عبیداعوان………..
ہمارے ہاں بعض ایسے لوگ بھی موجود ہیں کہ جنھیں بتایا جائے کہ آپ ایک لاکھ ڈالرمفت میں حاصل کرسکتے ہیں تو وہ اسے مذاق سمجھیں گے اور آپ کی طرف دیکھ کر ہنسیں گے اور پھر آگے کی طرف چل پڑیں گے. وہ اس قدر مایوس لوگ ہوتے ہیں کہ انھیں اپنے آپ پر ذرہ برابر اعتماد نہیں ہوتا کہ وہ کوئی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں یا انعام جیت سکتے ہیں. یقینا آپ ان لوگوں میں سے نہیں ہیں، اس لئے آپ توایک لاکھ ڈالر انعام جیت سکتے ہیں یعنی ایک کروڑ 39لاکھ89 ہزار روپے.
ایک لاکھ ڈالرز جیتنے کے لئے پہلے یہ بتائیں کہ آپ اپنے سمارٹ فون سے کتنی دور تک دور رہ سکتے ہیں؟ ایک دن، دو دن یا اس سے زیادہ؟ اگر آپ ایک سال تک سمارٹ فون استعمال نہ کریں تو آپ ایک لاکھ ڈالر حاصل کرسکتے ہیں. ہے اتنی ہمت؟
کوکاکولا کے ایک کمپنی Vitaminwater نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک سال تک سمارٹ فون سے دور رہنے والوں کو ایک لاکھ ڈالرز انعام دے گی. یہ کوئی مذاق نہیں بلکہ حقیقت اور سنجیدہ اعلان ہے. اس کی تفصیلات آپ کمپنی کی ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں. اس چیلنج میں حصہ لینے کے لئے آپ کو صرف ایک چھوٹا سا کام کرنا ہوگا کہ ٹوئٹر یا انسٹاگرام پر آپ کو بتانا ہوگا کہ آپ سمارٹ فون سے کیوں دور رہنا چاہتے ہیں؟ جب آپ سمارٹ فون کو چھوڑ دیں گے تو کیسے وقت گزاریں گے؟ یادرہے کہ آپ کو ان سوالات کے جوابات ہیش ٹیگ #nophoneforayear اور #contest پر بتانا ہوں گے.
کمپنی کا کہنا ہے کہ آپ نے 365 دن تک نہ صرف اپنا سمارٹ فون استعمال نہیں کرنا بلکہ کسی کے سمارٹ فون کو استعمال کرنے کی کوشش بھی نہیں کرنی. اگر رات کو بیڈ پر لیٹے ہوئے سمارٹ فون کی یادستائے تو آپ نے Vitaminwater کو یاد کرنا ہے. ہاں! آپ لوگوں سے رابطے کے لئے سادہ موبائل استعمال کرسکتے ہیں. اسی طرح ٹیبلٹ ، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے.
اب آپ سوچیں کہ کیا آپ ایک لاکھ ڈالر یعنی ایک کروڑ 39لاکھ89 ہزار روپے حاصل کرنے کے لئے ایک سال تک سمارٹ فون کے بغیر زندگی گزارسکتے ہیں؟ اگر آپ یہ چیلنج پورا کرلیں تو ایک سال بعد ایک کروڑ 39لاکھ89 ہزار روپے سے نجانے کتنے منصوبے مکمل کرلیں گے، اس لئے میدان میں اتریے اور قبول کیجئے یہ چیلنج.