بنانی ہو تو سبزی، پیاز، ٹماٹر، ہری مرچ سب ہی ملا کر پیکٹ بنا لیں۔ ضرورت پڑنے پر مصالحے ڈالیں اور گل جانے پر ذرا سا بھون لیں۔

پلاؤ کا مصالحہ بنا کر فریز کر لیں۔ جتنے کپ چاول ڈالنا ہیں، اس حساب سے پلاؤ کا مصالحہ ایک ایک پیکٹ بنا کے فریز کر دیں۔ بس گرم پانی اور بھیگے چاول ڈالنے پر پلاؤ تیار۔

کچے قیمے کے کباب ٹرے میں رکھ کر تیز آنچ پر بیک کر لیں۔ فوراً پک جائیں گے اور ذائقہ چپل کباب والا ہی ہو گا۔ انہیں ٹھنڈا کر کے ٹرے میں الگ الگ فریز کر کے بعد میں بیگ میں ڈال لیں۔ جتنے چاہیے ہوں ذرا پہلے نکالیں اور پین میں فرائے کر لیں۔

چکن بیک کر کے فریز کیا جا سکتا ہے۔ سادہ دال چاول کے ساتھ چکن ڈی فراسٹ کر لیں اور دم پر گرم کر لیں۔ یہ بھی پچھلی رات نکال کر فریج میں رکھ دیا جائے۔

پیاز براؤن کر کے رکھ لیں۔ بگھار والے چاول بنانے کے لئے آپ کو الگ سے کوئی محنت نہیں کرنی پڑے گی۔
حلیم پہلے سے بنا کر فریز کی جا سکتی ہے۔ تازہ بگھار لگایئے۔ یا پہلے سے براؤن پیاز ہی گرم تیل میں بالکل ذرا سی دیر ڈالیں اور گرم حلیم پر بگھار دے دیں۔

روٹیاں بیل کر کچی بھی فریز کر سکتی ہیں۔ ہلکا سا سیک کر بھی۔ مکمل پکا کر بھی۔ پکائیں اور ٹھنڈی ہو جائیں تو ایک وقت میں جتنی روٹیاں درکار ہیں ان کا ایک پیکٹ بنائیں۔ ہر روٹی کے بیچ میں بٹر پیپر رکھنا ہو گا۔ زپ لاک کر دیں۔ ضرورت پڑنے پر ذرا دیر پہلے نکالیں۔ ڈی فراسٹ ہونے پر گرم توے پر سیک لیں۔ پراٹھے بھی اسی طریقے پر بنائے جا سکتے ہیں۔۔ پکنے میں ذرا سی کسر ہو تا کہ توے پر وہ اوور کک نہ ہو جائیں۔

بچوں کو تین کھانوں کے علاوہ صرف دو سنیکس کی عادت ڈالنا بھی ضروری ہے۔ ناشتے اور لنچ کے بیچ ایک سنیک۔ لنچ اور ڈنر کے بیچ ایک سنیک۔ ہر وقت کھاتے رہنے کی عادت بھوک سے زیادہ impulsive eating ہوتی ہے اور بڑے ہونے کے بعد اس کے کافی نقصانات ہیں۔ سنیکس میں آپ موسمی پھل بلینڈ کر کے پورشن بنا کے رکھ لیں۔ بچے اس کو دودھ یا دہی میں مکس کر کے ملک شیک، سمودی، فلیورڈ یوگرٹ جس بھی شکل میں کھائیں پیئیں۔ تازہ پھل سنیک کے لئے بہترین آپشن ہے۔

یہ سب تو گھر والوں کے لئے تھا۔ اپنے لئے بالخصوص سوجی دیسی گھی میں ہلکی آن پر بھون کر رکھ لیں۔ بادام پستہ بھی باریک پیس کر شامل کر لیں تا کہ بس ایک گلاس دودھ میں چمچ بھر شامل کر کے پی لیں۔ اسی طرح قیمہ بھی بھون کر پیکٹ بنا کر رکھ لیں۔ کچے قیمے کے کباب بھی اپنے لئے الگ سے بنا کر رکھیں تا کہ ایسا نہ ہو سب چٹ پٹ ختم ہو جائے اور آپ کے لئے کچھ نہ بچے۔ کچھ صرف اپنے لئے بھی کیونکہ یہی سب آپکے کام آئے گا جب پکانے کی ہمت نہ ہو اور جسم کو انرجی چاہئے ہو۔

اگر پچھلا بچہ چھوٹا ہے تو گھر کو بے بی پروف کر لیں تا کہ آپ کو مسلسل بچے کی فکر نہ ستائے۔ کسی قسم کے کوئی کیمیکل بچے کی پہنچ میں نہ ہوں۔ استری کی تار کا خیال رکھا جائے کہ نیچے نہ لٹکتی ہو۔ سرکے کا سٹاک رکھ لیں۔ بچے کے بعد صفائی بالکل کیمیکل فری کر دیں۔ سرکے سے ہی بچے کے کپڑوں کو آخری بار کھنگالنے کے لئے بھی ڈالیں۔

گھر کی صفائی اتنی کر لیں کہ مہینہ گزر جائے۔ فریج بھی صاف کر لیں تا کہ کوئی دوست کھانا پہنچائے تو جگہ ہو۔

کوئی بھی، کسی بھی قسم کی مدد آفر کریں تو اللہ کی رحمت سمجھ کر قبول کر لیں۔ چاہے وہ آپ کے بچوں کو دن بھر دیکھ بھال کا کہیں، چاہے ننھے بے بی کی مالش اور نہلانا، چاہے دھلے کپڑے سنبھالنا یا گھر کی صفائی۔ یا کچھ پکا کر دینے کا کہیں۔ کسی تکلف کے بغیر قبول کر لیں اور ان کی نیکی ہمیشہ یاد رکھیں۔ کبھی کسی اور کی یہی مدد کر کے اس نیکی کو آگے بڑھانے کا عزم بھی ساتھ کر لیں۔

ملنے ملانے والوں سے پہلے سے کہہ رکھیں کہ صحت بہتر ہوتے ہی میں بلاؤں گی تا کہ بے وقت کا آنا جانا نہ ہو۔ کچھ ریڈی میڈ چیزیں جیسے مٹھائی بسکٹ نمکو منگوا کر رکھ لیں اور چائے کے ساتھ پیش کریں۔ فی الحال پر تکلف چائے اور کھانے کا موقع نہیں۔ کچھ ماہ ٹھہر جایئے، پھر کر لیجیے، اللہ بہت آسانی کے معاملات کریں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں