صوبے میں فارورڈ بلاک بنانے کے لئے گورنر سندھ متحرک

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

سندھ میں حکومت کی تبدیلی یا گورنر راج سے متعلق افواہیں گردش میں ہی تھیں کہ صوبے کے گورنر عمران اسمٰعیل بھی فارورڈ بلاک بنانے میں متحرک ہوگئے۔

سندھ کے علاقے گھوٹکی کے راجہ پیلس پر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے مہر برادران سمیت مختلف مکتبہ فکر، سماجی کارکنان اور تاجر برادری کے لوگوں سے ملاقات کی۔

اس دوران گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ملک میں احتساب کا عمل جاری ہے اور احتساب سب کے ساتھ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گھوٹکی کا سندھ کی آمدن میں ایک بڑا حصہ ہے لیکن اس کچھ نہیں دیا گیا، یہاں جامعات، کالجز اور ہسپتال ہونے چاہیے تھے۔

اس موقع پر سماجی کارکن شائستہ کھوسو نے گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ اس علاقے کی خواتین بہت ہنر مند ہیں، ان کے لیے بھی کچھ منصوبے لائے جائیں۔

عمران اسمٰعیل نے سماجی کارکن کو یقین دہانی کروائی کہ پہلے اس علاقے بنیادی مسائل کو دیکھا جائے گا جس کے بعد اس علاقے کی خواتین کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر سردار علی گوہر خان مہر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور صدر ڈاکٹر عارف علوی بھی دعوت پر گھوٹکی آئینگے۔ علاقے کے مسائل پر بات کرتے ہوئے سردار علی گوہر خان مہر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ اس علاقے کے پاس ساڑھے 10 ارب روپے کی رائلٹی ہے، لیکن صوبائی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو ریلیف نہیں دیا جارہا، ان کا مزید کہنا تھا کہ اس علاقے میں صحت اور تعلیم کی سہولیات موجود نہیں ہیں، 18ویں ترمیم سے عوام کو فائدہ نہیں پہنچ رہا۔

ملاقات کے دوران موجود تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے بھی جعلی اکاؤنٹس کیس میں وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کے بعد ان سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ اب اخلاقی طور پر مراد علی شاہ کو وزارتِ اعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، سندھ اسمبلی میں تبدیلی کے لیے سارے آئینی آپشنز استعمال کیے جائیں گے اور یہ تبدیلی جلد نظر آئے گی۔ حلیم عادل شیخ نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے ممبران کے رابطوں میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے، قوم کو بہت جلد بڑی خوشخبری ملے گی۔

سردار علی گوہر خان مہر نے کہا کہ لڑائی جھگڑے اشوز پر ہے باقی پارٹی کے دوستوں سے رابطے جاری ہیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں