پاکستان نے خلائی تحقیق کی دنیا میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ پاکستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی چین کے انسان بردار خلائی مشن شینژو 24 کے ذریعے زمین سے تقریباً 420 کلومیٹر بلندی پر موجود تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچ گئے ہیں۔ وہ چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز اور خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی شہری بن گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ دو چینی خلا باز بھی مشن کا حصہ ہیں۔
شینژو 24 خلائی جہاز 25 نومبر 2026 کو بیجنگ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر لانگ مارچ 2-ایف راکٹ کے ذریعے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوا۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ روانگی صبح 5 بج کر 18 منٹ پر ہوئی۔ تقریباً 3 گھنٹے 38 منٹ کے سفر کے بعد خلائی جہاز بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 56 منٹ پر تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے مرکزی حصے تیانہے سے کامیابی کے ساتھ منسلک ہوگیا۔ پاکستان میں اس وقت صبح 8 بج کر 56 منٹ تھے۔
خلائی جہاز نے اس سفر کے لیے تیز رفتار خودکار مداری نظام استعمال کیا، جس کے ذریعے وہ زمین کے نچلے مدار میں موجود خلائی اسٹیشن تک پہنچا۔ تیانگونگ خلائی اسٹیشن سطح زمین سے تقریباً 400 سے 420 کلومیٹر کی بلندی پر گردش کر رہا ہے۔
مدار میں چین اور پاکستان کے پرچم، خلا بازوں کا پرتپاک استقبال
چینی خلائی اسٹیشن کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام کے مطابق شینژو 24 مشن کا عملہ، جس میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی اور چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی شامل ہیں، کامیابی سے خلائی اسٹیشن پہنچ گیا ہے۔
اسٹیشن پر پہلے سے موجود شینژو 23 مشن کے خلا بازوں نے نئے آنے والے ساتھیوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر چین اور پاکستان کے قومی پرچم بھی نمایاں کیے گئے۔
چینی خلائی اسٹیشن کے پیغام میں اس پیش رفت کو مدار میں ایک تاریخی اجتماع قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی گئی کہ یہ کامیابی بین الاقوامی خلائی تعاون کے ایک نئے دور کی بنیاد بنے گی۔
یہ محض ایک خلائی سفر نہیں بلکہ پاکستان اور چین کے سائنسی، تکنیکی اور تحقیقی تعلقات میں ایک نئی پیش رفت ہے۔ پاکستان پہلی مرتبہ اپنے کسی خلا باز کو چین کے انسان بردار خلائی مشن میں شامل کرنے میں کامیاب ہوا ہے، جبکہ محمد ذیشان علی تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں۔
پاکستان اور چین کا خلائی تعاون کیسے ممکن ہوا؟
پاکستانی قومی خلائی ادارے سپارکو اور چین کی انسان بردار خلائی ایجنسی کے درمیان فروری 2025 میں تعاون کا معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت پاکستانی خلا بازوں کو چین میں خصوصی تربیت دینے اور ان میں سے ایک کو چین کے انسان بردار خلائی مشن میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس سلسلے میں اپریل 2026 میں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو تربیت کے لیے منتخب کیا گیا۔ دونوں امیدواروں نے انتخاب کے مختلف مراحل اور سخت تربیتی عمل سے گزرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں محمد ذیشان علی کو شینژو 24 مشن کے لیے نامزد کیا گیا، جبکہ خرم داؤد کو متبادل خلا باز مقرر کیا گیا۔
کون ہیں محمد ذیشان علی؟
محمد ذیشان علی پاکستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر اور سابق فوجی پائلٹ ہیں۔ 40 سالہ ذیشان علی نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا بڑا حصہ پاک فضائیہ میں خدمات انجام دیتے ہوئے گزارا، تاہم خلا میں جانے کا خواب پورا کرنے کے لیے انہیں ایک انتہائی مشکل انتخابی عمل اور سخت تربیت سے گزرنا پڑا۔
سپارکو اور چین کے خلائی ادارے نے مشترکہ پروگرام کے تحت امیدواروں کی جانچ کے لیے متعدد مراحل مقرر کیے تھے۔ ان میں طبی معائنہ، ذہنی صلاحیت، جسمانی برداشت اور خلائی سفر کے دوران شدید دباؤ برداشت کرنے کی اہلیت کا جائزہ شامل تھا۔
تین مراحل پر مشتمل انتخابی عمل کے بعد ذیشان علی اور خرم داؤد کو چین میں خصوصی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا۔ بعد ازاں ذیشان علی نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر مرکزی مشن میں جگہ بنائی۔
سات ماہ کی سخت تربیت، چینی زبان بھی سیکھی
خلا میں جانے سے پہلے محمد ذیشان علی نے چین کے خلا باز تربیتی مرکز میں تقریباً سات ماہ تک خصوصی تربیت حاصل کی۔
اس دوران انہیں خلائی جہاز کے مختلف نظاموں، خلائی اسٹیشن کے طریقہ کار، ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بے وزنی کی کیفیت میں کام کرنے کی مشق کرائی گئی۔ تربیت کا ایک اہم حصہ چینی زبان سیکھنا بھی تھا۔
انہیں چینی زبان میں خلائی جہاز کے احکامات، تکنیکی اصطلاحات اور ہنگامی ہدایات سمجھنے اور ان کا جواب دینے کی تربیت دی گئی تاکہ خلائی سفر کے دوران چینی ساتھیوں کے ساتھ رابطے میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
ذیشان علی نے چینی خلا بازوں کے ساتھ مشترکہ مشقوں میں بھی حصہ لیا اور چینی زبان میں گفتگو کرکے اپنی تیاری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے تربیتی عمل کے دوران تعاون پر چینی حکومت اور تربیتی مرکز کے اساتذہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلا باز کیا کریں گے؟
محمد ذیشان علی تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے۔ اس دوران ان کی بنیادی ذمہ داری مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لینا اور پاکستانی جامعات کے تیار کردہ تحقیقی نمونوں اور آلات پر کام کرنا ہوگی۔
اس مقصد کے لیے پاکستانی جامعات کی جانب سے خلائی تحقیق سے متعلق 300 سے زائد تجاویز سپارکو کو پیش کی گئی تھیں، جن میں سے چار حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے تجربات منتخب کیے گئے۔
ان تحقیقات کا تعلق غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور خلائی ماحول میں حیاتیاتی نظام کے رویوں سے ہے۔ ان میں ضیائی تالیف کرنے والے خردبینی جانداروں پر تحقیق بھی شامل ہے، جس سے سائنس دانوں کو یہ سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے کہ بے وزنی اور خلائی ماحول میں حیاتیاتی نظام کس طرح کام کرتے ہیں۔
شینژو 24 مشن کے مجموعی سائنسی پروگرام میں 90 سے زائد سائنسی تجربات اور تکنیکی آزمائشیں شامل ہیں۔ ان کا تعلق خلائی حیاتیات، مادی سائنس، خلائی طب اور دیگر اہم تحقیقی شعبوں سے ہے۔ پاکستانی خلا باز ان مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ محمد ذیشان علی اس مشن میں خلائی جہاز کے پائلٹ یا کمانڈر کی حیثیت سے شامل نہیں ہیں بلکہ ان کی بنیادی ذمہ داری سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لینا ہے۔
ایک ہفتے بعد زمین پر واپسی
مشن کے طے شدہ منصوبے کے مطابق محمد ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ خلائی اسٹیشن پر قیام کے بعد شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
دوسری جانب چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی خلائی اسٹیشن پر اپنے فرائض جاری رکھیں گے اور مزید تقریباً چھ ماہ وہاں قیام کریں گے۔
محمد ذیشان علی کی یہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس سے نہ صرف پاکستانی جامعات کے تحقیقی کام کو بین الاقوامی خلائی تجربات سے جوڑنے کا موقع ملے گا بلکہ مستقبل میں خلائی تحقیق، سائنسی تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے تعاون کے نئے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔









