ریاست جموں و کشمیر

قصہ ’مرحوم‘ پُل کا

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

ڈاکٹر امتیاز عبدالقادر ، بارہمولہ

(مذکورہ مضمون2018ء کو تحریر میں لایا گیا تھا۔)

چھوٹے چھوٹے کچےّ ، نیم پختہ اور پختہ مکانات تنگ گلیوں میں یوں آمنے سامنے ایستادہ ہیں جیسے ایک دوسرے سے سرگوشیاں کر رہے ہوں ۔ دن کے اُجالے میں بھی تاریکی سارا سارا دن ان گلیوں میں پڑی جمائیاں لیتی رہتی ہیں۔ دھوپ نُکڑوں اور ان مکانات کی چھتوں پر یوں آکر رُک جاتی ہے کہ جیسے کہ اِسے آگے جانے کی ممانعت ہو۔

بہار میں یہاں ’فرّاٹے مارتی‘ ہواؤں کا چلن رہتا ہے۔ جس کی وجہ سے مکانات کے چھت، دکانوں کی زینت بنے ہوئے سامان ، چھتوں اور تاروں پر سُوکھنے کے لئے رکھے ہوئے کپڑے ہوا میں رقص کرتے کرتے حدِ نگاہ تک دُور جا پڑتے ہیں۔ راہ چلتے لوگوں کی اصل شکل و صور ت گردو غبار کے نیچے ’دب‘سی جاتی ہے اور اس گردکا معتدبہ حصہ ’سُپردِشکم‘ بھی ہو جاتا ہے ۔ یہ مختصر سی آبادی بستے بستے بستی کی شکل اختیار کر گئی ۔

بستی کے بیچوں بیچ دریائے جہلم صدیوں سے بہہ رہا ہے۔ جہلم کبھی دریا کی صورت بہتا ہے اور کبھی نالی کی صورت سُکڑ جاتا ہے۔ ابھی جب کہ یہ سطور قلم کی پیاس بجھا رہے ہیں، جہلم مؤخرالزّکر صورت میں اپنی منزل کا سفر’برق خُرامی‘ سے شب روز طے کر رہا ہے۔

بات ہو رہی ہے قصبہ بارہمولہ (ورمُل)کے شہرِخاص ((Old Townکی۔یہاں کی معاشرت قصبہ جدید اور مضافات میں آباد بستیوں کے لئے ہمیشہ قابل تقلید رہی ہے۔ یہاں کی اکثر عورتوں کی دنیا گھر اور آس پڑوس تک ہی محدود ہے اور مرد اپنی دُنیا اور اہل و عیال کی دُنیا بنانے میں مگن ہیں۔

جب سے ہوش سنبھالا ہے بچّوں کوشرارت کے نت نئے طریقوں کوعملاتے، مردوں ، نو جوانوں کو فرصت کے لمحات گلی کے نُکڑ پر بیٹھ کر گپیں لگاتے یا وسیع قبرستان میں کرکٹ ، گلی ڈنڈا اور والی بال کھیل کر دل بہلاتے دیکھا ہے ۔۔۔۔

قصبہ بارہمولہ کے بیچوں بیچ دریائے جہلم شب و روز اس بستی کے پاؤں دھوتی ہوئی جانب پاکستان اپنا سفر طے کر رہی ہے۔ دریا کے ایک کنارے پر ’بیت المکرم‘ اور’تقوٰی‘ نام کی مساجد ہیں۔ ان مساجد میں انسان اپنے دل کی غلاظت صاف کرتے ہیں تودوسری طرف دریائے جہلم انسانی جسموں کی غلاظت کو اپنے متعفن پانی میں گھولتی ہوئی قصبہ سے باہر چلی جاتی ہے۔

شہرِ خاص کو قصبہ جدید سے ملانے والا ایک عُمر رسیدہ ’بزرگ‘ پُل ہُوا کرتا تھا جو کہ اب ’مرحوم‘ ہو چکا ہے۔ سال2014؁ء کے تباہ کُن سیلاب نے بستی کے اُس پُل کی ’رُوح‘ قبض کی۔ سیلاب سے قبل ہی وہ پُل ہچکولے لے رہا تھا ۔ کئی جگہوں پر اُس کے ’اعضا‘’خرابیِ صحت‘ کا عندیہ دے رہے تھے ۔ کچھ حصہ’زخم‘ کھا کر’چیخا‘’واویلا‘بھی کیا لیکن اس پر بھی جب ’ ترقیاتی‘محکمہ صُمّ ، بُکم ، عُمی کی علامت بنا رہا تو پُل کے اُس حصے نے دریامیں چھلانگ لگانے میں ہی عافیت سمجھی۔

پُل کے ایک کنارے پر شہرِ خاص(old town))کی طرف سے مختصر سا بازار ہے، جہاں سے قصبہ خاص میں بسنے والے لوگ چھوٹی چھوٹی چیزیں خرید کر لاتے ہیں ۔ شام کے بعد سے رات گئے تک یہاں بستی والوں کا کافی رَش رہتا ہے ۔ اکل و شرب کی محفلیں سجتی ہیں۔

کچھ مٹرگشتی میں مصروف رہتے ہیں اوربہار میں اکثر لوگ ہوا خوری کے لئے دریا کنارے چہل قدمی میں مصروف رہتے ہیں۔ بستی کی یہ رونق ، دریا کے اُس پار’پاش ایریا‘میں رہائش پزیر مکینوں میں ایک طرح کا جلن پیدا کرتا ہے ۔ کیونکہ ایسی معاشرت وہاں عنقاء ہے۔ پُل کے اُس جانب قصبہ کا مرکزی بازار ہے۔ جہاں متنوع قسم کے دُکانات اور چھاپڑی فروشوں کا ہجوم اللہ کا فضل تلاش کرتے ہیں ۔

بارہمولہ ، ریاست جموں و کشمیر کا ایک خوبصورت منظر

مرکزی بازار کی پُشت پر ایک آباد بستی ہے جو کہ قصبہ کا متمول (Posh)علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔ یہ بستی اصل میں قصبہ خاص کی ارتقائی صورت ہے ۔ یہیں سے بوجوہ وہ لوگ اُس طرف ہجرت کرکے آباد ہوئے ۔ پرانا پُل شہرِ خاص کو مرکزی تجارتی بازار سے ملاتا تھا ۔ اس پُل کو سبھی’پُرون کدل‘ کے نام سے موسوم کرتے تھے۔

دریائے جہلم پر اب عبور و مرور کے لئے تین پُل بنائے گئے ہیں لیکن مذکورہ پُل تاریخی تھا جوکہ 2014؁ء کے بعد حکومت و انتظامیہ کی نذر ہو گیا۔

یہ پُل مزاحمت کی علامت تھی۔ مذکورہ پُل کنہ جنگ ، گؤ ماتاؤں کے وشرام اور زندگی کے جھمیلے سے فرار حاصل کرکے’خود کشی‘ کی غرض سے چھلانگ مارنے کے بھی کام آتا تھا۔ گؤ ماتاؤں نے تو خیر ایک اور پُل (سیمنٹ برج) کی راہ لے لی۔ جگہ جگہ اُن کے شکم سے نکلنے والے ’پرشاد‘ نے پُل کی ’خوبصورتی‘ اور رنگت میں اضافہ کیا ہے۔

ضلع انتظامیہ اس ’ڈیولیپمنٹ‘ سے نہال ہے۔ چار سال بیت گئے ۔ آسمان کی گردش اور جہلم کی روانی زوروں پر ہے۔لیکن پرانے پُل کی جگہ نئے پُل کی کوئی خبر نہیں۔ 2014؁ء سے اب تک مختلف سیاسی رہنما ، حکمران طبقہ ، ضلع انتظامیہ سے وابستہ ترقیاتی منصوبوں کے’ٹھیکیداروں‘ نے ’مرحوم پُل‘ کے ملبے پر چڑھ کر ’ تصویریں‘ کھینچوائیں ۔ میڈیا کو خبریں دیں اوراس سب کے ساتھ ساتھ اپنے’دہنِ مبارک‘سے ’پس ماندگان‘سے بے شمار وعدے کئے ۔

عوام کاالانعام ان کی شعبدہ بازی اور ڈرامے پر یقین کرتے کرتے خود کو تسلی دیتے دیتے تھک گئے ۔ وہ لیڈران اب خود’خبر‘بن گئے ۔ حکومتیں تب سے اب تک’مرحوم‘ ہوگئیں لیکن یہ پُل اب بھی ایفائے عہد کے لئے راہ تک رہا ہے۔

پُل جب گِرا تب کشمیر کے سیاہ و سپید پر نیشنل کی حکمرانی تھی۔ کُرسی اُن سے روٹھی تو پی۔ڈی۔پی و بی۔جی۔پی کے کوٹھی کی’زینت‘ بنی۔ اب وہ حکومت رہی نہ ہی حکمراں۔ اُن کے ساتھ ساتھ اُن کے وعدے بھی’غرقِ‘دریا ہوئے۔ سریرِ سلطنت پر بیٹھ کر انہوں نے یہاں کے عوامی نمائندوں ، سماجی تنظیموں ، بیوپارمنڈل کو خوب چکر لگوائے ۔ ضلع ترقیاتی دفتر نے بھی مذکورہ اداروں سے وابستہ افراد کے جُوتے بڑی شان سے گِھسوائے ۔۔۔

حیرت ہوتی ہے ان اندھے بہرے حکمرانوں اور ترقیاتی دفتروں پر کہ چار سال میں مشکلات کا سامنا کرنے والے ہزاروں کُنبوں کے دُکھ درد کا مداوا نہ کر سکے۔ جہلم کے آرپار تجارت میں مصروف تاجروں کی آہ و پُکار ان کے ضمیر کو بیدار نہ کر سکی۔ سمجھ سے پرے ہے کہ اس دفتر کو ضلع ’ترقیاتی دفتر‘کیونکر کہا جائے۔ ترقی نام کی کوئی شے ہے کیا بلا یہاں ۔ یہ تو تخریب کے مراکز ہیں ۔ ان کی تعمیر میں بھی تخریب کا پہلو نمایاں ہے۔

چچا غالب ؔ نے ایسے ہی لوگوں کے بارے میں کہا تھا کہ

؎ میری تعمیر میں مضمر ہے اک صورت خرابی کی

قصبہ میں بے ترتیب چھاپڑی فروشوں کا ہجوم سڑکوں اور شاہراہوں پر دیکھنے کو ملتے ہیں۔ جن کے لئے کوئی مخصوص جگہ نہیں ہے ۔ سرکاری بس اڈّہ عملاً سبزی مارکیٹ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ نہ گاڑیاں آسانی سے داخل اور خارج ہوتی ہیں نا ہی عوام یک مشت آمد و رفت کا ’فریضہ‘ انجام دے سکتے ہیں ۔

اتنے برسوں میں گاڑیوں کے لئے بھی کوئی ایک منظم اڈہ قائم نہ کر سکے ۔ پارکنگ کے لئے تو اب جگہ دستیاب کرنے کی ضرورت ہی نہیں رہی کیونکہ سیمنٹ برج کے ایک سرے سے لے کر دوسرے سرے تک اب گاڑیاں تشریف فرما رہتی ہیں۔ علاوہ ازیں سڑک کے اطراف بھی گاڑیوں سے پُر ہوتے ہیں۔

دریائے جہلم کے کناروں پر گندگی کا ڈھیر ہیں اور دریاخود کوڑادان(Dustbin) کا کام بھی دیتا ہے۔ انتظامیہ کے ساتھ ساتھ دکاندار بھی خود غرض ہیں دُکان کے سامنے، شمال و جنوب کو بھی قبضے میں لے کر سامان سجا کر بیٹھ جاتے ہیں۔

یہ کچھ تصویریں ہیں ” ترقی کی“ جس سے صرف اور صرف راہ چلتے عوام ہی متاثر ہوتے ہیں۔ مذکورہ پُل کے نہ ہونے سے عمومی طور پر سارا قصبہ خاص متاثر ہے۔ البتہ محلہ جلال صاحب، اقبال مارکیٹ، محلہ ککر حمام، محلہ گنائی حمام، محلہ میر صاحب، محلہ سعید کریم، محلہ خواجہ صاحب، محلہ قاضی حمام، محلہ فقیر وانی عیدگاہ، محلہ المصطفیٰ کالونی، محلہ فلٹریشن پلانٹ، محلہ باغ اسلام، محلہ چشتی کالونی کے باشندے بہت ہی تکلیف میں ہیں۔

گزشتہ چار سالوں سے وہ آس لگائے بیٹھے ہیں کہ کب انتظامیہ خوابِ غفلت سے بیدار ہو اور ہماری مشکلات کا ازالہ ہو جائے لیکن سب بے سُود۔

گزشتہ کچھ ماہ سے اگر چہ اب کام شروع ہو چکا ہے لیکن کشاں کشاں، خرگوش کی چال سے بھی بدتر کام کی رفتار ہے۔ اتنے عرصے بعد توقع تھی کہ کام میں سُرعت لائی جائے گی اور یہ ان کا اخلاقی اور منصبی فریضہ بھی تھا لیکن اس میدان میں اکثر اخلاقی اقدار کو اہمیت ہے نہ ہی اپنے منصب کے ساتھ انصاف۔

یہاں تو ہر شعبہ اخلاقی دیوالیہ بن کا شکار ہو چکا ہے۔ ان کے سامنے جس کا ہاتھ جتنا لمبا ہو، اُس کا کام اتناہی اہم ہے اوربلاتاخیر انجام دیا جاتا ہے ۔ عام لوگوں کے لئے اس لائن میں بس ایک ہی چیز مُفت اور جلدملنے کی توقع ہوتی ہے اور وہ ہے دھکّے۔۔۔!٭٭٭


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں