انسانوں کے بغیر دنیا-1

اگر زمین سے سب انسان غائب ہوجائیں تو دنیا کیسی ہوگی؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

آج تک ہم پڑھتے ، سنتے آئے ہیں کہ ڈائنو سار اور ایسے ہی کچھ دیگر عظیم الجثہ جانور اس دنیا میں تھے لیکن پھر وہ غائب ہوگئے۔ ایسے میں کبھی آپ نے سوچا کہ کبھی اچانک انسان بھی اس دنیا سے اچانک غائب ہوسکتے ہیں ؟

اگر کبھی زمین پر موجود تمام انسان اچانک غائب ہوجائیں ، جی ہاں ! تمام کے تمام انسان ۔ ایسے میں اس دنیا میں کیا ہوگا؟ ذرا سوچیں ! آپ صحیح معنوں میں انسانوں کے بغیر دنیا کا تصور کرسکتے ہیں ۔ چلیے ! ہم آپ کو ایسی دنیا کا تصور کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

سب سے پہلے دنیا کو روشن کرنے والی تمام برقی بتیاں بجھ جائیں گی۔ دن میں تو یہ ساری دنیا سورج کی وجہ سے روشن ہوگی لیکن شام ڈھلتے ہیں ہر طرف ایسا اندھیرا چھا جائے گا کہ ہاتھ کو ہاتھ سجھائی نہیں دے گا۔ اس کے ساتھ ہی سیکڑوں برسوں میں تعمیر کی گئی ہماری یہ بلند و بالا دنیا آہستہ آہستہ تباہی کی طرف بڑھنا شروع ہوجائے گی۔

امریکی شہر نیویارک کا سب وے اسٹیشن انسانوں کے خاتمے کے بعد صرف دو ( 2 ) دن قائم رہے گا ، اس کے بعد یہ پانی میں ڈوب جائے گا۔

انسانوں کے قائم کئے گئے ایٹمی اور جوہری بجلی گھروں کو ٹھنڈا رکھنے والے جنریٹرز بند ہوجائیں گے جس کے بعد تمام بجلی گھروں میں آگ بھڑک اٹھے گی اور آہستہ آہستہ یہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔

تپش اور تابکاری کا یہ طوفان کم از کم چند ہزار سال تک زمین کو اپنے گھیرے میں لئے رہے گا جس کے بعد آہستہ آہستہ زمین سرد ہونا شروع ہو جائےگی۔

اس دوران گھر اور عمارتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجائیں گی۔ آہستہ آہستہ ان پر خود رو پودے اور بیلیں اُگ آئیں گی۔
پھل اور پھول اپنی پہلے والی جنگلی ساخت پر واپس آجائیں گے جنہیں انسان مصنوعی طریقوں سے مزیدار اور خوش رنگ بنا چکے ہیں۔

انسانوں کے ختم ہوتے ہی جنگلی حیات کی آبادی میں اضافہ ہونا شروع ہوجائے گا۔

ہمارے خاتمے کے 300 سال بعد بڑے بڑے پل ٹوٹ جائیں گے۔
سمندر کے کنارے آباد شہر ڈوب کر سمندر ہی کا حصہ بن جائیں گے۔

بڑے بڑے شہروں میں درخت اُگ آئیں گے اور صرف500 سال بعد ہمارے بنائے ہوئے شہروں کی جگہ جنگل موجود ہوں گے۔
صرف ایک لاکھ سال کے بعد زمین کا درجہ حرارت اس سطح پر آجائے گا جو انسانوں سے قبل ہوا کرتا تھا۔ نہ تو اس میں زہریلی گیسیں شامل ہوں گی اور نہ ہی گاڑیوں اور فیکٹریوں کا آلودہ دھواں۔

گویا ہماری زمین ہمارے ختم ہوجانے کے بعد بھی قائم رہے گی، یعنی زمین کو انسانوں کی کوئی ضروت نہیں البتہ ہمیں زمین کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ہمارے پاس اس کے علاوہ رہنے کیلئے کوئی اور گھر موجود نہیں ہے اس لئے اس کی حفاظت کریں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں