جڑواں بچے ، کیلی فورنیا ، امریکا

15 منٹ کا فرق : دو جڑواں بچے 2021 اور 2022 میں تقسیم

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

کیلی فورنیا ( امریکا ) میں ایک خاتون کے ہاں دو جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی۔ تاہم دونوں جڑواں ہونے کے باوجود اپنی سالگرہ ایک دن نہیں منا سکیں گے ۔ سبب یہ ہے کہ دونوں کی پیدائش میں پندرہ منٹ کا وقفہ تھا جس کے نتیجے میں پہلا بچہ 2021 میں پیدا ہوا اور دوسرا نئے سال یعنی 2022 میں ۔ یوں جڑواں ہونے کے باوجود دونوں دو مختلف برسوں میں تقسیم ہوگئے۔

پیپل میگزین کے مطابق فاطمہ میڈریگل اور رابرٹ ٹروجیلو کے یہ جڑواں بچے سلیناس ، کیلی فورنیا کے ہسپتال نیٹیویڈاڈ میڈیکل سنٹر میں پیدا ہوئے۔ پہلے بیٹا پیدا ہوا ، پندرہ منٹ بعد بیٹی اس دنیا میں آئی۔

ایلن یولنڈا ٹروجیلو ( بیٹی ) کو یہ بھی اعزاز حاصل ہوا کہ وہ اپنے پورے علاقے میں 2022 میں پیدا ہونے والی سب سے پہلی بے بی ہے۔ جبکہ اس کا بھائی الفریڈو اونٹونیو ٹروجیلو پندرہ منٹ پہلے یعنی 31دسمبر کی رات گیارہ بج کر پینتالیس منٹ پر پیدا ہوا۔ یوں اب وہ کبھی ایک دن اپنی سالگرہ نہیں مناسکیں گے۔

بچوں کی والدہ فاطمہ کا کہنا ہے کہ جب انھیں اس دلچسپ معاملے کا علم ہوا تو وہ خوش بھی ہوئیں اور حیران بھی۔ ایسا تو لاکھوں میں ایک معاملہ ہوتا ہے۔گائناکالوجسٹ ڈاکٹر اینا ایبرل کا کہنا ہے کہ جڑواں بچوں کا یہ قصہ ان کی زندگی کا سب سے یادگار واقعہ ہے۔

اس سے پہلے ایسا ہی ایک معاملہ امریکی ریاست انڈیانا میں بھی ہوا ، جب گیلیمز نامی ایک خاتون کے ہاں دوبچوں کی پیدائش میں 30 منٹ کے وقفے نے انھیں سال2019 اور 2020 میں تقسیم کردیا تھا۔ وہ نہ صرف دو برسوں میں تقسیم ہوئے بلکہ دو عشروں میں بھی تقسیم ہوگئے۔

یاد رہے کہ امریکی ادارے سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق امریکا میں ہر سال ایک لاکھ بیس ہزار جڑواں بچے پیدا ہوتے ہیں یعنی مجموعی طور پر پیدا ہونے والے بچوں کا تین فیصد۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں