رجب طیب اردوان

ترکیہ عام انتخابات 2023: صدر طیب اردوان کو پارلیمان میں واضح اکثریت مل گئی

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

ترک صدر رجب طیب اردوان صدارتی انتخاب 2023 میں تادم تحریر 50 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے تاہم پارلیمانی انتخابات میں اردوان کی پارٹی اور اتحادیوں نے 322 سیٹیں حاصل کرلی ہیں، اپوزیشن لیڈر کمال اوغلو کی پارٹی اور اتحادیوں کو ملی ہیں 213 سیٹیں۔

پارلیمانی انتخابات میں طیب اردوان کی قیادت میں ’پیپلزالائنس‘ نے تادم تحریر322نشستیں حاصل کیں۔ ان میں اے کے پارٹی 266، ملی حرکت پارٹی 50، جبکہ نیو رفاہ 5 نشستوں کے ساتھ پارلیمان میں پہنچی۔ یاد رہے کہ نیو رفاہ پارٹی سابق وزیر اعظم نجم الدین اربکان کے بیٹے فاتح اربکان نے قائم کی ہے۔ نیو رفاہ نے مجموعی طور پر 15 لاکھ ووٹ حاصل کیے ہیں، اس طرح اسے پارلیمان میں 5 نشستیں ملی ہیں۔

دوسری طرف کمال اوغلو کی قیادت میں ’نیشن الائنس‘ نے 213نشستیں حاصل کیں جن میں ری پبلیکن پیپلزپارٹی کی 169نشستیں اور گُڈ پارٹی کی 44نشستیں ہیں۔
ترکیہ کے صدارتی و پارلیمانی انتخابات 2023 میں ایک دلچسپ پہلو یہ بھی دیکھنے کو ملا ہے کہ ترکیہ کے بعض علاقوں میں صدارتی انتخاب میں صدر اردوان کے حق میں لوگوں نے کم ووٹ کاسٹ کیے البتہ پارلیمانی انتخابات میں ووٹ ان کی پارٹی ہی کو دیا ہے۔

مثلا استنبول سے صدر اردوان کو صدارتی انتخاب میں کم ووٹ ملے جبکہ کمال اوغلو کو زیادہ۔ البتہ پارلیمانی انتخابات میں صدر اردوان کی پارٹی کو زیادہ ووٹ پڑے، کمال اوغلو کی پارٹی کو کم ووٹ ملے۔

واضح رہے کہ اس خبر میں دیے گئے اعدادوشمار اب تک کے گنے گئے ووٹوں کی بنیاد پر پیش کیے گئے ہیں۔جب یہ خبر شائع کی جارہی ہے، مجموعی طور پر 99 اعشاریہ 87 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے۔ جیسے ہی گنتی مکمل ہوگی، یہ خبر اپ ڈیٹ کی جائے گی۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں