جویریہ-خانم-اور-سمیر-خان

پاکستانی لڑکی منگیتر کے پاس بھارت جا پہنچی، جنوری میں شادی ہوگی

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

کراچی سے تعلق رکھنے والی جویریہ خانم اپنے بھارتی منگیتر سے شادی کرنے کیلئے کولکتہ پہنچ گئیں۔

انڈین چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق جویریہ خانم منگل کو لاہور کے واہگہ بارڈر کے ذریعہ بھارت میں داخل ہوئیں جہاں اُن کے ہونے والے شوہر سمیر خان اور خاندان کے دیگر افراد نے خوب پرجوش انداز میں ڈھول بجا کر اُن کا استقبال کیا۔

جویریہ خانم اور سمیر خان کی شادی آنے والے سال جنوری کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔

جویریہ خانم، تصویر: سمیرخان ایکس اکاؤنٹ

اس سے قبل جویریہ نے دو مرتبہ انڈیا آنے کی کوشش کی تھی لیکن کورونا وائرس کی وبا کے دوران میں عائد پابندیوں کے سبب اُن کی ویزا کی درخواست مسترد ہوگئی تھی۔

بھارتی سرزمین پر قدم رکھنے کے بعد پاکستانی خاتون کا صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا

’مجھے 45 دن کا ویزا دیا گیا ہے، مجھے یہاں آ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ صرف میری آمد پر ہی مجھے اتنا پیار مِل رہا ہے۔‘ انہوں نے تصدیق کی کہ اُن کی سمیر خان کے ساتھ شادی اگلے سال جنوری کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔

جویریہ خانم اور سمیر خان۔۔۔ تصویر: سمیر خان ایکس اکاؤنٹ

ماضی میں دو بار مسلسل ویزا درخواستیں مسترد ہونے پر جویریہ خانم کا کہنا تھا کہ ’امید ہے میرے لیے یہ ایک نئی زندگی کا اچھا آغاز ثابت ہوگا۔

’میرے گھر (پاکستان میں) سب بہت خوش ہیں اور مجھے یقین نہیں آ رہا کہ مجھے پانچ سال بعد انڈیا کا ویزا مِل گیا ہے‘۔‘

اپنی شادی کے حوالے سے سمیر خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جویریہ خانم کی تصویر پہلی مرتبہ اپنی والدہ کے فون میں دیکھی تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ سب مئی 2018 میں شروع ہوا تھا جب میں جرمنی میں زیرِ تعلیم تھا، تب ہی میں نے جویریہ کی تصویر اپنی والدہ کے فون میں دیکھی تھی اور اُن میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ میں نے اپنی والدہ سے کہا تھا کہ میں جویریہ سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔‘

سمیر خان اور جویریہ خانم

سمیر خان کا کہنا تھا کہ ’میری والدہ بہت خوش ہیں کہ ہم جنوری میں شادی کر رہے ہیں۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ اُن کی شادی میں شرکت کے لیے اُن کے دوست جرمنی، اسپین، امریکا اور دیگر ممالک سے بھارت پہنچیں گے۔

جویریہ خانم کے ویزہ کے لیے دونوں منگیتروں نے سماجی رابطے کا پلیٹ فارم ایکس بھی استعمال کیا۔ دونوں نے سات نومبر دوہزار تئیس کو بیک وقت ایکس پر اکاؤنٹ بنائے اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر حکام کو مینشن کرکے درخواستیں کرنے لگے۔ سمیر خان ایکس پر پوسٹ لگاتا، جویریہ خانم ان پوسٹس کو ری پوسٹ کرتیں۔

اس سے پہلے سمیر خان بھارتی اخبار میں ایک نیوز رپورٹ بھی شائع کروا چکے تھے تاکہ بھارتی حکومت کی نظر میں یہ معاملہ آسکے۔ ایکس اکاؤنٹ پر بھارتی اخبار میں شائع شدہ نیوز رپورٹ کے تراشے بھی لگائے۔

یوں بالآخر ان کی کوشش کامیابی سے ہم کنار ہوئی، ویزہ ملا اور جویریہ خانم واہگہ کے راستے بھارت میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں