ترکیہ-کے-تجارتی-وفد-کا-دورہ-قطر

ترکیہ کے تجارتی وفد کا اہم دورہ قطر: مختلف شعبوں میں مشترکہ کام پر اتفاق

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

ترکیہ کی مسلم ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات پہ توجہ بڑھ رہی ہے۔ اس سلسلہ میں حال ہی میں ایک نئی پیش رفت دیکھنے کو ملی جس کے مطابق ترکیہ کی 5 مختلف شعبہ جات کی متعدد کمپنیوں کے 25 رکنی وفد نے قطر کا 5 روزہ دورہ کیا ہے، جس کے دوران قطر میں ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے پر غور کیا گیا۔

وفد نے 5 روزہ دورے کے دوران قطری عہدے داروں اور کمپنیوں کے مالکان کے ساتھ نہ صرف باہمی دلچسپی کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی بلکہ مشترکہ سرمایہ کاری کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دورے کے دوران ٹیکنالوجی کے ذریعے قطری کلچر کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کے منصوبے پر کام کرنے پہ بھی اتفاق ہوا، اور مختلف ترک کمپنیوں نے منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

دورے کے دوران وفد کو قطر خصوصاً دارالحکومت دوحہ کا شہری دورہ بھی کروایا گیا جس میں ترک مہمانوں نے قطر کی مقامی تہذیب کی خوبصورتی کو سراہا جبکہ اس دوران وہ قطری کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔

اس موقع پر ترک وفد نے قطر کے فری ٹریڈ زون اور مالیاتی اداروں کا دورہ بھی کیا۔ دورے کے دوران وفد نے رواد اینٹرپرینیورشپ کانفرنس 2023 کا دورہ بھی کیا اور کانفرنس کے شرکاء کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔

وفد کے شرکاء کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران انہیں قطر کی معیشت کے ساتھ ساتھ سماج کو سمجھنے میں بھی مدد ملی، انہیں امید ہے کہ اس دورے کے انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ جس سے نہ صرف دونوں ممالک کی تجارت میں اضافہ ہو گا بلکہ ثقافتی تعلقات میں بھی مزید بہتری آئے گی۔

اس موقع پر جامعہ میدنیات، استنبول کے ٹیکنالوجی پارک اور وفد کے سربراہ علی رمضان کا کہنا تھا کہ وہ دورے کے نتائج سے مطمئن ہیں، اور مستقبل قریب میں ترکی اور قطر کو مزید قریب آتا دیکھ رہے ہیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں